بریسٹ کینسر (Breast cancer) ایسی بیماری ہے جس میں چھاتی کے خلیے غیر معمولی طور پر بڑھنے لگتے ہیں اور رسولی (ٹیومر) بنا لیتے ہیں۔ اگرچہ یہ بیماری خواتین میں زیادہ عام ہے، لیکن ہر وہ شخص جس کے جسم میں چھاتی کا ٹشو موجود ہو، اس کا شکار ہو سکتا ہے۔
اگر بیماری کی تشخیص ابتدائی مرحلے میں ہو جائے تو کامیاب علاج کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ جاتے ہیں۔ اگرچہ بعض صورتوں میں بریسٹ کینسر مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا، لیکن جدید علاج مریض کی زندگی کو طویل کرنے اور معیارِ زندگی بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
علامات
بریسٹ کینسر کی عام علامات میں شامل ہیں:
٭ چھاتی میں گلٹی یا ایسا سخت حصہ محسوس ہونا جو اردگرد کے ٹشو سے مختلف ہو
٭ نپل کا چپٹا دکھائی دینا یا اندر کی طرف مڑ جانا
٭ چھاتی کی جلد کے رنگ میں تبدیلی، جیسے سرخی، گلابی، جامنی یا معمول سے زیادہ گہرا ہونا
٭ چھاتی کے سائز، شکل یا ظاہری صورت میں تبدیلی
٭ چھاتی کی جلد پر گڑھے پڑ جانا یا اس کا مالٹے کے چھلکے جیسا دکھائی دینا
٭ چھاتی کی جلد کا اترنا، کھردرا ہونا، پرت بننا یا چھلکے اترنا
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
اگر چھاتی میں گلٹی یا کوئی غیر معمولی تبدیلی محسوس ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ اگلے میموگرام کا انتظار نہ کریں، چاہے حال ہی میں کرایا گیا میموگرام معمول کے مطابق ہی کیوں نہ آیا ہو۔
وجوہات
٭ بریسٹ کینسر کی زیادہ تر اقسام کی درست وجہ معلوم نہیں
٭ یہ بیماری اس وقت پیدا ہوتی ہے جب چھاتی کے خلیوں کے ڈی این اے میں تبدیلی آ جاتی ہے
٭ زیادہ تر بریسٹ کینسر دودھ لے جانے والی نالیوں سے شروع ہوتے ہیں۔ بعض اقسام دودھ بنانے والے غدود، یعنی لوبیولز، سے شروع ہوتی ہیں
خطرے کے عوامل
بریسٹ کینسر کے خطرے میں اضافہ کرنے والے عوامل میں شامل ہیں:
٭ فیملی میں بریسٹ کینسر کی ہسٹری
٭ پہلے ایک چھاتی میں کینسر ہو چکا ہونا
٭ چھاتی کی بعض بیماریاں
٭ 12 سال کی عمر سے پہلے ماہواری شروع ہونا
٭ 55 سال کی عمر کے بعد سنِ یاس (مینوپاز) آنا
٭ چھاتی کا ٹشو زیادہ گھنا ٹشو ہونا، جس سے میموگرام میں کینسر کی تشخیص مشکل ہو سکتی ہے
٭ شراب نوشی
٭ 30 سال کی عمر کے بعد پہلے بچے کی پیدائش
٭ کبھی حاملہ نہ ہونا
٭ عمر میں اضافہ
٭ والدین سے وراثت میں ملنے والی بی آر سی اے 1 اور بی آر سی اے 2 جین کی تبدیلیاں
٭ سنِ یاس کے دوران ہارمون تھراپی کا استعمال
٭ موٹاپا
٭ بچپن یا نوجوانی میں سینے پر ریڈی ایشن تھراپی کروانا
بچاؤ کی تدابیر
روزمرہ زندگی میں چند تبدیلیاں لا کر بریسٹ کینسر کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ان میں شامل ہیں:
٭ بریسٹ کینسر کی سکریننگ پرڈاکٹرسے مشورہ کریں
٭ اپنی چھاتیوں کی معمول کی ساخت اور شکل سے واقف رہیں۔ وقتاً فوقتاً خود معائنہ کریں اور اگر کوئی نئی گلٹی یا غیر معمولی تبدیلی محسوس ہو تو فوراً کسی طبی ماہر کو آگاہ کریں
٭ اگر شراب پیتے ہیں تو اسے محدود رکھیں، یا بہتر ہے کہ بالکل نہ پئیں
٭ ہفتے کے زیادہ تر دن کم از کم 30 منٹ ورزش کریں
٭ سنِ یاس کے دوران ہارمون تھراپی صرف ضرورت کے مطابق اور کم سے کم مدت کے لیے استعمال کریں
٭ صحت مند وزن برقرار رکھیں
تشخیص
چھاتی کا طبی معائنہ: طبی ماہر چھاتیوں، نپلز، بغلوں اور کالر بون کے اردگرد کے حصے کا معائنہ کرتا ہے
میموگرام: میموگرام چھاتی کا ایکس رے اور بریسٹ کینسر کی سکریننگ کا بنیادی ٹیسٹ ہے۔ اگر سکریننگ میموگرام میں کوئی مشکوک حصہ نظر آئے تو مزید تفصیلی تشخیصی میموگرام کیا جاتا ہے
چھاتی کا الٹراساؤنڈ: الٹراساؤنڈ سے معلوم کیا جا سکتا ہے کہ گلٹی ٹھوس ہے یا اس میں سیال بھرا ہوا ہے
