Vinkmag ad

چہرے پر زخم

کھیلوں اور دیگر جسمانی سرگرمیوں کے دوران بعض اوقات بڑوں، خصوصاً بچوں کے جسم پر نوکیلی یا تیز دھار اشیاء سے کٹ لگ جاتے ہیں اور زخم بن جاتا ہے۔ ان میں سے بعض کا علاج گھر پر ہی ابتدائی طبی امداد سے ممکن ہوتا ہے۔ تاہم اگر یہ گہرے ہوں تو ڈاکٹر سے رابطے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ چہرے پر زخم کی صورت میں ذیل میں بیان کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

ابتدائی طبی امداد

٭ اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں۔

٭ خون کو روکنے کے لیے صاف کپڑے یا پٹی سے زخم پر کچھ منٹ تک دباؤ ڈالیں۔ اگر خون زیادہ بہنے لگے تو 3 سے10 منٹ دباؤ ڈالنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ اس دوران یہ دیکھنے کے لیے کہ خون رکا ہے یا نہیں بار بار کپڑا ہرگز نہ ہٹائیں۔ اگر ایک کپڑا خون سے آلودہ ہو جائے تو اس کے اوپر ہی دوسرا بھی رکھ دیں۔

٭ صابن اور پانی سے زخم کو دھوتے ہوئے دھیان رکھیں کہ یہ آنکھوں میں نہ جائیں۔

٭ اگر زخم پر بظاہر کوئی چیز نظر آ رہی ہو تو اسے آرام سے نکال دیں۔

٭ زخم کو رگڑ کر صاف نہ کریں بلکہ کچھ دیر متاثرہ حصے پر پانی بہاتے رہیں۔

٭ زخم پر جراثیم کش لوشن یا کریم لگائیں۔ جراثیم کو صاف کرنے کے لیے الکوحل سویب بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ بازار سے با آسانی مل جاتے ہیں۔

٭ اس پر چپکنے والی پٹی یعنی سنی پلاسٹ یا کوئی دوسری پٹی لگائیں اور اسے باقاعدگی سے تبدیل کرتے رہیں۔

 ٭زخم کو خشک اور صاف رکھیں۔

٭ اس پر پھونک ہرگز نہ ماریں کیونکہ اس سے بھی جراثیم پیدا ہو سکتے ہیں۔

٭ کوئی آلودہ چیز زخم کا سبب بنے تو 24 سے 48 گھنٹوں میں تشنج کا ٹیکہ ضرور لگوائیں۔

٭ چوٹ کے نتیجے میں چہرے پر سوجن یا چھالے ظاہر ہونے لگیں تو متاثرہ حصے پر 10 سے 15 منٹ کے لیے برف کی تھیلی رکھیں۔ یہ عمل ہر ایک سے دو گھنٹے بعد دہرائیں تاہم برف کو براہ راست جلد پر لگانے سے گریز کریں۔

ڈاکٹر سے کب رابطہ کریں

٭ 10 منٹ دباؤ ڈالنے کے بعد بھی خون نہ رکے۔

٭ آنکھ پر یا اس کے بہت قریب کٹ لگ جائے۔

٭ زخم آدھے انچ سے زیادہ لمبا اور گہرا ہو۔

٭ زنگ یا کسی اور شے سے آلودہ چیز زخم کا سبب بنے۔

٭ متاثرہ حصہ زیادہ گرم ہو، اس پر سوزش اور سوجن بھی ظاہر ہونے لگے۔

٭ کسی جانور نے کاٹا ہو۔

چہرے پر زخم سے بچنے کے لیے آنکھ، کان اور ناک کے قریب کوئی تیز دھار یا نوکیلی چیز لے کر مت جائیں۔ منہ میں ایسی کوئی چیز رکھ کر بھاگنے سے بھی گریز کریں۔ اپنے چہرے کو کسی جانور کے چہرے یا منہ کے زیادہ قریب نہ کریں۔ کھیلتے ہوئے حفاظتی گارڈز ضرور پہنیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

Psychotherapy

Read Next

کھانسی کے شربت میں جعلی اجزاء پر ایک بار پھر الرٹ جاری

Leave a Reply

Most Popular