Vinkmag ad

قربانی کا گوشت مریض کیسے کھائیں

عیدالاضحٰی کے موقع پر ہمارے ہاں جن جانوروں کی قربانی زیادہ کی جاتی ہے ان میں اونٹ، بیل، بکرا اور دنبا شامل ہیں۔ گوشت پروٹین کے حصول کا اہم ذریعہ ہے تاہم بعض افراد خصوصاً دل، جگر اور گردوں کے مریضوں کو اس کے استعمال میں خصوصی احتیاط کرنا ہوتی ہے۔ کچھ ہدایات پر عمل کر کے یہ مریض عید کے موقع پر قربانی کا گوشت کھا سکتے ہیں۔

دل کے مریض

٭ گوشت کو بار بی کیو، گرل یا بیک کر کے کھائیں۔

٭ تلی ہوئے اشیاء سے موٹاپا اور بلڈپریشر بڑھتا ہے۔ یہ دل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے لہٰذا ان سے پرہیز کریں۔

٭ گوشت کو گھی کی بجائے کینولا یا سویا آئل میں پکائیں۔ یہ نباتاتی ذرائع سے بنے ہوتے ہیں اور ان سے اچھی چکنائیاں حاصل ہوتی ہیں۔ اگر گھی ضروری ہو تو ہفتے میں ایک چائے یا کھانے کے چمچ کے برابر استعمال کر سکتے ہیں۔

٭ ایک بار استعمال شدہ تیل بار بار گرم نہ کریں۔

٭ بازار میں دستیاب سوسز سے پرہیز کریں۔

٭ دیر سے ہضم ہونے والی تمام چیزیں شام سے پہلے کھا لیں۔ رات کو دیر سے کھانا اور پھر فوراً سو جانا انہیں چکنائی میں تبدیل کر دیتا ہے۔

٭ ذائقہ بہتر کرنے کے لیے نمک، چاٹ مصالحہ اور کالے نمک کے بجائے لیموں، سرکہ یا سبز مرچیں استعمال کریں۔

جگر کے مریض

٭ جتنا ممکن ہو گوشت کی ظاہری چربی کو صاف کر کے پکائیں تاکہ یہ جگر میں جمع نہ ہو سکے۔

٭ دنبے اور اونٹ کا گوشت قدرتی طور پر زیادہ نمکین ہوتا ہے اور ان میں چکنائی بھی ہوتی ہے۔ لہٰذا اگر نہاری وغیرہ بنی ہو تو آپ اس کا ہتھیلی برابر ٹکڑا یا دو سے تین چھوٹی بوٹیاں لے سکتے ہیں، اس سے زیادہ نہیں۔

گردوں کے مریض

٭ ڈیپ فرائی کھانوں سے کولیسٹرول تیزی سے بڑھتا ہے۔ ان سے بھوک بھی کم ہو جاتی ہے۔ لہٰذا انہیں یا تو بالکل نہ کھائیں یا ان کی مقدار بہت ہی کم کر دیں۔

٭ دن میں آدھا چائے کا چمچ نمک استعمال کریں۔ اس کے زیادہ استعمال سے گردوں میں پانی جمع ہوتا رہتا ہے۔ جب گردے اسے نکال نہیں پاتے تو اس کا اثر خون کے بہاؤ اور دل پر بھی پڑتا ہے۔

٭ کھانوں میں مصالحہ جات کی مقدار کم سے کم رکھیں۔ ذائقہ بہتر کرنے کے لیے لیموں، دہی اور سرکہ شامل کریں۔

٭ پروٹین کی ضرورت دالوں سے بھی پوری کی جا سکتی ہے۔

تحریر: فرح سید،ماہر غذائیات،کراچی

Vinkmag ad

Read Previous

اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے رہائشی صحت کی مفت سہولیات سے محروم

Read Next

کتنے فیصد پاکستانی اپنی صحت سے خوش ہیں؟

Leave a Reply

Most Popular