18 سال سے کم عمر بچے کو جسمانی، جنسی یا جذباتی نقصان پہنچانا بچوں سے بدسلوکی (Child Abuse)، یا بچوں سے زیادتی کہلاتا ہے۔ اس میں بچے کی بنیادی ضروریات نظرانداز کرنا بھی شامل ہے۔
اقسام
جسمانی تشدد: بچے کو مارنا، جلانا یا جسمانی نقصان پہنچانا
جنسی زیادتی: بچے کو جنسی سرگرمیوں میں ملوث کرنا یا جنسی استحصال کا نشانہ بنانا
جذباتی تشدد: بچے کی مسلسل تذلیل کرنا، دھمکانا یا اسے مسترد کرنا
طبی بدسلوکی: بچے کی بیماری کے بارے میں جھوٹی معلومات دینا یا جان بوجھ کر علامات پیدا کرنا۔ اس کے نتیجے میں بچے کے غیرضروری ٹیسٹ یا علاج کیے جاتے ہیں
غفلت: بچے کی خوراک، رہائش، تعلیم، علاج، نگرانی یا جذباتی ضروریات نظرانداز کرنا
علامات
علامات بچے کی عمر اور بدسلوکی کی نوعیت کے مطابق مختلف ہوسکتی ہیں۔ زیر نظر علامات توجہ طلب ہیں، تاہم یہ بدسلوکی کا واضح ثبوت نہیں۔ ظاہری علامات نہ ہونے کے باوجود بھی بدسلوکی ہوسکتی ہے۔ علامات یہ ہیں:
٭ رویے میں اچانک تبدیلی، غصہ یا چڑچڑاپن
٭ دوستوں اور معمول کی سرگرمیوں سے دوری
٭ ایسی چوٹیں، نیل یا جلنے کے نشانات، جن کی وجہ واضح نہ ہو
٭ غیرمعمولی خوف، ڈپریشن یا خود اعتمادی میں کمی
٭ نیند کی خرابی اور ڈراؤنے خواب
٭ سکول سے غیرحاضری یا تعلیمی کارکردگی میں کمی
٭ عمر کے لحاظ سے نامناسب جنسی معلومات یا رویہ
٭ مناسب خوراک، صاف کپڑوں یا ضروری طبی دیکھ بھال کی مسلسل کمی
٭ خود کو نقصان پہنچانا یا خودکشی کی کوشش
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
بچے کے ساتھ بدسلوکی کا شبہ ہو تو فوری مدد حاصل کریں
٭ بچے کے ڈاکٹر سے رابطہ کریں
٭ تحفظِ اطفال کے ادارے یا پولیس کو اطلاع دیں
٭ چوٹ، جنسی زیادتی یا فوری خطرے کی صورت میں ایمرجنسی طبی مدد حاصل کریں
بچے کی بات سکون سے سنیں اور اسے یقین دلائیں کہ اس کی کوئی غلطی نہیں۔ اسے بار بار تفصیلات بتانے پر مجبور نہ کریں۔
خطرے کے عوامل
بعض حالات بدسلوکی کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں، تاہم ان کی موجودگی لازماً بدسلوکی ہونے کا ثبوت نہیں۔ علامات یہ ہیں:
٭ والدین یا نگہداشت کرنے والوں کا بچپن میں بدسلوکی کا شکار ہونا
٭ والدین یا نگہداشت کرنے والوں کے ذہنی صحت کے مسائل
٭ گھریلو تشدد اور خاندانی تنازعات
٭ غربت، بے روزگاری اور مالی مشکلات
٭ سماجی تنہائی اور مددگار افراد کی کمی
٭ والدین یا نگہداشت کرنے والوں کا شراب یا منشیات استعمال کرنا
٭ بچوں کی ضروریات، تربیت اور نشوونما سے متعلق ناکافی معلومات
پیچیدگیاں
بدسلوکی کے جسمانی، ذہنی اور سماجی اثرات طویل عرصے تک برقرار رہ سکتے ہیں۔ ہر بچے میں ان کی نوعیت اور شدت مختلف ہوتی ہے۔
جسمانی اور نشوونما کے مسائل
٭ شدید چوٹیں یا جسمانی معذوری
٭ نشوونما میں رکاوٹ
٭ سیکھنے اور توجہ مرکوز رکھنے میں دشواری
٭ بعد کی زندگی میں بعض دائمی بیماریوں کا بڑھتا خطرہ
رویے اور تعلقات کے مسائل
٭ کم خود اعتمادی اور سماجی تنہائی
