ہیضے سے بچاؤ

ہیضے میں شدید قسم کا ڈائریا ہوتا ہے جو ایک خاص بیکٹیریا (Vibrio cholerae) سے پھیلتا ہے۔ یہ چھوٹی آنت پر حملہ کرکے انفیکشن کا باعث بنتا ہے۔ عام طور پریہ آلودہ پانی یا گلی سڑی سبزیوں کے استعمال سے انسانی جسم میں پہنچتا ہے۔ جن علاقوں میں نالیوں کا پانی پینے کے پانی میں مل رہا ہو‘ وہاں یہ مسئلہ وبائی صورت اختیار کر سکتا ہے۔

اگر اس مرض کا فوری علاج نہ کیا جائے تو مریض کے جسم میں نمکیات کی شدید کمی ہو جاتی ہے۔ یہ ایک خطرناک صورت حال ہوتی ہے جس کی وجہ سے مریض 4 سے 12 گھنٹوں میں کومے میں جا سکتا ہے اور تقریباً 18گھنٹوں کے اندر اس کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

بنیادی علامات

ہیضے کی بنیادی علامات میں شدید قسم کا اسہال اور بار بار قے ہونا شامل ہیں۔ اس میں مریض کو پانی کی طرح کے پتلے دست آتے ہیں جس کی وجہ سے اس کے جسم میں پانی کی شدید کمی ہوجاتی ہے۔ مریض کے دل کی دھڑکن بے قاعدہ ہو جاتی ہے۔ اسے بہت زیادہ پیاس لگتی ہے اور پیٹ میں مروڑ اٹھتے ہیں۔ اسے بہت زیادہ تھکاوٹ اور کمزوری محسوس ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نبض کی رفتار بھی کم ہو جاتی ہے۔ اس کے ہاتھ اور پاؤں کی انگلیوں میں اکڑن سی ہونے لگتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مریض کی آنکھیں اندر کی جانب دھنس جاتی ہیں۔

بچاؤ کی تدابیر

ہیضے سے بچائو کے لئے ان احتیاطی تدابیر پر عمل کریں:

٭ جن علاقوں میں پانی آلودہ ہو‘ وہاں اسے لازمی طور پر ابال کر استعمال کریں۔

٭ کھانے پینے کی چیزوں کی صفائی کا خاص طور پر خیال رکھیں۔

٭ بیماری سے متاثرہ افراد کی قے کو اچھی طرح ٹھکانے لگائیں ورنہ یہ مرض دوسروں تک بھی منتقل ہو سکتا ہے۔

٭ مریض کے زیر استعمال اشیاء (مثلاً کپڑوں ،بستر اورتولیہ وغیرہ )کو جراثیم کش ادویات کی مدد سے جراثیم سے پاک کریں۔

٭ یہ مرض برسات کے موسم میں زیادہ پھیلتا ہے۔ جن علاقوں میں لوگ رفع حاجت کے لیے کھیتوں میں جاتے ہیں‘ وہاں یہ بیکٹیریا زمین کے نیچے جا کر ٹیوب ویل یا تالاب کے پانی میں شامل ہوجاتے ہیں۔ اس طرح وہ پینے کے پانی میں شامل ہو کر مرض کا باعث بنتے ہیں۔ اس لئے اس سے بچنا چاہئے۔

٭ کھانا کھانے سے پہلے اچھی طرح سے ہاتھ دھوئیں۔

٭ گھر کے اندر اوراس کے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ گھر میں آلودہ پانی کی نکاسی کا بہتر انتظام کریں تاکہ وہ آپ کے یا کسی اور کے زیر استعمال پانی کو آلودہ نہ کرسکے۔

 how to prevent cholera, cholera say kaisay bachein, how does cholera spread, what are they ways to prevent spread of cholera

Vinkmag ad

Read Previous

ڈاؤن سینڈروم بچوں میں عام دل کا مرض: اے وی ایس ڈی کیا ہے

Read Next

پیٹ میں درد

Leave a Reply

Most Popular