Vinkmag ad

وزن بڑھانے کے صحت مند طریقے

ہمیں اپنے ارد گرد اکثر لوگ وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے پریشان نظر آتے ہیں،تاہم کچھ ایسے بھی ہیں جن کی پریشانی کا سبب وزن کی زیادتی نہیں بلکی کمی ہوتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 462 ملین افراد کا وزن معمول سے کم ہے۔

وزن کی صحیح جانچ کیسے کریں

بعض اوقات وزن نارمل ہوتا ہے لیکن پھر بھی ہمیں کم یا زیادہ لگتا ہے۔ اس کی صحیح جانچ کے لئے بی ایم آئی کیلکولیٹر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ کسی بھی شخص کے قد اور عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے بتاتا ہے کہ اس کے لئے مناسب وزن کتنا ہے۔ بی ایم آئی 18.5 سے کم ہو تو یہ وزن کم ہونے کی طرف اشارہ ہے ۔

بی ایم آئی-شفانیوز

وزن میں کمی کی وجہ کیا

وزن کم ہونے کی دو صورتیں ہوسکتی ہیں۔ کوئی شخص کھا پی رہا ہے، اسے بھوک بھی ٹھیک لگتی ہے مگر پھر بھی اس کا وزن نہیں بڑھ رہا۔ دوسرا یہ کہ کسی کا وزن کھانا نہ کھانے کی وجہ سے کم ہے۔

پہلی صورت میں کسی ڈاکٹر کو دکھانا چاہئے کیونکہ کھانے پینے کے باوجود وزن نہ بڑھنا کسی بیماری کی علامت ہوسکتا ہے۔ مثلاً سیلئک ڈیزیز، ٹائپ ون ذیابیطس، انفیکشنز اور کینسر وغیرہ۔

دوسری صورت میں ایسی چیزوں کا استعمال کرنا ہوتا ہے جن سے بھوک بڑھے۔ غذائی تبدیلیوں کے ساتھ کچھ سپلی منٹس بھی دئیے جاتے ہیں اور دن بھر کی غذائی ضروریات اور انہیں پورا کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ دونوں صورتوں میں ماہر غذائیات کی مدد لی جاسکتی ہے۔

وزن کیسے بڑھائیں

وزن بڑھانے سے متعلق ایک تصور یہ ہے کہ اس کے لئے ہر طرح کی چیز (جس میں جنک فوڈ بھی شامل ہے) زیادہ مقدار میں کھانی چاہئے مگر یہ درست نہیں۔ وزن کو صحت مند طریقے سے بڑھانے کا مطلب ہے کہ آپ کے پٹھوں کی نشوونما ہو، ان کا وزن بڑھے اور چربی نہ بڑھے۔ اس سلسلے میں ان باتوں پر عمل کیا جاسکتا ہے:

٭ایسی چیزیں کھائیں جو کم مقدار میں بھی زیادہ توانائی دیں۔ مثلاً میوہ جات اور بیج۔ ان سے کیلوریز، اچھی چکنائیاں اور پروٹین حاصل ہو گی۔

میوہ جات اور بیج-شفانیوز

٭میوہ جات، السی کے بیج اور چار مغز کا پاؤڈر بنا کر رکھ لیں پھر جب بھوک لگے اسے کھائیں۔

٭پروٹین کی حامل اشیاء کا استعمال بڑھا دیں۔

٭ وزن کم کرنا ہو تو کھانے کے لئے چھوٹی پلیٹ استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ وزن بڑھانا ہو تو بڑی پلیٹ استعمال کرنی چاہئے۔

٭مشروبات زیادہ پیئیں تاکہ بھوک زیادہ لگے۔

٭پیاس لگے تو دودھ یا جوس پی لیں کیونکہ ان سے زیادہ توانائی تو حاصل ہوتی ہے مگر وہ محسوس کم ہوتی ہے۔مثلاً اگر ڈبل روٹی کا ٹکڑا لیا جائے تو اس سے پیٹ بھرا محسوس ہوگا ،اس کے برعکس دودھ کا گلاس پی لیا جائے تو یہ احساس کم ہوگا۔

٭جب دودھ پیئیں تو اس میں میوہ جات کا پاؤڈر شامل کر لیں۔

٭کھانوں کے درمیان لگنے والی بھوک کو میوہ جات سے مٹائیں۔

ایسے کھانے نہ کھائیں جن میں کیلوریز تو زیادہ ہوں مگر غذائیت نہ ہو مثلاً فاسٹ فوڈ وغیرہ۔ پھر کھانے کے ساتھ یا اس سے پہلے کوئی مشروب نہ پیئیں۔ کھانوں کے درمیان بہت زیادہ وقفہ دینا بھی ٹھیک نہیں ۔کم مقدار میں اور کم وقفے سے کھانا کھائیں۔

فاسٹ فوڈ-شفانیوز وزن بڑھانے کے صحت بخش طریقے

ورزش کیسی ہو

وزن بڑھانے کی سرگرمیاں وزن کم کرنے سے مختلف ہوتی ہیں۔ مثلاً وزن کم کرنے کے لئے ایسی ورزشیں کی جاتی ہیں جن سے دھڑکن تیز ہو۔ اس کے برعکس وزن بڑھانے کے لئے ایسی ورزشیں موزوں ہوتی ہیں جن سے پٹھوں کی برداشت اور طاقت میں اضافہ ہو۔

اکثر لوگوں کا یہ سوال ہوتا ہے کہ ان کا وزن کتنے دنوں میں بڑھ جائے گا۔ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ جیسے وزن کو کم کرنے میں وقت لگتا ہے ویسے وزن بڑھانے میں بھی وقت لگتا ہے۔ اس کے لئے کوئی مخصوص وقت بتانا ممکن نہیں لہٰذا تھوڑا صبر سے کام لیں۔

اسی طرح ہر فرد کا جسم اور ضروریات مختلف ہوتی ہیں لہٰذا ایک ہی ڈائٹ پلان ہر کسی کے لئے موزوں نہیں ہوتا ۔بہتر ہے کہ کسی ماہر غذائیات سے رابطہ کر کے اپنے لئے مخصوص ڈائٹ پلان بنوا لیں۔

 

How to gain healthy weight, healthy weight gain tips, weight, tips to increase weight, health, shifa news, wazan kaisay barhaein

Vinkmag ad

Read Previous

نزلہ اور زکام میں کیا فرق ہے

Read Next

گرمیوں میں معدے کے عام مسائل

Leave a Reply

Most Popular