Vinkmag ad

بچوں کی ٹوائلٹ ٹریننگ

بچوں کو کم عمری میں ٹوائلٹ ٹریننگ دینا بہت مشکل کام ہے۔ تاہم ایک مرتبہ بچے کو یہ تربیت دے دی جائے تو ماؤں کی اپنی زندگی آسان ہو جاتی ہے‘ اس لئے کہ بچہ اس سلسلے میں دوسروں پر انحصار کرنا کم کر دیتا ہے۔

ٹوائلٹ ٹریننگ کب دیں

اس کے لئے عمر کی کوئی خاص حد تو نہیں لیکن عموماً یہ 18 ماہ سے لے کرتین سال کی عمر تک شروع کی جاتی ہے۔ مزیدبرآں جب مائیں اپنے بچوں میں زیرنظر باتیں دیکھیں تو انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ اب بچے کو اس کی تربیت کی ضرورت ہے:

٭عام طور پر دوسال سے اوپر کے بچے دن میں ایک یا دو بار مخصوص وقت پر پاخانہ کرتے ہیں۔ ماؤں کو تب سمجھ جانا چاہیے کہ اب بچے کو تربیت دی جا سکتی ہے۔

٭جب بچہ اپنے ڈائپر کے گیلے پن پر تنگی ظاہر کرے اور اسے خود کھینچ کر اتارنے کی کوشش کرے تو یہ بھی ایک علامت ہے کہ بچہ سمجھ دار ہو گیا ہے اور خشک رہنا چاہتا ہے۔

٭جب وہ پالتی مار کر بیٹھے اور رفع حاجت کے لئے زور لگائے۔

٭جب بچہ گھر والوں کی باتوں اور اشاروں کو سمجھنے لگے تو اسے ٹوائلٹ ٹریننگ دینا شروع کردیں۔

٭بچہ اپنی پینٹ یا پاجامہ آسانی سے اُتارنے کے قابل ہو جائے تو یہ اشارہ ہے کہ بچہ یہ تربیت حاصل کرنے کا اہل ہو گیا ہے۔

ٹوائلٹ ٹریننگ-شفانیوز

ٹوائلٹ ٹریننگ کیسے دیں

٭بچے کو پاٹ پر دن میں دویا تین بار بغیر حاجت کے اور رفع حاجت کے وقت خود بٹھائیں۔ اس طرح کرنے سے وہ اپنی جگہ کے علاوہ کہیں اور پاخانہ نہیں کرے گا۔

٭بچہ کسی وجہ سے پاٹ پر نہ بیٹھنا چاہے تو اس کے لئے زبردستی نہ کریں۔

٭بچے کی ٹریننگ نارمل موسم میں شروع ہو تاکہ اُسے زیادہ ٹھنڈ اور گرمی کا احساس نہ ہو۔

٭بچے کو جب بھی پاٹ پر بٹھائیں تو اس کے پاس رہیں۔

٭شروع شروع میں پاخانے کا وقت نوٹ کرلیں اور پاٹ کو خود بچے کے پاس لے جائیں۔ اس سے یہ ہوگا کہ اسے اس بات کی سمجھ آ جائے گی کہ جب بھی اسے پاخانہ آئے گا‘ اسے اسی پر بیٹھنا ہو گا۔ آہستہ آہستہ وہ خودپاٹ کوڈھونڈ نے کی کو شش کرے گا۔

دیگر ہدایات

بچے کی ٹوائلٹ ٹریننگ کا آغاز آہستہ آہستہ کر یں تاکہ وہ اپنے اوپر کوئی دباؤ محسوس کئے بغیر آپ کی بات سمجھ جائے۔ اسے یہ احساس بھی ہو کہ اس سے یہ کیوں کرایا جا رہا ہے۔

٭بچے کو اپنے ساتھ بازار لے جائیں اور اس کے لئے پاٹ خریدیں۔ اِس سے اُسے خوشی ہوگی کہ اس کے لئے کوئی چیز خریدی جارہی ہے اور گھر آکر وہ اس کی طرف متوجہ بھی ہوگا۔

٭ٹوائلٹ ٹریننگ کے دوران بچے کو زیادہ پیار اور محبت دیں اور اس کا حوصلہ بڑھائیں۔

٭اسے ایسا پاجامہ پہنائیں جسے وہ باآسانی اتار سکے۔

٭اگر بچہ پاٹ تک پہنچنے سے پہلے ہی پاجامے میں پاخانہ کر دے تو اسے اسی وقت تنبیہ کریں کہ اگلی بار وہ ایسا نہ کرے۔

٭جب بچہ پاٹ پر بیٹھنے کاعادی ہو جائے تو کچھ عرصے بعد اس کے لئے باتھ روم میں چھوٹے سائز کے کموڈ کا بندوبست کریں اور اسے اس پربیٹھنے کی عادت ڈالیں۔

٭رفع حاجت کے بعد اسے صاف کریں اور صابن سے اس کے ہاتھ دھلائیں تاکہ وہ اسے بھی تربیت کا حصہ سمجھے۔

toilet training, kids toilet training, health, shifa news, how to give toilet training, bachay ko washroom ki training kab aur kaisay dain

Vinkmag ad

Read Previous

سیانے کوّے

Read Next

ڈینگی سے کیسے بچیں

Leave a Reply

Most Popular