ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے 9 مصنوعات کے نمونے جعلی قرار پانے پر ان کے استعمال سے خبردار کیا ہے۔ ان میں ماؤتھ واش، آنکھوں کے قطرے، بے بی آئی سپرے، لوشن اور کانوں کی کریمیں شامل ہیں۔ ان کے استعمال سے علاج ناکام ہونے اور صحت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ڈریپ کے 5 نومبر کے الرٹ کے مطابق، سندھ کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے متعلقہ نمونے جانچے۔ یہ ملاوٹ شدہ اور غیر رجسٹرڈ بھی پائے گئے، جبکہ 5 غیر معیاری بھی نکلے۔ صوبائی ڈرگ کنٹرول محکموں کو نگرانی اور متعلقہ مصنوعات ضبط کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
فہرست میں بے بی آئی سپرے، ٹوبرامائسن آئی سلوشن، میجک لوشن اور ٹوٹل کیئر ماؤتھ واش شامل ہیں۔ دیگر نام ڈینزیکور، اینٹی پلاک اور ہیپی ٹوتھ کڈز ماؤتھ واش ہیں۔ بے بی کیئر ایئر کریم اور وائٹل ایئر کریم بھی اس کا حصہ ہیں۔ میجک لوشن کا متعلقہ بیچ 002 ہے، جبکہ باقی 8 مصنوعات کے بیچ نمبر درج نہیں۔
صارفین سے کہا گیا ہے یہ مصنوعات استعمال نہ کریں اور کسی مسئلے کی صورت میں معالج سے رابطہ کرکے ڈریپ کو اطلاع دیں۔ ادویات صرف لائسنس یافتہ فارمیسیوں اور مجاز مراکز سے خریدیں۔ اصلیت پر شک ہو تو فارماسسٹ یا طبی ماہر سے رہنمائی لیں۔