Vinkmag ad

ایٹوپک ڈرماٹائٹس (ایگزیما)

Close-up of a baby's hands with atopic dermatitis resting in the hands of an adult

ایٹوپک ڈرماٹائٹس (Atopic dermatitis)  یا ایگزیما (eczema) ایک طویل مدتی جلدی بیماری ہے، جس میں جلد خشک، خارش زدہ اور سوزش کا شکار ہو جاتی ہے۔ یہ زیادہ تر کم عمر بچوں میں ہوتی ہے، لیکن کسی بھی عمر میں لاحق ہو سکتی ہے۔ بیماری وقتاً فوقتاً شدت اختیار کر سکتی ہے، مگر یہ متعدی نہیں ہوتی۔ ایگزیما کے شکار افراد میں خوراکی الرجی، ہے فیور (پولن الرجی) اور دمہ کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

علامات

علامات جسم کے کسی بھی حصے پر ظاہر ہو سکتی ہیں۔ مثلاً:

٭ خشک اور پھٹی ہوئی جلد

٭ شدید خارش

٭ سوجن زدہ جلد پر دانے

٭ بھوری یا سیاہ جلد پر چھوٹے، ابھرے ہوئے دانے

٭ جلد سے رطوبت خارج ہونا اور خشک پرت بن جانا

٭ جلد کا موٹا ہو جانا

٭ آنکھوں کے گرد جلد کا گہرا ہونا

٭ بار بار کھجانے سے جلد کا زخمی اور حساس ہونا

یہ بیماری عموماً پانچ سال کی عمر سے پہلے شروع ہوتی ہے اور نوجوانی یا بالغ عمر تک برقرار رہ سکتی ہے۔ بعض افراد میں علامات کئی سال تک غائب رہنے کے بعد دوبارہ ظاہر ہو سکتی ہیں۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

درج ذیل صورتوں میں ڈاکٹر سے مشورہ کریں:

٭ علامات کی وجہ سے نیند یا روزمرہ سرگرمیاں متاثر ہوں

٭ جلد میں انفیکشن کی علامات، جیسے سرخ لکیریں، پیپ یا زرد پرت بن جائے

٭ احتیاطی تدابیر کے باوجود علامات برقرار رہیں

اگر بخار ہو اور دانے انفیکشن زدہ محسوس ہوں تو فوراً طبی امداد حاصل کریں۔

وجوہات

ایگزیما عموماً جلد کی کمزور حفاظتی تہہ، جینیاتی عوامل اور مدافعتی نظام کے غیر معمولی ردعمل سے ہوتا ہے۔ اس کے باعث جلد نمی برقرار نہیں رکھ پاتی۔ ایسے میں بیکٹیریا، الرجی پیدا کرنے والے مادوں اور ماحولیاتی عوامل سے مناسب تحفظ نہیں مل پاتا۔

بعض افراد میں اسٹیفیلوکوکس اوریئس (Staphylococcus aureus) بیکٹیریا کی زیادتی بھی بیماری کو بڑھا دیتی ہے۔

خطرے کے عوامل

٭ اس سے قبل ایگزیما، الرجی، ہے فیور یا دمہ ہونا

٭ فیملی میں ان بیماریوں کی موجودگی

پیچیدگیاں

٭ دمہ اور ہے فیور

٭ فود الرجی اور چھپاکی (Urticaria)

٭ دائمی خارش اور جلد کا موٹا یا کھردرا ہونا

٭ جلد کی رنگت کا ہلکا یا گہرا ہونا

٭ جلد کا بیکٹیریا یا وائرس سے انفیکشن

٭ ہاتھوں کی جلن والی جلدی بیماری

٭ الرجک کانٹیکٹ ڈرماٹائٹس

٭ نیند کے مسائل

٭ ڈپریشن اور بے چینی

بچاؤ

جلد کی مناسب دیکھ بھال ایگزیما کی شدت کم کرنے یا اس کے دوبارہ شدت اختیار کرنے سے بچانے میں مدد دیتی ہے۔

