مکہ مکرمہ میں پاکستانی حجاج کرام کو دی گئی طبی سہولیات کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔
محکمہ صحت کے مطابق 6 حاجیوں کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی جبکہ 68 افراد کو سٹنٹ لگائے گئے۔ امراض گردہ کے شکار 160 لوگوں کے ڈائلیسز کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اب تک 2034 حجاج کو صحت کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق 805 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ان میں سے 176 انتہائی نگہداشت یونٹ ( آئی سی یو) میں ہیں۔ حکام کے مطابق علاج کی سہولیات اور ادویات مفت دی جا رہی ہیں۔
مکہ، مدینہ اور جدہ میں 2 ہسپتال اور 11 ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں۔ ہسپتالوں میں سے ایک مکہ میں جبکہ دوسرا مدینہ میں ہے۔ آٹھ ڈسپنسریاں مکہ، دو مدینہ جبکہ ایک جدہ میں ایئرپورٹ کے قریب ہے۔
اس سال حج کے دنوں میں معمول سے زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ اس لیے حاجیوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان میں پانی زیادہ پینا اور چھتری کا استعمال نمایاں ہیں۔ حاجیوں کو چاہیے کہ ان پر سختی سے عمل کریں اور بوقت ضرورت حجاج کرام کو دی گئی طبی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