
٭٭ بی بی کریم سے مراد داغ دھبے دور کرنے یاچہرے پر نکھار لانے والی کریم ہے۔ یہ اصطلاح ان مصنوعات کے لئے استعمال کی جاتی ہے جن کے ایک سے زیادہ فوائد ہوں۔ مختلف کمپنیوں کی تیارکردہ بی بی کریموں میں مختلف اجزاء استعمال ہوتے ہیں اور ان کے اثرات بھی مختلف ہوتے ہیں۔ عموماً ان زیبائشی مصنوعات میں دوا کا اثر بھی پایا جاتا ہے۔ ایسے میں آپ ایک چیز کے لئے دوکی ادائیگی کر رہی ہوتی ہیں۔
اس کریم کازیبائشی حصہ چند اجزاء پر مشتمل ہوتا ہے ۔ یہ جلدمیں چمک، داغ دھبوں کو دور اور رنگت نکھارنے کے لئے ماسک کا کام کرتا ہے۔ مختلف کمپنیاں اپنی مصنوعات میں دیگر اجزاء شامل کر کے انہیں چکنی یا خشک جلد کے لئے موزوں بناتی ہیں۔
مشرق میں شہرت پانے کے بعد اب یہ مصنوعات مغرب میں بھی تیزی سے مقبول ہورہی ہیں۔ آپ کی سہیلی کا مشورہ صائب ہے اورآپ اس کریم کو سن بلاک کے طور پر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔ تاہم آپ کو موزوں برانڈکا انتخاب کرنا ہوگا کیونکہ کچھ کریموں سے رنگت نکھرنے کی بجائے ماند پڑ سکتی ہے۔ آپ کا انتخاب آپ کی جلد اور پسند کے موافق ہونا چاہئے۔
اگر آپ مصنوعات کا انتخاب اپنی رنگت اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتی ہیں تو ان کے استعمال میں کوئی حرج نہیں ہے۔ قابل اعتماد کمپنی کی مصنوعات کو ترجیح دینے کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی قسم کے ضمنی اثرات سے اپنی جلد کو محفوظ کر لینا ہے۔
BB creams, effective or not, alternate for sunblock