صوبہ سندھ میں ایچ پی وی ویکسین کو معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس کا مقصد بچیوں کو سرویکل کینسر سے محفوظ رکھنا ہے۔
محکمۂ صحت کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق یکم جنوری 2026 سے ہو گا۔ ویکسین 9 سالہ بچیوں کو مفت دی جائے گی۔ اس کیلئے کم از کم 70 فیصد کوریج کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے ضلعی افسران کو اس حوالے سے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
سندھ حکومت نے 15 ستمبر 2025 کو صوبہ گیر ویکسینیشن مہم شروع کی تھی۔ اس مہم میں 41 لاکھ بچیوں کی ویکسینیشن کا ہدف تھا، تاہم حکام کے مطابق 65 فیصد سے زائد کوریج حاصل ہوئی۔ ماہرین کے مطابق ہیومن پیپیلوما وائرس سرویکل کینسر کی بنیادی وجہ ہے۔ ایچ پی وی ویکسین اس کے خلاف محفوظ اور مؤثر سمجھی جاتی ہے۔