Vinkmag ad

حمل سے متعلق کچھ اہم سوالات

حمل سے متعلق کچھ اہم سوالات کے جوابات جانئے فقیہ یونیورسٹی ہسپتال دبئی کی ماہر امراض نسواں ڈاکٹر لبنٰی احمد سے 

کن دنوں میں حمل ٹھہرنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں؟

ماہانہ ایام کا سلسلہ(cycle) اوسطاً 28 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں تقریباً 14ویں دن بیضہ دانیوں سے انڈے خارج ہوتے ہیں۔ زیادہ تر خواتین میں یہ عمل ایام کے وسط سے چار دن پہلے یا بعد میں ہوتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں ایام کے درمیانی آٹھ دنوں میں حمل ٹھہرنے کے امکانات زیاد ہ ہوتے ہیں۔

شادی کے بعد کتنے عر صے تک حمل نہ ٹھہرے تو ڈاکٹر کے پاس جائیں؟

اگر مسلسل کوشش کے باوجود ایک سے دو سال تک حمل نہ ٹھہرے تو ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہئے۔

حمل کے درمیان کتنا وقفہ ہونا چاہئے اور یہ کیوں ضروری ہے؟

حمل کے درمیان 18 ماہ سے دو سال کا وقفہ ضروری ہے۔ کم وقفے کے نتیجے میں قبل ازوقت پیدائش، بچے کا سائز معمول سے کم ہونے،مردہ بچے کی پیدائش یا اسقاط حمل کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ مزید برآں اگر گزشتہ زچگی سی سیکشن کے ذریعے ہوئی ہو‘ اس کے اور اگلے حمل میں وقفہ چھ ماہ سے بھی کم ہو تو اگلی زچگی میں رحم کے پھٹنے کے امکانات ہوتے ہیں۔

اسی طرح اگر وقفہ ضرورت سے زیادہ (پانچ سال سے تجاوز کر جائے) ہو تو بھی مردہ بچوں اور چھوٹے سائز کے بچوں کی پیدائش کے امکانات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ وقفہ ماں کی اپنی صحت کے لئے بھی ضروری ہے تاکہ اس کا جسم نئے حمل کے لئے تیار ہو سکے۔

دوران حمل خواتین کا وزن اوسطاً کتنا بڑھنا چاہئے؟

جن خواتین کا وزن نارمل حد میں ہو یعنی بی ایم آئی 18سے 24.9 کے درمیان ہو ان کا وزن 11.5 سے 16 کلو بڑھنا چاہئے۔

کیا حمل میں درد یا مروڑ اٹھنا نارمل ہے؟

خواتین کو تقریباً دوسری سہہ ماہی سے وقفے وقفے سے لیبرپین سے ملتا جلتا درد (false labor pain) شروع ہوجاتا ہے جو چلنے یا اپنی پوزیشن تبدیل کرنے سے ٹھیک ہوجاتا ہے۔ یہ بالکل نارمل ہے، اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

حاملہ خواتین کو متلی اور قے کی شکایت ہوتی ہے۔ ان سے نپٹنے کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے؟

اگر یہ علامات معمولی نوعیت کی ہوں تو مالٹے کا جوس، پانی، ادرک، پودینہ، دارچینی، لیموں، سونف، دہی، کیوی، سبزیوں کا سوپ اور بادام وغیرہ استعمال کرنے سے فائدہ ہوگا۔ اگر یہ شدید نوعیت کی ہوں اور حاملہ کے جسم میں پانی کی کمی ہوجائے تو ڈاکٹر کو دکھائیں۔

سونے کی پوزیشن کیا ہونی چاہئے؟

تینوں سہ ماہیوں میں بائیں کروٹ پر لیٹنا مناسب ہے۔

آخری سہ ماہی میں سفر کرنا ہو تو کیا کریں؟

حمل کے 34 سے36 ویں ہفتے میں سفر سے گریز کرنا چاہئے۔ اگر مجبوری ہو تو پانی زیادہ پیئیں اور ہر دو سے تین گھنٹے بعد کچھ قدم چلیں۔ اس کے علاوہ گھٹنوں تک لمبی جرابیں (stockings) پہنیں تاکہ ٹانگوں میں موجود خون کی نالیوں میں لوتھڑے نہ بنیں۔

pregnancy faqs, common questions about pregnancy, women health, pregnancy, hamal say mutaliq sawaal

 

Vinkmag ad

Read Previous

بندروں اور انسانوں میں ممالث کیوں؟

Read Next

دل اور پھیپھڑوں کے مسائل

Leave a Reply

Most Popular