برطانوی ماہرینِ امراضِ قلب نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ ہائی کولیسٹرول صرف موٹاپے کے شکار افراد کا مسئلہ نہیں۔ دبلے پتلے اور بظاہر صحت مند افراد بھی اس کا شکار ہو سکتے ہیں۔
برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کے مطابق ہائی کولیسٹرول عموماً کوئی واضح علامات ظاہر نہیں کرتا۔ یہی وجہ ہے کہ کئی افراد برسوں تک اس سے بے خبر رہتے ہیں۔ طبی جریدے دی لانسٹ میں شائع متعدد تحقیقات کے مطابق زیادہ ایل ڈی ایل یا برا کولیسٹرول دل اور شریانوں کی بیماریوں کا اہم خطرہ ہے۔ یہ خطرہ بظاہر صحت مند افراد میں بھی موجود ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق وزن، جسمانی ساخت یا باقاعدہ ورزش سے کولیسٹرول کی سطح کا درست اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ کولیسٹرول جانچنے کا واحد مؤثر طریقہ خون کا ٹیسٹ ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا کہ بظاہر صحت مند افراد بھی وقتاً فوقتاً کولیسٹرول کی جانچ کرائیں۔ خصوصاً جن افراد کی فیملی ہسٹری موجود ہو، انہیں باقاعدہ سکریننگ کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