Vinkmag ad

ای پی سٹڈی: دل کے برقی سگنلز کی جانچ

Image of EP study procedure showing catheters used to check the heart’s electrical signals

ای پی سٹڈی (Electrophysiology Study) دل کی برقی سرگرمی جانچنے کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹوں کا مجموعہ ہے۔ اسے انویسیو کارڈیئک الیکٹروفزیالوجی بھی کہا جاتا ہے۔ اس ٹیسٹ سے دل کی بے ترتیب دھڑکن، یعنی اریتھمیا کی وجہ معلوم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ بعض افراد میں اچانک دل بند ہونے کے خطرے کا اندازہ لگانے کے لیے بھی یہ ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔

ای پی سٹڈی ہسپتال یا کلینک میں کی جاتی ہے۔ یہ عموماً کارڈیئک الیکٹروفزیالوجسٹ کرتے ہیں، جو دل کی دھڑکن کی خرابیوں کے ماہر کارڈیالوجسٹ ہوتے ہیں۔

وجوہات

ڈاکٹر ان صورتوں میں ای پی سٹڈی تجویز کر سکتے ہیں:

٭ دل کی دھڑکن بے ترتیب ہو

٭ اچانک بے ہوشی ہوئی ہو

٭ اچانک دل بند ہونے کا خطرہ موجود ہو

٭ کارڈیئک ابلیشن کی ضرورت ہو

ممکنہ خطرات

دیگر طبی ٹیسٹوں کی طرح ای پی سٹڈی سے بھی بعض پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ مثلاً:

٭ کیتھیٹر لگانے کی جگہ سے خون بہنا یا انفیکشن ہونا

٭ دل کے ٹشو کو نقصان پہنچنے سے دل کے گرد خون جمع ہونا

٭ دل کے والوز یا خون کی نالیوں کو نقصان پہنچنا

٭ دل کے برقی نظام کو نقصان پہنچنا

٭ ٹانگوں یا پھیپھڑوں میں خون کے کلاٹ بننا

٭ ہارٹ اٹیک

٭ فالج

٭ انتہائی کم صورتوں میں موت واقع ہونا

ٹیسٹ کی تیاری

ٹیسٹ والے دن آدھی رات کے بعد کچھ نہ کھائیں یا پیئیں۔ ادویات استعمال کرتے ہیں تو انہیں جاری رکھنے کے بارے میں ڈاکٹر سے پوچھیں۔ ضرورت کے مطابق مزید ہدایات بھی دی جا سکتی ہیں۔

ٹیسٹ سے پہلے

ہاتھ یا بازو کی رگ میں آئی وی لائن لگائی جاتی ہے۔ سینے پر الیکٹروڈز لگا کر دل کی دھڑکن کی نگرانی کی جاتی ہے۔

کیتھیٹر داخل کرنے والی جگہ کے بال ضرورت کے مطابق صاف کیے جاتے ہیں۔ یہ جگہ عموماً ران کے اوپری حصے کے قریب ہوتی ہے۔

سکون کے لیے سیڈیٹو دوا دی جا سکتی ہے۔ بعض صورتوں میں جنرل اینستھیزیا دیا جاتا ہے، جس سے مریض نیند جیسی حالت میں چلا جاتا ہے۔

طریقہ کار

ای پی سٹڈی کے دوران تین یا اس سے زیادہ باریک اور لچک دار ٹیوبز، یعنی کیتھیٹرز، خون کی نالی میں داخل کیے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر ایکسرے کی مدد سے انہیں دل کے مختلف حصوں تک پہنچاتے ہیں۔

کیتھیٹرز کے سروں پر موجود سینسر سگنلز بھیجتے اور دل کی برقی سرگرمی ریکارڈ کرتے ہیں۔

مریض کی حالت اور ضرورت کے مطابق ڈاکٹر:

٭ دل کے مختلف حصوں میں برقی سگنلز کی پیمائش کرتے ہیں

٭ سگنلز کے ذریعے دھڑکن تیز یا سست کرتے ہیں

٭ ادویات دے کر دھڑکن پر ان کے اثرات دیکھتے ہیں

٭ برقی سرگرمی کا نقشہ بنا کر خرابی کے مقام کی نشاندہی کرتے ہیں

٭ ضرورت پڑنے پر کارڈیئک ابلیشن کرتے ہیں

ای پی سٹڈی عموماً تکلیف دہ نہیں ہوتی۔ تاہم دھڑکن میں تبدیلی کے دوران بے آرامی محسوس ہو سکتی ہے۔ درد محسوس ہو تو ڈاکٹر کو بتائیں۔

ٹیسٹ عموماً ایک سے چار گھنٹے جاری رہتا ہے۔ ساتھ کارڈیئک ابلیشن ہو تو دورانیہ بڑھ سکتا ہے۔

ٹیسٹ کے بعد

مریض کو ریکوری ایریا میں منتقل کیا جاتا ہے۔ عموماً چار سے چھ گھنٹے آرام اور نگرانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس دوران دھڑکن اور بلڈ پریشر چیک کیے جاتے ہیں تاکہ کسی پیچیدگی کا بروقت پتا چل سکے۔

زیادہ تر افراد اسی روز گھر جا سکتے ہیں۔ واپسی کے لیے کسی دوسرے شخص سے گاڑی چلوانے کا انتظام کریں اور باقی دن آرام کریں۔

کیتھیٹر لگانے کی جگہ پر چند دن معمولی درد یا حساسیت محسوس ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر سے رابطہ

بخار ہونے پر طبی ٹیم سے رابطہ کریں۔ کیتھیٹر لگانے کی جگہ پر یہ علامات ظاہر ہوں تو بھی ڈاکٹر کو بتائیں:

٭ سن ہونا، جھنجھناہٹ یا رنگ تبدیل ہونا

٭ نیل کا بڑھنا

٭ سوجن

٭ رطوبت نکلنا

فوری طبی امداد

ان علامات کی صورت میں فوری ایمرجنسی طبی مدد حاصل کریں:

٭ سانس لینے میں دشواری

٭ سینے میں درد یا جکڑن

٭ چہرے کا ایک طرف جھک جانا

٭ بازو میں اچانک کمزوری

٭ بولنے میں دشواری

٭ کیتھیٹر والی جگہ پر اچانک بڑھتی سوجن

٭ دباؤ ڈالنے کے باوجود خون بند نہ ہونا

نتائج

ڈاکٹر عموماً فالو اپ اپوائنٹمنٹ میں نتائج بتاتے ہیں۔ ان کی بنیاد پر مزید علاج کی ضرورت اور مناسب طریقہ طے کیا جاتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

۔

English heading: EP study: checking the heart’s electrical signals

Slug: ep-study-heart-electrical-signals

Alt text: Image of EP study procedure showing catheters used to check the heart’s electrical signals

Keywords: EP study, electrophysiology study, heart electrical signals, irregular heartbeat

Hashtags:
#epstudy #heartrhythm #shifanewsinternational

 

Vinkmag ad

Read Previous

کھیلوں میں انرجی ڈرنکس کی اشتہاربازی پر ڈاکٹروں کی تشویش

Leave a Reply

Most Popular