چھاتی کا ایم آر آئی: یہ ٹیسٹ متاثرہ چھاتی میں کینسر کے مزید حصوں یا دوسری چھاتی میں سرطان کی موجودگی جانچنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے
بائیوپسی: سوئی کی مدد سے چھاتی سے ٹشو کا ایک نمونہ لیا جاتا ہے
بریسٹ کینسر کے مراحل
کینسر کی تشخیص کے بعد اس کے پھیلاؤ کی حد جاننے کے لیے مزید ٹیسٹ کیے جا سکتے ہیں، جسے سٹیجنگ کہا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے درج ذیل ٹیسٹ کیے جا سکتے ہیں:
٭ خون کے ٹیسٹ، جن میں کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ اور گردوں و جگر کے افعال کے ٹیسٹ شامل ہیں
٭ ہڈیوں کا سکین
٭ سی ٹی سکین
٭ ایم آر آئی
٭ پی ای ٹی سکین
ہر مریض کو یہ تمام ٹیسٹ کروانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ڈاکٹر مریض کی کیفیت کے مطابق مناسب ٹیسٹ منتخب کرتے ہیں۔
بریسٹ کینسر کی سٹیجز 0 سے 4 تک ہوتی ہے۔
سٹیج 0: کینسر صرف دودھ کی نالیوں تک محدود ہوتا ہے اور اردگرد کے ٹشو میں نہیں پھیلا ہوتا
سٹیج 1 سے 3: کینسر بتدریج چھاتی کے ٹشو اور قریبی لمف نوڈز تک پھیلتا جاتا ہے
سٹیج 4: کینسر جسم کے دوسرے حصوں تک پھیل چکا ہوتا ہے، جسے میٹاسٹیٹک بریسٹ کینسر کہا جاتا ہے
علاج کا منصوبہ
علاج کا منصوبہ ہر مریض کے لیے مختلف ہوتا ہے۔ اس کا انحصار کینسر کی سٹیج، اس کی بڑھنے کی رفتار، کینسر کے خلیوں کی ہارمونز کے لیے حساسیت، مریض کی مجموعی صحت اور اس کی ذاتی ترجیحات پر ہوتا ہے۔
سرجری
٭ صرف کینسر کو نکالنا (لمپیکٹومی)
٭ پوری چھاتی کو نکالنا (ماسٹیکٹومی)
٭ زیادہ لمف نوڈز کو نکالنا
٭ دونوں چھاتیوں کو نکالنا
٭ چھاتی کی دوبارہ تشکیل
ریڈی ایشن تھراپی
٭ ریڈی ایشن تھراپی میں طاقتور شعاعوں کے ذریعے کینسر کے خلیوں کو ختم کیا جاتا ہے
٭ بریسٹ کینسر میں زیادہ تر ایکسٹرنل بیم ریڈی ایشن تھراپی استعمال کی جاتی ہے
٭ ریڈی ایشن تھراپی عموماً سرجری کے بعد دی جاتی ہے
کیموتھراپی
٭ کیموتھراپی میں طاقتور ادویات کے ذریعے کینسر کے خلیوں کو ختم کیا جاتا ہے
٭ بریسٹ کینسر میں کیموتھراپی عموماً سرجری کے بعد دی جاتی ۔بعض مریضوں کو پہلے بھی دی جاتی ہے تاکہ رسولی سکڑ جائے اور اسے نکالنا آسان ہو جائے
ہارمون تھراپی
ہارمون تھراپی ان بریسٹ کینسرز کے علاج کے لیے استعمال ہوتی ہے جو ایسٹروجن یا پروجیسٹرون ہارمونز کے لیے حساس ہوتے ہیں۔ یہ عموماً سرجری اور دیگر علاج مکمل ہونے کے بعد دی جاتی ہے۔
ٹارگٹڈ تھراپی
ٹارگٹڈ تھراپی میں ایسی ادویات استعمال کی جاتی ہیں جو کینسر کے خلیوں میں موجود مخصوص کیمیائی اجزا یا پروٹین کو نشانہ بناتی ہیں۔ ان اجزا کو روکنے سے کینسر کے خلیے ختم ہونے لگتے ہیں۔
امیونوتھراپی
امیونوتھراپی ایسی ادویات پر مشتمل علاج ہے جو جسم کے مدافعتی نظام کو کینسر کے خلیوں کی شناخت اور انہیں ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ علاج خاص طور پر ٹرپل نیگیٹو بریسٹ کینسر میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس قسم کے کینسر کے خلیوں میں ایسٹروجن، پروجیسٹرون یا ایچ ای آر 2 کے ریسیپٹر موجود نہیں ہوتے۔
Frequently Asked Questions (FAQs)
کیا بریسٹ کینسر کی ہر مریضہ کو پوری چھاتی نکلوانی پڑتی ہے؟
نہیں۔ اگر رسولی چھوٹی ہو اور حالات مناسب ہوں تو صرف رسولی اور اس کے اردگرد کا کچھ صحت مند ٹشو نکالا جا سکتا ہے، جسے لمپیکٹومی کہا جاتا ہے۔
کیا بریسٹ کینسر کی تمام اقسام میں ہارمون تھراپی مؤثر ہوتی ہے؟
نہیں۔ ہارمون تھراپی صرف ان کینسرز میں مؤثر ہوتی ہے جن کے خلیے ایسٹروجن یا پروجیسٹرون ہارمونز کے لیے حساس ہوتے ہیں۔
ٹارگٹڈ تھراپی شروع کرنے سے پہلے کینسر کے خلیوں کی جانچ کیوں کی جاتی ہے؟
اس لیے کہ معلوم کیا جا سکے کہ کینسر کے خلیوں میں وہ مخصوص پروٹین یا دیگر خصوصیات موجود ہیں جنہیں ٹارگٹڈ ادویات مؤثر انداز میں نشانہ بنا سکتی ہیں
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=oncologist