Vinkmag ad

شہد غذا بھی ، دوابھی

شہد ایسی لذیذ شے ہے کہ اس کا نام لیتے ہی منہ میں پانی بھر آتاہے ۔غذا اور دوا کے طور پراس کا استعمال زمانہ قدیم سے کیا جا رہا ہے۔قدیم مصر میں لاشوں کو حنوط کرنے کے لیے شہد میں ڈبو کر رکھا جاتا تھا جس سے وہ لمبے عرصے تک گلنے سڑنے سے محفوظ رہتی تھیں۔ اس سنہری لیس دار مادے میں فرکٹوز، گلوکوز،کیلشیم ،پوٹاشیم اورکاربوہائیڈریٹس کی اچھی مقدار موجود ہوتی ہے۔ زیر نظر مضمون میں صحت کے تناظر میں اس کے چند فوائد بیان کئے جارہے ہیں


پودوں پر جب پھول کھلتے ہیں تو ان کی خوبصورتی صرف انسانوں کو ہی نہیں‘ شہد کی مکھیوں کو بھی اپنی جانب راغب کرتی ہے۔ جب یہ مہمان پھولوں کے پاس آتی ہیں تو وہ انہیں اپنی خوشبو سے ہی نہیںنوازتے بلکہ سوغات کے طور پر انہیں میٹھارس بھی پیش کرتے ہیں۔ مکھیاں پھولوں سے زردانے (pollen grains)جمع کرکے اپنے چھتوں میں لے جاتی ہیں۔ وہ ایک ہی چکر میں رس اور زردانے اکٹھا کرتی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق چھتے میں ایک سال کے دوران اوسطاً 25سے 30کلوگرام زردانے ذخیرہ کئے جاسکتے ہیں۔
شہد کو دواکے علاوہ خوراک کے طو رپر بھی استعمال کیاجاتا ہے۔ قدرتی طور پر فریکٹوز، گلوکوز، وٹامن، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور شہد اکثر لوگوں کو بہت پسند ہے۔ لذیذ ہونے کے ساتھ ساتھ اسے عہد قدیم سے کئی بیماریوں اور تکالیف سے بچاﺅ کے لیے استعمال کیاجاتا رہا ہے۔
خوبصورت چمکتی جلد
جلد کو چمکدار اورخوبصورت بنانے کے لیے شہد بہت اہم ہے۔ اسے قدرتی موئسچرائزر اور بڑھاپے کے جلد اثرات کو روکنے اور جلد کی حفاظت کے لیے بنائی جانے والی بہت سی چیزوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا ماسک بنا کر چہرے پر لگانے سے جلد صاف، شفاف اور ملائم ہو جاتی ہے۔ یہ سورج کی بالائے بنفشی شعاﺅں (UV rays)کے مضر اثرات سے بچانے کے ساتھ ساتھ جلد کی تازگی برقرار رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
کیل مہاسوں کا خاتمہ
کیل مہاسے صرف چہرے پر ہی نہیں بلکہ بعض اوقات جسم کے دیگر حصوں پربھی نکل آتے ہیں۔ ان سے بچنے کے لیے شہد کا استعمال بہت مفید ہے۔ یہ جلد کے تباہ شدہ خلیوں اوران میں موجود میل کچیل کو ختم کر کے اسے تروتازہ کرتا ہے۔
مضبوط اور صحت مند بال
ٹھنڈے موسم کے باعث روکھے اور بے رونق بالوں کے لیے شہد بہترین علاج ہے۔ یہ خشکی ختم کر کے بالوں میں نمی پیدا کرتا ہے۔ اکثر بال دھونے کے بعد خشک ہوجاتے ہیں۔ شہد کا استعمال انہیں نرم و ملائم رکھتا ہے۔ ایک کپ نیم گرم پانی میں دو کھانے کے چمچ شہد ملائیں اور اسے سر میں دو سے تین گھنٹوں کے لیے لگا رہنے دیں اور پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ جو لوگ بالوں کو رنگ کرتے ہیں ان کے لیے بھی یہ بہت مفید ہے کیونکہ یہ نقصان دہ کیمیکلز کا مقابلہ کر کے بالوں کی صحت برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
