اے وی نوڈ ایبلیشن (AV Node Ablation) دل کی بے قاعدہ اور اکثر بہت تیز دھڑکن (ایٹریئل فبریلیشن) کے علاج کا ایک طریقہ ہے۔ اس میں حرارتی توانائی کی مدد سے دل کے بالائی اور نچلے خانوں کے درمیان موجود ایک چھوٹے سے حصے کو ختم کیا جاتا ہے۔ اس حصے کو ایٹریووینٹریکولر نوڈ یا مختصراً ”اے وی نوڈ” کہا جاتا ہے۔
کیوں کیا جاتا ہے
اگر ایٹریئل فبریلیشن ادویات یا دیگر علاج سے قابو میں نہ آئے، تو اے وی نوڈ ایبلیشن کی جا سکتی ہے۔ اس علاج کے بعد مستقل پیس میکر لگانا ضروری ہوتا ہے، لہٰذا اسے عموماً آخری آپشن سمجھا جاتا ہے۔
علاج سے پہلے
اے وی نوڈ ایبلیشن سے پہلے دل کی صحت جانچنے کے لیے مختلف ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ بعض مریضوں میں پیس میکر ایبلیشن سے چند ہفتے پہلے لگا دیا جاتا ہے۔ اس کا مقصد یہ تصدیق کرنا ہوتا ہے کہ وہ ٹھیک کام کر رہا ہے۔
علاج کے دوران
یہ پروسیجر ہسپتال میں کیا جاتا ہے۔ پروسیجر کے دوران آپ جاگ رہے ہوتے ہیں یا سکون بخش دوا کے اثر میں ہو سکتے ہیں۔ بعض مریضوں کو جنرل اینستھیزیا دیا جاتا ہے۔ اینستھیزیا کی نوعیت کا انحصار دل کی بے قاعدہ دھڑکن کی قسم اور مریض کی مجموعی صحت پر ہوتا ہے۔
ڈاکٹر عموماً ران کی ایک خون کی نالی میں کیتھیٹر داخل کرکے اسے دل تک پہنچاتے ہیں۔ کیتھیٹر کے سرے پر موجود آلات اے وی نوڈ تک ریڈیو فریکوئنسی (حرارتی) توانائی پہنچاتے ہیں۔ اس کے ذریعے وہاں کا ٹشو ختم کیا جاتا ہے۔ اس طرح دل کے بالائی اور نچلے خانوں کے درمیان غیر معمولی برقی سگنلز کی ترسیل رک جاتی ہے۔ اس سے دھڑکن میں بے قاعدگی میں کمی آتی ہے۔
اگر پہلے سے پیس میکر نہ لگا ہو، تو اے وی نوڈ ایبلیشن مکمل ہونے کے بعد ڈاکٹر جلد کے اندر پیس میکر نصب کر دیتے ہیں، تاکہ دل کی دھڑکن مناسب رفتار سے برقرار رہے۔
علاج کے بعد
اے وی نوڈ ایبلیشن کے بعد آپ کو ریکوری روم میں منتقل کیا جاتا ہے، جہاں طبی عملہ آپ کی حالت پر مسلسل نظر رکھتا ہے۔
اگر طبیعت بہتر ہو تو آپ اسی دن گھر جا سکتے ہیں، تاہم بعض مریضوں کو کم از کم ایک رات ہسپتال میں رہنا پڑتا ہے۔
نتائج
اے وی نوڈ ایبلیشن کے بعد ایٹریئل فبریلیشن کی علامات میں عموماً نمایاں کمی آتی ہے اور مریض کے معیارِ زندگی میں بہتری آتی ہے۔
٭ فالج کے خطرے کو کم کرنے کے لیے بہت سے مریضوں کو خون پتلا کرنے والی ادویات بدستور استعمال کرنا پڑتی ہیں
نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️
https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=cardiologist