٭ دوسروں پر اعتماد کرنے میں دشواری
٭ جارحانہ یا خطرناک رویہ
٭ نشہ آور اشیا کا استعمال
٭ خود کو نقصان پہنچانا یا خودکشی کی کوشش
ذہنی صحت کے مسائل
٭ ڈپریشن اور بے چینی
٭ بعد از صدمہ ذہنی دباؤ کا عارضہ (PTSD)
٭ نیند اور کھانے پینے کے مسائل
بچاؤ کی تدابیر
محفوظ ماحول، مثبت تربیت اور بروقت مدد بدسلوکی کا خطرہ کم کرسکتے ہیں۔ بچے کی حفاظت کی ذمہ داری بڑوں پر ہے۔ اس سلسلے میں ان ہدایات پر عمل کریں:
٭ بچے کی بات سنیں اور اس کے ساتھ اعتماد کا رشتہ قائم کریں
٭ مارپیٹ، دھمکیوں اور تذلیل کے بجائے مثبت تربیت کے طریقے اپنائیں
٭ بچے کی مناسب نگرانی کریں اور اس کے دوستوں اور نگہداشت کرنے والوں کو جانیں
٭ بچے کو جسمانی حدود، نامناسب لمس اور قابلِ اعتماد بڑے سے مدد لینے کے بارے میں بتائیں
٭ آن لائن حفاظت اور ذاتی معلومات محفوظ رکھنے کے طریقے سمجھائیں
٭ خاندان اور معاشرے میں مددگار تعلقات قائم رکھیں
٭ غصے یا ذہنی دباؤ پر قابو پانے میں دشواری ہو تو پیشہ ورانہ مدد لیں
تشخیص
بدسلوکی کی شناخت کے لیے تربیت یافتہ ماہرین بچے کی صحت، رویے اور حالات کا جائزہ لیتے ہیں۔ صرف کسی ایک علامت یا ٹیسٹ سے ہر معاملے کی تصدیق نہیں ہوسکتی۔
٭ جسمانی معائنہ اور چوٹوں کی جانچ
٭ ضرورت کے مطابق ایکس رے اور لیبارٹری ٹیسٹ
٭ بچے کی طبی تاریخ اور نشوونما کا جائزہ
٭ بچے سے عمر کے مطابق، محفوظ ماحول میں گفتگو
٭ والدین یا نگہداشت کرنے والوں سے معلومات حاصل کرنا
٭ بچے کے رویے اور خاندانی تعلقات کا مشاہدہ
ضرورت پڑنے پر تحفظِ اطفال کے ادارے کو شامل کیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد بچے کی حفاظت اور مزید جانچ یقینی بنانا ہے۔
علاج
علاج کی پہلی ترجیح بچے کو محفوظ رکھنا اور مزید بدسلوکی روکنا ہے۔ طبی دیکھ بھال سے چوٹوں اور دیگر جسمانی مسائل کا علاج کیا جاتا ہے۔
نفسیاتی علاج بچے کو صدمے سے نپٹنے، اعتماد بحال کرنے اور تعلقات بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ ضرورت کے مطابق محفوظ اور معاون نگہداشت کرنے والوں کو بھی علاج میں شامل کیا جاتا ہے۔ بعض بچوں کو طویل مدتی مدد درکار ہوتی ہے۔
Frequently Asked Questions (FAQs)
بچوں سے بدسلوکی کی نمایاں علامات کیا ہیں؟
اچانک رویے میں تبدیلی، خوف، تنہائی، غیر واضح چوٹیں اور نیند کے مسائل ممکنہ علامات ہیں۔ تنہا یہ علامات بدسلوکی کا ثبوت نہیں۔
بچوں سے بدسلوکی کا شبہ ہو تو کیا کریں؟
بچے کو محفوظ رکھیں اور ڈاکٹر، تحفظِ اطفال کے ادارے یا پولیس سے رابطہ کریں۔ فوری خطرے یا شدید چوٹ کی صورت میں ایمرجنسی مدد حاصل کریں۔
کیا بچوں سے بدسلوکی کے اثرات کا علاج ممکن ہے؟
جی ہاں، طبی دیکھ بھال، نفسیاتی علاج اور محفوظ ماحول سے بہتری ممکن ہے۔ بحالی میں وقت لگ سکتا ہے، اور بعض بچوں کو مسلسل مدد درکار ہوتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز سے رجوع کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=psychiatrist