سارکوما ہڈی یا نرم ٹشوز میں پیدا ہونے والے کینسر کو کہتے ہیں۔ کونڈروسارکوما (Chondrosarcoma) اس کی ایک نایاب قسم ہے، جو کرکری ہڈی جیسا مادہ بناتی ہے۔ یہ کینسر عموماً ہڈیوں میں شروع ہوتا ہے۔
یہ زیادہ تر کولہے، ران اور بازو کی اوپری ہڈیوں کو متاثر کرتا ہے۔ بعض مریضوں میں ریڑھ کی ہڈی یا کھوپڑی کی بنیاد بھی متاثر ہوتی ہے۔ بعض صورتوں میں کینسر قریبی ٹشوز یا جسم کے دوسرے حصوں تک پھیل جاتا ہے۔
اقسام
کونڈروسارکوما کی مختلف اقسام کی بڑھنے کی رفتار، پھیلاؤ اور علاج میں فرق ہوتا ہے۔
روایتی کونڈروسارکوما: یہ سب سے عام قسم ہے، جو عموماً ہڈی کے اندر پیدا ہوتی ہے۔ بعض رسولیاں آہستہ اور بعض تیزی سے بڑھتی ہیں
ثانوی بیرونی کونڈروسارکوما: پہلے سے موجود غیر سرطانی ہڈی کی رسولی کو ڈھانپنے والی کرکری ہڈی کی تہہ میں بنتا ہے
پیری اوسٹیئل کونڈروسارکوما: نایاب ہے اور ہڈی کی بیرونی سطح پر بڑھتا ہے
ڈی ڈیفرنشی ایٹڈ کونڈروسارکوما: تیزی سے بڑھنے والا کینسر ہے۔ اس میں کرکری ہڈی جیسا مادہ بنانے والی رسولی کے ساتھ زیادہ خطرناک سرطانی حصہ بھی ہوتا ہے۔ اس حصے کے خلیے کرکری ہڈی جیسے نہیں دکھائی دیتے۔ اس کے پھیلاؤ کا خطرہ آہستہ بڑھنے والے روایتی کونڈروسارکوما سے زیادہ ہوتا ہے
میزنکائمل کونڈروسارکوما: انتہائی نایاب اور تیزی سے بڑھنے والا کینسر ہے، جو عموماً بچوں اور نوجوانوں میں پیدا ہوتا ہے۔ یہ ہڈی یا بعض اوقات نرم ٹشوز میں شروع ہوتا ہے
کلیئر سیل کونڈروسارکوما: نایاب اور عموماً آہستہ بڑھنے والا کینسر ہے۔ یہ اکثر بازو یا ران کی اوپری ہڈی کے سروں کے قریب بنتا ہے
ایکسٹرا اسکیلیٹل مائکسوئیڈ کونڈروسارکوما نامی کینسر بھی ہے۔ تاہم، یہ الگ کینسر ہے، جو عموماً ہڈی کے بجائے نرم ٹشوز میں شروع ہوتا ہے
کونڈروسارکوما ہڈیوں کے دوسرے کینسر، آسٹیوسارکوما، سے مختلف ہے۔ ہڈی کے اندر یا اس کی سطح پر بننے والی بعض غیر سرطانی رسولیاں بھی بعد میں کونڈروسارکوما میں بدل جاتی ہیں
علامات
علامات کا انحصار رسولی کے حجم اور مقام پر ہوتا ہے:
٭ متاثرہ ہڈی میں درد جو وقت کے ساتھ بڑھے اور بعض اوقات رات کو زیادہ ہو
٭ ہڈی کے قریب بڑھتی ہوئی گانٹھ یا سوجن
٭ رسولی کے باعث ہڈی کمزور ہوکر ٹوٹ جانا
٭ ریڑھ کی ہڈی میں رسولی سے سپائنل کارڈ پر دباؤ کے باعث کمزوری یا دیگر اعصابی علامات
٭ سپائنل کارڈ یا قریبی اعصاب پر زیادہ دباؤ سے پیشاب یا پاخانے کے نظام میں تبدیلی
کولہے میں رسولی کی تشخیص بعض اوقات اس کے بڑا ہونے یا ہڈی سے باہر پھیلنے کے بعد ہوتی ہے۔
وجوہات
زیادہ تر کونڈروسارکوما کی اصل وجہ معلوم نہیں۔ تحقیق میں خلیوں کی نشوونما اور باہمی پیغام رسانی کو کنٹرول کرنے والے نظام میں بعض تبدیلیاں ملی ہیں۔ خیال ہے کہ یہ تبدیلیاں کینسر بننے اور بڑھنے میں کردار ادا کرتی ہیں۔
خطرے کے عوامل
کونڈروسارکوما کا خطرہ بڑھانے والے عوامل میں یہ شامل ہیں:
زیادہ عمر: روایتی کونڈروسارکوما کا خطرہ عمر بڑھنے کے ساتھ زیادہ ہوتا ہے
