Vinkmag ad

سیانے کوّے

کوّے کا شمار ان پرندوں میں ہوتا ہے جو اپنی ذہانت کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ اسی لئے انہیں سیانے کوّے بھی کہا جاسکتا ہے۔ ان کی اس صلاحیت کو بیان کرنے کے لئے کچھ کہانیاں بھی لکھی گئیں جن میں سے ایک ’’پیاسا کوّا‘‘ ہے۔ شاید ہی کوئی شخص ایسا ہو جس نے یہ کہانی نہ سنی یا پڑھی ہو۔

کووّں سے متعلق عام تصورات

کووّں سے متعلق عجیب و غریب تصورات پائے جاتے ہیں۔ مثلاً بعض لوگوں کا خیال ہے کہ منڈیر پر بیٹھ کر ان کا کائیں کائیں کرنا مہمانوں کی آمد کی نشانی ہے۔ اسی طرح انہیں بری قسمت یا خبر سے بھی منسلک کیا جاتا ہے۔ ایسی ہی کچھ بنیادوں پر کوّوں کے گروپ کو’’ قتل(murder)‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اس کی اور بھی وجوہات ہوسکتی ہیں تاہم جو بیان کی جاتی ہیں ان میں سے زیادہ تر توہمات پر مبنی ہیں۔ مثلاً ایک خیال ہے کہ یہ موت کی پیش گوئی کرتے ہیں کیونکہ یہ زیادہ تر قبرستانوں میں یا مری ہوئی چیزوں کے قریب ہوتے ہیں۔ اسی طرح کوئی جانور یا انسان فوت ہونے والا ہو تو اس جگہ اکٹھے ہو کر گول دائرے کی شکل میں گھومتے ہیں۔

کووّں کی زندگی

٭کووّں کی تقریباً 40 قسمیں ہیں۔ ہر قسم کا سائز مختلف ہوتا ہے جو 17 سے27 انچ ہوسکتا ہے۔ ان کی چونچ کی ساخت اور دیگر کچھ خصوصیات بھی مختلف ہوتی ہیں۔ یہ جہاں پیدا ہوتے ہیں عموماً ساری زندگی اسی جگہ یا اس کے قریب رہتے ہیں۔

٭ان کا جوڑا زمین سے 15 سے 60 فٹ اونچا گھونسلہ بناتا ہے۔ مادہ ایک وقت میں چار سے پانچ انڈے دیتی ہے جنہیں سینے کی ذمہ داری بھی اسی پر ہوتی ہے۔ جب 18 دن بعد انڈوں سے بچے نکلتے ہیں تو ماں‘ باپ دونوں ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔

کووں کے انڈے-شفانیوز

٭ان کی زندگی کا دورانیہ کتنا ہے، اس کا انحصار ان کی قسم، خوراک کی دستیابی اور شکار کرنے کی صلاحیت پر ہے۔ نیویارک کے ایک علاقے (Bearsville) میں’’ ٹاٹا‘‘ نامی کوّے کی عمر 59 سال بتائی جاتی ہے۔ اس کے بعد وہ مرگیا۔ اسی طرح شمالی امریکہ کے چڑیا گھر کے سب سے پرانے کوّے کی عمر 26 سال تھی۔

٭پرندوں میں طوطے کے علاوہ کوّے کا دماغ سائز میں سب سے بڑا ہے۔

٭ان کی یادداشت تیز ہوتی ہے۔ بعض اوقات یہ عارضی طور پر اپنا کھانا وہاں چھپا دیتے ہیں جہاں دوسرے پرندے کی رسائی نہ ہو۔ پھر ضرورت پڑنے پر اسے استعمال کرتے ہیں۔