امراض قلب
شہد کولیسٹرول کنٹرول کرنے میں بھی مدد یتا ہے۔ یہ خون میں ایچ ڈی ایل یعنی اچھے کولیسٹرول کو بڑھاتا ہے۔ اس کے لیے پانی میں شہد اور سبزالائچی ڈال کر ابال لیںاور اسے روزانہ استعمال کریں۔ کولیسٹرول کی اچھی کارکردگی کی وجہ سے دل کے دورے کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔ اگر کوئی شخص دل کے کسی مسئلے کا شکار ہو توشہد کے استعمال سے قبل اپنے معالج سے رابطہ کرے تاکہ کسی بڑی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
موٹاپا کم کریں
بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ شہد ایک ایسا عامل ہے جس سے وزن کم کرنے میں کافی حد تک مدد مل سکتی ہے۔ تاہم یہ بات ذہن میں رہے کہ محض شہد کے استعمال سے موٹاپاکم نہیں کیا جا سکتا۔اس کے لیے مناسب ورزش،متوازن غذااور طرزِ زندگی کو بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ شوگر کے مریض اسے معالج کے مشورے سے استعمال کریں۔ شہد کے استعمال سے جگر کی صفائی ہوتی ہے اوراس کی اضافی چربی بھی اپنے آپ گھل جاتی ہے۔
اس بات کا خیال رکھیں کہ ایک چمچ شہد میں 63کیلوریز ہوتی ہیںاس لیے اسے اعتدال میں رہ کر ہی استعمال کرنا چاہیے۔ چینی کے متبادل کے طور پریہ بہت اچھا آپشن ہے۔ اسے چائے میں ڈال کر پینے سے ذائقے اورافادیت دونوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
جراثیموں سے حفاظت
شہد اینٹی بیکٹیریل ہونے کی وجہ سے جسم کے دفاہی نظام کو بہتر کرنے میں مدد دیتا ہے لہٰذا لوگ فلو اور دیگر موسمی بیماریوںسے محفوظ رہتے ہیں۔ اینٹی بیکٹیریل خصوصیت کی وجہ سے اس میں زخم کو مندمل کرنے کی صلاحیت بھی پائی جاتی ہے۔ اس لیے زخم پر اس کی ہلکی سی تہہ لگانے سے وہ جراثیم سے محفوظ رہتا ہے اورجلد ٹھیک ہو جاتا ہے۔
سینے اور گلے کا انفیکشن
سینے اور گلے کے انفیکشن سے بچاﺅ کے لیے سونے سے پہلے ایک بڑا چمچ شہد کھانا نہایت مفید ہے۔اس سے گلے کی سوزش سے آرام ملتا ہے۔ اچھی نیند کے لیے نیم گرم دودھ میں شہد ڈال کر پینا بہت مفید ہے۔ انفیکشن سے بچاﺅ کے لیے چائے میں شہد ڈال کرپئیں، تاہم کسی پیچیدگی کی صورت میںڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔
بدہضمی دور بھگائے
شہد نظامِ انہضام کے لیے بہت فائدہ مند ہے اور کھانا ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس لیے کھانا کھانے کے بعد نیم گرم پانی میں لیموں اور شہد ڈال کر پینا چاہیے۔نہار منہ نیم گرم پانی میںایک چمچ شہد اور لیموں کے چند قطرے ڈال کر پینا نہایت مفید ہے۔
کھانسی سے آرام
موسم تبدیل ہونے پر لگنے والی کھانسی پریشان کن ہوتی ہے۔اس کے لیے آپ شہد استعمال کریں۔ ایک چمچ شہد میں ایک چٹکی کالی مرچ ڈال کر کھائیں۔ اگر آرام نہ آئے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
(ث۔ظ)

Vinkmag ad

Read Previous

شوگر, دل بھی متاثر

Read Next

حمل, ذرا ہٹ کے

Leave a Reply

Most Popular