ماہرین غذائیات کے مطابق کھانے پینے کی بعض عادات میں تبدیلی، مناسب مقدار میں پانی پینا اور جسمانی سرگرمی پیٹ پھولنے کی شکایت کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق پبلک ہیلتھ نیوٹریشنسٹ ڈاکٹر ایما ڈربی شائر نے بتایا کہ پیٹ میں گیس، قبض، جسم میں پانی جمع ہونا اور بعض غذاؤں سے حساسیت پیٹ پھولنے کا سبب بن سکتی ہے۔ ہارمونز میں تبدیلی اور ذہنی دباؤ بھی یہ شکایت بڑھا سکتے ہیں۔
پھلیاں، گیس والے مشروبات، دودھ، مصنوعی مٹھاس اور فاسٹ فوڈ بعض افراد میں گیس اور پیٹ پھولنے کا باعث بن سکتے ہیں۔ بند گوبھی اور پھول گوبھی سے بھی کچھ لوگوں میں یہ شکایت بڑھ سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مناسب مقدار میں پانی پینا اور ہلکی چہل قدمی سے آرام مل سکتا ہے۔ پودینے کی چائے اور نیم گرم پٹی بھی بعض افراد کے لیے مفید ہو سکتی ہے۔
ڈاکٹر ایما نے متوازن غذا، روزانہ جسمانی سرگرمی اور ذہنی دباؤ کم کرنے کا مشورہ دیا۔ کم مقدار میں کھانا اور علامات کا ریکارڈ وجہ جاننے میں مدد دے سکتا ہے۔
اگر پیٹ پھولنے کی شکایت مسلسل رہے یا بار بار ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ شدید درد، بخار، پاخانے میں خون یا بھوک میں کمی کی صورت میں فوری معائنہ ضروری ہے۔