Vinkmag ad

بارتھولن سسٹ: خواتین کی صحت کا ایک عام مسئلہ

Medical syringe inflating a Word catheter balloon during a Bartholin's cyst treatment procedure to help drain the cyst

بارتھولن غدود وجائنا کے دہانے کے دونوں جانب موجود ہوتے ہیں۔ یہ ایسی رطوبت خارج کرتے ہیں جو وجائنا کو نم اور چکنا رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ بعض اوقات ان غدود کی نالیاں بند ہو جاتی ہیں، جس سے رطوبت غدود کے اندر جمع ہونے لگتی ہے۔ اس کے نتیجے میں عموماً ہلکی یا بغیر درد کی سوجن پیدا ہوتی ہے، جسے بارتھولن سسٹ (Bartholin’s cyst) کہا جاتا ہے۔ اگر سسٹ میں موجود رطوبت میں انفیکشن ہو جائے تو سوجن زدہ ٹشوز کے اندر پیپ جمع ہو جاتی ہے، جسے ایبسیس (پھوڑا) کہا جاتا ہے۔

علامات

اگر بارتھولن سسٹ چھوٹی ہو اور اس میں انفیکشن نہ ہو تو ممکن ہے آپ کو اس کا احساس بھی نہ ہو۔ اگر سسٹ بڑی ہو جائے تو وجائنا کے دہانے کے قریب گلٹی یا ابھار محسوس ہو سکتا ہے۔ اگرچہ سسٹ عموماً درد نہیں کرتی، لیکن اسے چھونے پر تکلیف محسوس ہو سکتی ہے۔

اگر بارتھولن سسٹ میں انفیکشن ہو جائے تو درج ذیل علامات ظاہر ہو سکتی ہیں:

٭ وجائنا کے دہانے کے قریب درد والی گلٹی

٭ چلنے یا بیٹھنے میں تکلیف

٭ جنسی تعلق کے دوران درد

٭ بخار

بارتھولن سسٹ یا پھوڑا عموماً وجائنا کے دہانے کی صرف ایک جانب بنتا ہے۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

اگر وجائنا کے دہانے کے قریب درد والی گلٹی ہو اور دو یا تین دن کی گھریلو نگہداشت کے باوجود بہتر نہ ہو تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ اگر درد شدید ہو تو فوراً ڈاکٹر سے وقت لیں۔

اگر آپ کی عمر 40 سال سے زیادہ ہے اور وجائنا کے دہانے کے قریب نئی گلٹی محسوس ہو تو بھی فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ اگرچہ ایسا کم ہوتا ہے، لیکن یہ کسی زیادہ سنگین بیماری، جیسے کینسر، کی علامت ہو سکتی ہے۔

وجوہات

بارتھولن سسٹ کی بنیادی وجہ غدود کے اندر رطوبت کا جمع ہونا ہے۔ انفیکشن یا چوٹ کے باعث غدود کی نالی بند ہونا اس کا عمومی سبب ہے۔

مختلف اقسام کے بیکٹیریا اس انفیکشن کا سبب بن سکتے ہیں، جن میں ای کولی اور جنسی طور پر منتقل ہونے والے انفیکشنز پیدا کرنے والے بیکٹیریا شامل ہیں۔

پیچیدگیاں

بارتھولن سسٹ یا پھوڑا دوبارہ بھی بن سکتا ہے، جس کے باعث دوبارہ علاج کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔

بچاؤ کی تدابیر

بارتھولن سسٹ سے مکمل طور پر بچاؤ کا کوئی یقینی طریقہ موجود نہیں۔ تاہم محفوظ جنسی تعلق، خصوصاً کنڈوم کا استعمال، اور صفائی کی عادات سسٹ میں اس کا خطرہ کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

تشخیص

بارتھولن سسٹ کی تشخیص کے لیے ڈاکٹر درج ذیل اقدامات کر سکتے ہیں:

٭ آپ کی میڈیکل ہسٹری کے بارے میں سوالات پوچھنا

٭ تولیدی اعضا کا معائنہ کرنا

٭ وجائنا یا رحم کی گردن سے رطوبت کا نمونہ لے کر جنسی طور پر منتقل ہونے والے انفیکشن کی جانچ کرنا

٭ اگر آپ مینوپاز کی عمر میں ہوں یا آپ کی عمر 40 سال سے زیادہ ہو تو بائیوپسی ک یمدد سے کینسر خلیوں کی جانچ کرنا

علاج

٭ اکثر بارتھولن سسٹ کے لیے علاج کی ضرورت نہیں ہوتی، خاص طور پر اگر کوئی علامت یا تکلیف نہ ہو

٭ علاج کا انحصار سسٹ کے سائز، تکلیف کی شدت اور انفیکشن کی موجودگی پر ہوتا ہے

٭ سرجری کے ذریعے رطوبت نکالنا

٭ اینٹی بائیوٹکس کا استعمال

٭ ایک پروسیجر جس میں ایک مستقل سوراخ بنا دیا جاتا ہے۔ پروسیجر کے بعد چند دن کے لیے کیتھیٹر بھی لگایا جا سکتا ہے تاکہ رطوبت آسانی سے خارج ہو اور سسٹ دوبارہ نہ بنے

٭ بہت کم صورتوں میں بارتھولن غدود کو سرجری کے ذریعے نکالنا پڑ سکتا ہے

گھریلو نگہداشت

٭ روزانہ کئی بار گرم پانی میں بیٹھیں

٭ ضرورت پڑنے پر پین کلرز کا استعمال

Frequently Asked Questions (FAQs)

کیا بارتھولن سسٹ ہمیشہ انفیکشن کی وجہ سے بنتا ہے؟

سسٹ عموماً غدود کی نالی بند ہونے سے بنتی ہے۔ بعد میں انفیکشن اسے پھوڑے میں تبدیل کر سکتا ہے۔

کیا بارتھولن سسٹ خود بھی ٹھیک ہو سکتا ہے؟

جی ہاں، چھوٹی سسٹ بعض اوقات گرم پانی میں باقاعدگی سے بیٹھنے سے خود پھٹ کر ٹھیک ہو جاتی ہے۔

کیا ہر بارتھولن سسٹ میں اینٹی بائیوٹکس ضروری ہوتی ہیں؟

نہیں، اگر پھوڑے سے رطوبت مکمل طور پر خارج کر دی جائے تو ہر مریض کو اینٹی بائیوٹکس کی ضرورت نہیں ہوتی۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=ob-gyne

 

Vinkmag ad

Read Previous

ایوسینوفیلیا: خون میں ایوسینوفلز کی زیادتی

Read Next

اکیلیس ٹینڈن پھٹ جانا: ایڑی کے پچھلے حصے کی چوٹ

Leave a Reply

Most Popular