Vinkmag ad

آنکھ کی پتلی کا زخم

انسانی جسم میں موجود تمام اعضاء کو فعال رہنے کے لئے آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے جو خون سے حاصل ہوتی ہے۔ اس کے برعکس جسم کا ایک حصہ ایسا بھی ہے جو کام کے لئے خون کے بجائے ہوا سے آکسیجن حاصل کرتا ہے۔ یہ شفاف حصہ پتلی ہے جس کے ذمے آنکھوں کو گردو و غبارسے محفوظ رکھنے کے علاوہ دیکھنے میں مدد دینا بھی ہے۔

گردو غبار، دھات کے ذرات، کاغذ کا ٹکڑا یا کوئی نوکیلی شے لگنے سے پتلی پرکٹ لگ جاتا ہے یا خراش آجاتی ہے۔ اس کی علامات میں آنکھوں میں درد ہونا، ان میں کچھ اٹکا ہوا محسوس ہونا، نظردھندلا جانا، روشنی خصوصاً تیز روشنی سے حساسیت پیدا ہونا، آنکھیں لال ہوجانا اور ان کے گرد پٹھوں کا کھچ جانا قابل ذکر ہیں۔

اس صورت حال کا سامنا ہو توان ہدایات پر عمل کریں:

٭کانٹیکٹ لینز پہنے ہوئے ہوں تو انہیں فوری طور پر اتار دیں۔

٭آنکھ کو صاف پانی سے دھوئیں۔

٭بار بار پلکیں جھپکائیں یا اوپری پپوٹے کو نرمی سے کھینچ کر نچلے پپوٹے کے اوپر لائیں۔ یہ عمل آنکھوں میں اٹکی بیرونی اشیاء کو خارج ہونے میں مدد دے گا۔

٭آنسو نہ بن رہے ہوں تو آنکھوں کی صفائی کے لئے مصنوعی آنسو استعمال کریں۔

٭روشنی سے حساسیت کم کرنے کے لئے دھوپ کے چشمے پہنیں۔

٭زخمی آنکھ کو ملنے سے گریزک ریں۔

٭اگر محسوس ہو کہ کوئی چیز آنکھ کے ڈیلے کی گہرائی میں گئی ہے تو اسے خود سے نکالنے کی کوشش نہ کریں۔

٭آنکھوں کی صفائی کے لئے روئی، ٹویزر یا اس طرح کے دیگر آلات استعمال نہ کریں۔

بچاؤ کی تدابیر

٭پودوں اور گھاس کی کاٹ چھانٹ کے دوران یا دیگر مشینوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے حفاظتی عینکیں پہنیں۔

٭میک اپ برش اور بالوں کو گھنگھریالے کرنے والے آلات استعمال کرتے ہوئے محتاط رہیں۔

٭کانٹیکٹ لینز کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔

٭کانٹیکٹ لینز پہن کر سونے سے گریز کریں۔

ڈاکٹر سے کب رابطہ کریں

یہ مسئلہ عموماً ایک یا زیادہ سے زیادہ دو دن تک خود ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔ اگر ایسا نہ ہو تو اسے نظرانداز نہیں کرنا چاہئے ورنہ آنکھ کی پتلی میں انفیکشن اورنتیجتاً السربن سکتے ہیں۔

اگر یہ ٹھیک ہونے کے کچھ دنوں بعد پھرسے ہو جائے یا ذیل میں بیان کردہ مسائل پیش آئیں تو فوری طور پر ماہرامراض چشم سے رابطہ کریں:

٭آنکھیں بند کرنے میں دقت ہو۔

٭دیکھ بھال کرتے ہوئے 24 گھنٹے گزر جائیں مگر درد کم نہ ہو یا مزید بڑھتا جائے۔

٭آنکھ سے پیپ کی طرح کا مادہ خارج ہو۔

٭آہستہ آہستہ بصارت ختم ہوتی جا رہی ہو۔

Corneal abrasion, first aid, scratch on cornea, eye injury, eye care, aankh mai zakhm

Vinkmag ad

Read Previous

نیند کی سائنس

Read Next

 کیا ٹھنڈا پانی پینے سے گلا خراب ہوتا ہے؟

Leave a Reply

Most Popular