Vinkmag ad

گوشت کو ہضم کرنے کے لیے مزیدار رائتے اور چٹنیاں

عید الاضحیٰ کا بنیادی پیغام قربانی کا جذبہ ہے لیکن یہ ایک اہم تہوار بھی ہے۔ اس موقع پر گوشت کے پکوان بہت مقبول ہوتے ہیں۔ ایسے میں بہت سے لوگوں کو بسیار خوری کے سبب بدہضمی اور متلی کی شکایت بھی ہو جاتی ہے۔ اس پریشانی سے بچنے کا آسان حل معتدل مقدار میں گوشت کھانا ہے۔ گوشت کے پکوانوں سے ساتھ رائتے اور چٹنیاں استعمال کرنے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔ یہ چیزیں گوشت ہضم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

گوشت اور مرغن غذاؤں کے ساتھ ترش پھل مثلاً پائن ایپل، پپیتا، آم اور آلو بخارا استعمال کیا جائے تو گوشت جلدی ہضم ہو جاتا ہے۔ ادرک اور دہی بھی گوشت میں موجود پروٹین کے جلد ہضم ہونے میں مدد دیتے ہیں۔

رائتہ اور چٹنی کیوں ضروری

رائتہ مختلف سبزیوں، پھلوں اور مصالحہ جات کے امتزاج سے تیار کیا جاتا ہے۔ برصغیر کی یہ ڈِش انیسوی صدی سے مقبول ہے۔ مزیدار رائتے نہ صرف بریانی، پلاؤ، کڑاہی اور کباب وغیرہ کا ذائقہ بڑھاتے ہیں بلکہ ان میں شامل کیے جانے والے پھل یا  سبزیوں کی وجہ سے غذائیت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔

رائتوں کا بنیادی جزو دہی ہے جو پروٹین، کیلشیم، رائبو فلیون اور وٹامن بی 12 کے حصول کا بڑا ذریعہ ہے۔ اس میں فاسفورس اور پانی کی بھی اچھی مقدار ہوتی ہے۔ کولیسٹرول کنٹرول کرنے کے لیے بالائی اترے یا کم چکنائی والے دودھ سے تیار کردہ دہی استعمال کریں۔

رائتوں اور چٹنیوں کی تراکیب

یہ رائتے اور چٹنیاں عید پر مختلف کھانوں کے ساتھ پیش کی جس سکتی ہیں۔

کھیرے اور پودینے کا رائتہ

اجزاء

دہی (پھینٹا ہوا) 2 کپ
پودینے کے پتے (باریک کٹے ہوئے) 1/2 کپ
کھیرا (بڑے سائز کا، کدوکش کیا ہوا) 1 عدد
زیرہ 3/4 چائے کا چمچ
پسی لال مرچ 1/4 چائے کا چمچ
چینی 1/2 چائے کا چمچ
نمک  حسب ضرورت

ترکیب

ایک پیالے میں تمام اجزاء کو اچھی طرح مکس کریں اور پودینے کے پتوں سے سجا کر پیش کریں۔

ناریل کی چٹنی

اجزاء

ناریل (کدوکش) 1/2 کپ
املی 1 کھانے کا چمچ
نمک 1/2 چائے کا چمچ
ہری مرچیں 2 عدد
زیرہ 1/2 چائے کا چمچ
سن فلاور آئل 1 کھانے کا چمچ
رائی دانہ 1/4 چائے کا چمچ
ثابت لال مرچیں  2 عدد
مسور کی دال(چھلکے کے بغیر) 1/2 چائے کا چمچ
کڑی پتے 8 سے10 عدد

ترکیب

  • املی کو 1 کھانے کے چمچ گرم پانی میں بھگو دیں۔ نرم ہونے پر اس کا جوس اور سکن الگ کر لیں۔
  • املی کے جوس کو 2 کھانے کے چمچ ٹھنڈے پانی میں مکس کریں۔ اس میں کوکونٹ، نمک، ہری مرچ اور زیرہ بھی شامل کر دیں۔ تمام اجزاء کو بلینڈ کرکے پیسٹ بنالیں اور ایک باؤل میں نکال لیں۔
  • ایک چھوٹے پین میں آئل گرم کریں۔ اس میں رائی دانہ ڈال کر کڑکڑائیں۔ پھر لال مرچ، مسور کی دال اور کڑی پتہ ڈال کر 30 سیکنڈ تک پکائیں۔ اس مکسچر کو احتیاط سے املی کے پیسٹ کے اوپر پھیلا دیں۔
  • اسے ایئر ٹائٹ جار میں تین دنوں تک فریج میں محفوظ کیا جا سکتا ہے۔

آم کی چٹنی

اجزاء

کچے آم 2 عدد
چینی 2 کھانے کے چمچ
کشمش 1 کھانے کا چمچ
چھوہارے 3 عدد
کلونجی 1 چائے کا چمچ
ادرک 1 انچ کا ٹکڑا
ثابت لال مرچیں 5 عدد
لہسن 3 جوئے
سرکہ 3 کھانے کا چمچ
پودینہ حسب ضرورت

ترکیب

  • سب سے پہلے آموں کو اچھی طرح سے چھیل کر باریک باریک کاٹ لیں۔ پھر لہسن، ادرک اور چھوہاروں کو کاٹ کر دیگچی میں ڈال دیں۔
  • اب اس میں باقی اشیاء بھی ملا کر چولہے پر رکھ دیں۔ اور سرکہ  شامل کر دیں۔
  • آہستہ آہستہ چمچ ہلاتے رہیں اور اسے دھیمی آنچ پر پکائیں۔ شیرہ جب گاڑھا ہو جائے تو اتار لیں۔
  • ٹھنڈا ہونے پر شیشے کی بوتلوں میں بھر لیں۔ نہایت ہی عمدہ اور لذت سے بھر پور چٹنی تیار ہے۔

تحریر: آمنہ عارف، ماہر غذائیات، لاہور

Vinkmag ad

Read Previous

Yoga for periods | Improve flow | Relieve menstrual cramps | Yoga with Naheed | Shifa News

Read Next

سندھ بجٹ، صحت کے لیے 300 ارب روپے مختص

Leave a Reply

Most Popular