آنکھوں پر دباؤ (Eyestrain) آنکھوں کے مسلسل اور زیادہ استعمال سے پیدا ہوتا ہے۔ یہ کیفیت عموماً کمپیوٹر، موبائل فون یا دیگر ڈیجیٹل سکرینیں دیر تک دیکھنے، مسلسل مطالعہ کرنے یا طویل ڈرائیونگ کے دوران پیدا ہوتی ہے۔ یہ عام طور پر خطرناک نہیں ہوتا اور آنکھوں کو آرام دینے سے بہتر ہو جاتا ہے۔ تاہم، اگر علامات برقرار رہیں تو یہ آنکھوں کی کسی بیماری کی علامت بھی ہو سکتی ہیں۔
علامات
٭ آنکھوں میں درد، تھکن، جلن یا خارش
٭ آنکھوں سے پانی آنا یا خشکی محسوس ہونا
٭ دھندلا پن یا دوہرا نظر آنا
٭ سر درد
٭ گردن، کندھوں یا کمر میں درد
٭ روشنی سے غیر معمولی حساسیت
٭ توجہ مرکوز کرنے میں دشواری
٭ آنکھیں کھلی رکھنے میں مشکل محسوس ہونا
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
اگر آرام کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باوجود علامات برقرار رہیں تو آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں۔
وجوہات
٭ کمپیوٹر، موبائل فون یا دیگر ڈیجیٹل سکرینوں کا زیادہ استعمال
٭ بغیر وقفے کے طویل وقت تک مطالعہ کرنا
٭ لمبی ڈرائیونگ یا مسلسل ایک ہی چیز پر نظر مرکوز رکھنا
٭ بہت تیز یا بہت مدھم روشنی میں کام کرنا
٭ آنکھوں کی خشکی یا نظر کی خرابی
٭ ذہنی دباؤ یا جسمانی تھکن
٭ پنکھے، ہیٹر یا ایئر کنڈیشنر کی خشک ہوا
کمپیوٹر اور ڈیجیٹل آلات کا اثر
روزانہ دو یا زیادہ گھنٹے مسلسل سکرین دیکھنے سے آنکھوں کے دباؤ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کیفیت کو کمپیوٹر وژن سنڈروم یا ڈیجیٹل آئی سٹرین بھی کہا جاتا ہے۔
اس کی عام وجوہات میں کم پلکیں جھپکانا، سکرین کو نامناسب فاصلے سے دیکھنا، سکرین کا گلیئر اور نظر کی خرابی اس مسئلے کی عام وجوہات ہیں۔
پیچیدگیاں
آنکھوں پر دباؤ عام طور پر مستقل نقصان نہیں پہنچاتا، لیکن یہ تھکن بڑھا سکتا ہے اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت متاثر کر سکتا ہے۔
تشخیص
ڈاکٹر علامات، روزمرہ عادات اور کام کے ماحول کے بارے میں سوال کرے گا۔ ضرورت پڑنے پر آنکھوں اور نظر کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔
علاج
زیادہ تر افراد میں روزمرہ عادات اور کام کے ماحول میں مناسب تبدیلی سے بہتری آ جاتی ہے۔ اگر آنکھوں کی کوئی بنیادی بیماری موجود ہو تو اس کا علاج کیا جاتا ہے۔ بعض افراد کو کمپیوٹر یا مطالعے کے لیے مخصوص چشموں کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
احتیاطی تدابیر
٭ مناسب روشنی میں کام کریں
٭ مطالعے یا سکرین ٹائم کے دوران باقاعدگی سے وقفہ لیں
٭ سکرین کا وقت محدود رکھیں، خاص طور پر بچوں کے لیے
٭ ضرورت پڑنے پر مصنوعی آنسو (آئی ڈراپس) استعمال کریں۔ آنکھوں کی سرخی دور کرنے والے قطروں سے گریز کریں
٭ کمرے کی نمی برقرار رکھیں اور خشک ہوا یا دھوئیں سے بچیں
٭ کمپیوٹر پر زیادہ کام کرتے ہیں تو مناسب چشمہ یا کانٹیکٹ لینز استعمال کریں
کمپیوٹر استعمال کرنے والوں کے لیے مفید مشورے
٭ بار بار پلکیں جھپکائیں تاکہ آنکھیں نم رہیں
٭ 20-20-20 اصول اپنائیں۔ ہر 20 منٹ بعد، کم از کم 20 سیکنڈ کے لیے 20 فٹ دور کسی چیز کو دیکھیں
٭ سکرین کے گلیئر اور کمرے کی روشنی مناسب رکھیں
٭ کمپیوٹر سکرین کو تقریباً ایک بازو کے فاصلے پر رکھیں اور اس کا اوپری حصہ آنکھوں کی سطح کے برابر یا اس سے تھوڑا نیچے رکھیں
٭ متن کا سائز، روشنی اور کنٹراسٹ اپنی سہولت کے مطابق ترتیب دیں
Frequently Asked Questions (FAQs)
کیا آنکھوں پر دباؤ نظر کمزور کر دیتا ہے؟
نہیں۔ زیادہ تر صورتوں میں یہ عارضی مسئلہ ہوتا ہے اور آرام یا مناسب احتیاط سے بہتر ہو جاتا ہے۔
کیا موبائل زیادہ استعمال کرنے سے آنکھوں پر دباؤ پڑ سکتا ہے؟
جی ہاں۔ طویل وقت تک موبائل یا دیگر سکرینیں دیکھنے سے آنکھوں کی تھکن اور خشکی بڑھ سکتی ہے۔
آنکھوں کو آرام دینے کا آسان طریقہ کیا ہے؟
20-20-20 اصول پر عمل کریں، وقفے لیتے رہیں، زیادہ پلکیں جھپکائیں اور مناسب روشنی میں کام کریں۔
کیا ہر سر درد آنکھوں کے دباؤ کی وجہ سے ہوتا ہے؟
نہیں۔ سر درد کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ اگر درد بار بار ہو یا شدید ہو تو ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=ophthalmologist