Vinkmag ad

پیٹ کی گُڑ گُڑ کو کیسے ختم کریں

پیٹ کی گُڑ گُڑ کو کیسے ختم کریں

کبھی کبھی اکیلے ، دوستوں کے درمیان یا پھرمیٹنگ میں بیٹھے ہوئے اچانک پیٹ گڑگڑانے لگتا ہے۔ یہ آوازکبھی آہستہ تو کبھی اتنی اونچی ہوتی ہے کہ ساتھ بیٹھے ہوئے  شخص کو بھی سنائی دیتی ہے۔ یہ عام طورپرکھانا ہضم ہونے یا آنتوں سے گیس گزرنے کے دوران آتی ہے۔ اس کی ایک وجہ بھوک بھی ہے، اس لئے کہ ایسے میں جب معدہ اورآنتیں سکڑتی ہیں اوروہاں کھانا موجود نہیں ہوتا تو آوازیں باہرسنائی دیتی ہیں۔ کھانا آہستہ آہستہ ہضم ہو، مکمل طورپرہضم نہ ہو، کھانے سے الرجی ہو یا آنتوں میں رکاوٹ ہوتوبھی یہ مسئلہ ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ سیلئک ڈیزیز، گیسٹروانٹرائٹس، ذہنی تناؤاور فوڈ پوائزننگ بھی اس کی وجوہات میں شامل ہیں۔

ان ہدایات پرعمل کریں

٭ کھانے کا وقت نہیں ہوا مگربھوک لگی ہے تو جسم کے اس پیغام کو نظراندازنہ کریں اورکچھ کھا لیں۔

٭ اگربھوک لگی ہے اورکسی وجہ سے کھانا نہیں کھا سکتے تو وقفے وقفے سے کم مقدار میں پانی پیتے رہیں۔ اس سے نہ صرف معدہ بھرا رہے گا بلکہ ہاضمہ بھی بہتر ہوگا۔ ایک ہی مرتبہ زیادہ پانی نہ پیئیں۔

٭ کھانا آہستہ آہستہ اور اچھی طرح چبا کرکھائیں۔

٭ منہ بند کرکے کھانا چبائیں تاکہ باہرسے اضافی ہوا اندر داخل نہ ہو۔

٭ دن میں کھانے کو پانچ سے چھ اوقات میں تقسیم کرلیں۔ اس سے پیٹ بھرا رہے گا، بھوک نہیں لگے گی اورآوازیں نہیں آئیں گی۔

٭ گیس اور بد ہضمی کا سبب بننے والے کھانوں مثلاً دالوں، گوبھی، مشرومز، بروکلی اورمٹر وغیرہ سے گریزکریں۔

٭ ترش پھل، ٹماٹر، کافی اورسوڈا ڈرنکس وغیرہ تیزابیت پیدا کر سکتی ہیں۔ انہیں کم مقدار میں استعمال کریں۔

٭ میٹھے کھانوں کی زیادہ مقداربھی ڈائریا، گیس اورنتیجتاً پیٹ سے آوازوں کا سبب بن سکتی ہے ۔لہٰذاانہیں کم مقدارمیں کھائیں۔

٭ کھانے کے فوراً بعدہلکی پھلکی واک کریں۔ اس سے کھاناجلدی ہضم ہوگا۔ اس وقت بہت سخت ورزش نہ کریں۔

٭ اینگزائٹی ہورہی ہو تو لمبی لمبی سانسیں لیں۔

٭ ادرک استعمال کریں ۔ اس میں اینٹی وائرل، اینٹی بیکٹیریل اوردافع سوزش خصوصیات ہوتی ہیں۔ یہ گیس اورمتلی دورکرنے کے علاوہ ہاضمے کوبہتربھی بناتی ہے۔

٭ اگرکسی کھانے یا اس میں موجود اجزاء کو ہضم کرنے میں مشکل ہوتو اس سے پرہیزکریں۔ مثلاً بعض لوگ دودھ میں موجود شوگر(لیکٹوز)کو ہضم نہیں کرپاتے۔

٭ یوگا یا لچک کی ورزش کریں ۔اس سے بھی گیس خارج ہوتی ہے ۔

٭ عام حالات میں یہ کوئی تشویشناک بات نہیں تاہم اگر اس کے ساتھ اپھارے ، پیٹ میں درد یا اسہال کی شکایت بھی ہو تو ماہرامراض معدہ و جگر سے رابطہ کریں۔

growling stomach, how to get rid of growling stomach, pait say aanay wali awazon ko kaisay rokein

Vinkmag ad

Read Previous

وہ پانچ ٹِپس جو آپ کی یادداشت کو بہتر بنا سکتی ہیں

Read Next

منہ کی صحت کا دیگر امراض سے تعلق

Leave a Reply

Most Popular