اولیئر بیماری: ایک نایاب بیماری ہے، جس میں ہڈیوں کے اندر متعدد غیر سرطانی رسولیاں بنتی ہیں
مفیوشی سنڈروم: اس بیماری میں ہڈیوں کی رسولیوں کے ساتھ خون کی نالیوں کی غیر معمولی بڑھوتری بھی ہوتی ہے
ہڈیوں پر متعدد موروثی رسولیاں: اس وراثتی بیماری میں ہڈیوں پر کئی غیر سرطانی رسولیاں بنتی ہیں۔ ان میں سے بعض کے سرطانی ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے
پیچیدگیاں
زیادہ درجے کے کونڈروسارکوما میں جسم کے دور دراز حصوں تک پھیلاؤ کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ پھیپھڑے اس کے پھیلاؤ کا سب سے عام مقام ہیں۔
علاج کے بعد اصل مقام کے قریب دوبارہ رسولی بھی بن جاتی ہے۔ بیماری کی واپسی یا دوسرے اعضاء تک پھیلاؤ علاج کو زیادہ پیچیدہ بناتا ہے۔
تشخیص
تشخیص کے لیے جسمانی معائنہ، تصویری ٹیسٹ اور ضرورت کے مطابق ٹشو کے نمونے کی جانچ کی جاتی ہے۔ رسولی کی درست قسم اور بڑھنے کی رفتار معلوم کرنا بعض اوقات مشکل ہوتا ہے۔ اس لیے تمام نتائج کو ملا کر دیکھا جاتا ہے۔
امیجنگ ٹیسٹ
٭ ایکس رے
٭ ایم آر آئی
٭ سی ٹی سکین
یہ ٹیسٹ رسولی کے حجم، مقام اور پھیلاؤ کا جائزہ لینے میں مدد دیتے ہیں۔ ان سے سرطانی اور غیر سرطانی رسولیوں میں فرق کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ تاہم، بعض آہستہ بڑھنے والی رسولیوں کی شناخت صرف ان ٹیسٹوں سے ممکن نہیں ہوتی۔
زیادہ درجے کے کینسر میں پھیپھڑوں تک پھیلاؤ جانچنے کے لیے بھی تصویری ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔
ٹشو کے نمونے کی جانچ
اس عمل کو بایوپسی کہتے ہیں۔ اس میں ٹشو کا نمونہ لے کر لیبارٹری میں جانچ کی جاتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر اس سے تشخیص کی تصدیق اور رسولی کی بڑھنے کی رفتار کا اندازہ کیا جاتا ہے۔
ایک ہی رسولی کے مختلف حصوں کا درجہ مختلف ہوسکتا ہے۔ چھوٹے نمونے میں زیادہ درجے والا حصہ شامل نہ ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ اس لیے نمونے کی جانچ اور تصویری ٹیسٹوں کے نتائج ملا کر دیکھے جاتے ہیں۔
کینسر کے درجات
خوردبین سے خلیوں کی شکل اور خصوصیات دیکھ کر کینسر کا درجہ، یعنی گریڈ، طے کیا جاتا ہے۔ اس سے رسولی کے بڑھنے یا پھیلنے کی رفتار کا اندازہ ہوتا ہے۔
روایتی کونڈروسارکوما کے تین درجے ہیں۔
درجہ 1: یہ عموماً آہستہ بڑھنے والی رسولیاں ہوتی ہیں۔ لمبی ہڈیوں میں ان میں سے کئی کو اٹپیکل کارٹیلیجینس ٹیومر، یعنی اے سی ٹی، کہا جاتا ہے۔ یہ اپنے مقام پر بڑھتی ہیں، مگر دوسرے اعضاء تک پھیلنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے
درجہ 2: رسولی کے دوبارہ بننے یا دوسرے حصوں تک پھیلنے کا خطرہ پہلے درجے سے زیادہ ہوتا ہے
درجہ 3: یہ سب سے زیادہ تیزی سے بڑھنے والی رسولیاں ہوتی ہیں۔ ان کے جسم کے دوسرے حصوں تک پھیلنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے
ہر قسم کے کونڈروسارکوما پر یہی نظام لاگو نہیں ہوتا۔ مثلاً پیری اوسٹیئل کونڈروسارکوما کی درجہ بندی اس طریقے سے نہیں کی جاتی
علاج
علاج کا انحصار رسولی کی قسم، درجے، مقام اور پھیلاؤ پر ہوتا ہے۔ ڈاکٹر یہ بھی دیکھتے ہیں کہ اسے مکمل طور پر نکالنا ممکن ہے یا نہیں۔
علاج کا منصوبہ عموماً ہڈیوں کے سرجن، شعاعوں سے علاج کرنے والے ماہر اور کینسر کی ادویات کے ماہر مل کر بناتے ہیں۔
سرجری
جسم کے دوسرے حصوں تک نہ پھیلنے والے زیادہ تر کونڈروسارکوما میں سرجری بنیادی علاج ہے۔ رسولی مکمل نکال دی جائے تو صحت یابی کا بہترین امکان ہوتا ہے۔
ہڈی کو کھرچ کر رسولی نکالنا: بازو یا ٹانگ کی بعض آہستہ بڑھنے والی رسولیوں میں سرجن یہ طریقہ اختیار کرتے ہیں
رسولی اور اردگرد کے ٹشوز نکالنا: زیادہ درجے کی رسولیوں میں اردگرد کے کچھ صحت مند ٹشوز بھی نکالے جاتے ہیں۔ مقصد تمام سرطانی خلیوں کو خارج کرنا ہوتا ہے
بازو یا ٹانگ میں رسولی ہو تو سرجن محفوظ طریقے سے کینسر نکالتے ہوئے عضو بچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہڈی یا جوڑ کا حصہ نکالنے کے بعد بعض مریضوں کو عضو کی دوبارہ ساخت کے لیے سرجری درکار ہوتی ہے۔ حرکت پر اثر کا انحصار رسولی کے مقام اور نکالے جانے والے ٹشوز کی مقدار پر ہوتا ہے
کیموتھراپی
کیموتھراپی میں کینسر کے خلیوں کو ختم کرنے والی ادویات دی جاتی ہیں۔ کونڈروسارکوما کے علاج میں اس کا کردار محدود ہے۔ روایتی قسم میں عام کیموتھراپی عموماً مؤثر نہیں ہوتی۔ اس لیے صرف اپنے مقام تک محدود زیادہ تر روایتی رسولیوں کے معمول کے علاج میں اسے استعمال نہیں کیا جاتا۔
بعض تیزی سے بڑھنے والی اقسام، جیسے میزنکائمل اور ڈی ڈیفرنشی ایٹڈ کونڈروسارکوما میں کیموتھراپی دی جاتی ہے۔ تاہم، ڈی ڈیفرنشی ایٹڈ قسم میں اس کے فائدے سے متعلق تحقیقی نتائج محدود اور مختلف ہیں۔ فیصلہ ممکنہ فوائد اور مضر اثرات دیکھ کر کیا جاتا ہے۔
شعاعوں سے علاج
اس طریقے میں زیادہ توانائی والی شعاعوں سے سرطانی خلیوں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے
٭ سرجری ممکن نہ ہو یا رسولی مکمل طور پر نہ نکلے تو ڈاکٹر اس علاج پر غور کرتے ہیں
٭ رسولی کے مقام پر مزید علاج کی ضرورت بھی اس کے استعمال کی ایک وجہ ہے
٭ بعض مریضوں کے لیے پروٹون تھراپی نامی شعاعوں کے مخصوص علاج کا انتخاب کیا جاتا ہے
مضر اثرات کا انحصار علاج کے مقام پر ہوتا ہے۔ بعض اثرات کئی سال بعد بھی ظاہر ہوتے ہیں۔
Frequently Asked Questions (FAQs)
کیا کونڈروسارکوما ہڈیوں کا کینسر ہے؟
جی ہاں، یہ عموماً ہڈیوں میں شروع ہونے والا نایاب کینسر ہے، جو کرکری ہڈی جیسا مادہ بناتا ہے۔
کونڈروسارکوما کی عام علامات کیا ہیں؟
متاثرہ ہڈی میں بڑھتا ہوا درد، سوجن اور گانٹھ اس کی عام علامات ہیں۔
کیا کونڈروسارکوما کا علاج ممکن ہے؟
رسولی مکمل طور پر سرجری سے نکال دی جائے تو صحت یابی ممکن ہے۔ نتیجے کا انحصار کینسر کی قسم، درجے، مقام اور پھیلاؤ پر ہوتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