٭ان کی کچھ اقسام اکیلے جبکہ کچھ گروپ میں رہنا پسند کرتی ہیں۔ اگر کسی ایک کی موت ہو جائے تو باقی اس کے گرد جمع ہو کر جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ شکاری کون ہے۔ پھر اس کا پیچھا بھی کرتے ہیں۔ اس سے انہیں یہ بھی معلوم ہوجاتا ہے کہ کون سی جگہ ان کے لئے محفوظ ہے۔

٭یہ ہر قسم کی خوراک کھاتے ہیں۔ ان میں چھوٹے میملز، خشکی اور پانی میں رہنے والے جانور، رینگنے والے جانور، انڈے، کیڑے مکوڑے، پھل، بیج اور دوسرے پرندے شامل ہیں۔

دلچسپ حقائق

٭جاپان میں کچھ کوّے میوہ جات کے خول کو توڑنے کے لئے انہیں اونچائی سے خالی روڈ پر یا پھر ٹریفک والی جگہ پھینک دیتے ہیں۔ پھر جب ان پر سے گاڑیاں گزرتی ہیں اور وہ کھل جاتے ہیں تو انہیں اٹھا لیتے ہیں۔

٭جاپان میں بعض کوّے لوہے کے ہینگروں کو استعمال کرتے ہوئے بجلی کی تاروں کے اوپر اپنا گھونسلہ بناتے ہیں۔

کووں کا گھونسلہ-شفانیوز

٭کوّے کیڑے مکوڑوں، حشرات یا پروں کی جوؤں سے بچنے یانپٹنے کے لئے چیونٹوں کا استعمال کرتے ہیں۔ وہ ان کے بلوں کے اوپر کھڑے ہوجاتے ہیں۔ پھر جب وہ ان پر آتی ہیں تو انہیں پروں اور جسم پر گڑتے ہیں۔ ایسے چونٹیوں سے ایک کیمیائی مادہ خارج ہوتا ہے جوکوّوں کے لئے کیڑے مار دوا کا کام کرتا ہے۔

٭انہیں اپنے دشمنوں یا شکاریوں سے نپٹنا ہو تو گروپ کی شکل میںاکٹھے ہوکران پر حملہ کرتے ہیں۔

٭قرآن پاک کے مطابق انسانوں نے مردے کو دفنانے کا عمل کوّے سے ہی سیکھا ہے۔ اس کے مطابق جب پہلا انسان قتل ہوا اور قاتل کو سمجھ نہیں آئی کہ مقتول کا کیا کرنا ہے تو اس کے سامنے ایک کوّا آیا۔ اس نے زمین کھود کر مردہ کوّے کو اس میں رکھا اور اوپر مٹی ڈال دی۔

٭یہ دشمنوں کو پہچاننے کے بعد خود بھی انہیں یاد رکھتے ہیں اور ساتھیوں کو بھی سکھاتے ہیں کہ ان کی پہچان کیسے کرنی ہے۔ اسی سلسلے میں واشنگٹن یونیورسٹی کی ٹیم نے ایک تجربہ کیا۔ انہوں نے ایک مخصوص ماسک پہن کر سات سے آٹھ کوّوں کو پکڑا اور کچھ دیر رکھنے کے بعد آزاد کر دیا۔ پھر جب وہ دوبارہ اسی ماسک کے ساتھ گئے تو وہاں موجود کوّوں نے شور مچانا شروع کر دیا۔ ساتھ ہی اپنے پروں اور دم کو بھی حرکت دینے لگے۔ کئی سال گزرنے کے بعد بھی وہاں موجود آدھے سے زیادہ کوّے انہیں دیکھتے ہی یہ عمل دہرانے لگے۔

interesting facts about crows, crow facts, amazing facts about crows, crow life, myths related to crows, shifa news, health, interesting facts, kaway k baray mai dilchasp maloomat

Vinkmag ad

Read Previous

کیا والدین کی بدسلوکی سے بچوں کی نفسیاتی صحت متاثر ہوتی ہے؟

Read Next

بچوں کی ٹوائلٹ ٹریننگ

Leave a Reply

Most Popular