٭ دن میں کم از کم دو بار موئسچرائزر استعمال کریں۔ خوشبو، رنگ اور الکحل سے پاک مصنوعات بہتر ہیں۔ بچوں میں پیٹرولیم جیلی بھی مفید ہو سکتی ہے

٭ روزانہ تقریباً 10 منٹ نیم گرم پانی سے نہائیں

٭ نرم، بغیر صابن والا کلینزر استعمال کریں اور جلد کو نہ رگڑیں

٭ نہانے کے بعد جلد خشک کرکے تین منٹ کے اندر موئسچرائزر لگا لیں

ایگزیما میں شدت لانے والے عوامل

ہر مریض میں محرکات مختلف ہو سکتے ہیں، اس لیے انہیں پہچان کر ان سے بچنے کی کوشش کریں۔

عام محرکات میں شامل ہیں:

٭ کھردرا اونی کپڑا

٭ جلد کا خشک ہونا

٭ جلد کا انفیکشن

٭ گرمی، پسینہ اور ذہنی دباؤ

٭ صفائی کی مصنوعات

٭ گرد، پالتو جانوروں کی جلد کے باریک ذرات، پھپھوندی اور پولن

٭ تمباکو کا دھواں، سرد و خشک موسم، خوشبو دار مصنوعات اور دیگر کیمیائی مادے

٭ بعض بچوں میں انڈے، گائے کا دودھ یا بعض دیگر غذائیں بھی بیماری کو بڑھا سکتی ہیں

تشخیص

٭ تشخیص کے لیے ڈاکٹر علامات، میڈیکل ہسٹری اور جلد کا معائنہ کرتے ہیں

٭ ضرورت پڑنے پر الرجی یا دیگر جلدی بیماریوں کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کیے جا سکتے ہیں

٭ پیچ ٹیسٹ میں مختلف مادے جلد پر لگا کر الرجی کے ردعمل کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس سے مخصوص الرجی کی تشخیص میں مدد ملتی ہے

علاج

علاج کا آغاز عموماً موئسچرائزر اور جلد کی مناسب دیکھ بھال سے کیا جاتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ڈاکٹر میڈیکیٹڈ کریمیں، مرہم یا دیگر علاج تجویز کرتے ہیں۔

ادویات

٭ جلد پر لگانے والی کریمیں، جیل اور مرہم

٭ جلدی انفیکشن کی صورت میں اینٹی بائیوٹک ادویات

٭ شدید ایگزیما میں سوزش کم کرنے والی گولیاں

٭ درمیانے یا شدید ایگزیما میں بائیولوجیکل انجیکشن

دیگر علاج

٭ ویٹ ڈریسنگ

٭ فوٹوتھراپی (روشنی کے ذریعے علاج)

٭ نفسیاتی مشاورت

٭ رویے میں تبدیلی، ذہنی سکون اور بائیوفیڈ بیک

بچوں میں ایگزیما

٭ جلد کو جلن پیدا کرنے والی چیزوں سے بچائیں

٭ بہت زیادہ گرمی یا سردی سے پرہیز کریں

٭ نیم گرم پانی سے تھوڑا سا نہلائیں اور فوراً موئسچرائزر لگائیں

اگر دانے بہتر نہ ہوں یا انفیکشن ہو جائے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ضرورت پڑنے پر نسخے کی دوا دی جا سکتی ہے۔

طرزِ زندگی اور گھریلو احتیاط

٭ دن میں کم از کم دو بار موئسچرائزر استعمال کریں

٭ ضرورت پڑنے پر ہائیڈروکارٹیزون کریم یا اینٹی ہسٹامین ڈاکٹر کے مشورے سے استعمال کریں

٭ جلد کھجانے سے گریز کریں، ناخن چھوٹے رکھیں اور بچوں کو رات کے وقت دستانے یا موزے پہنائیں

٭ روزانہ نیم گرم پانی سے کم وقت کے لیے نہائیں

٭ نرم، بغیر صابن والا کلینزر استعمال کریں

٭ شدید یا بار بار ہونے والے ایگزیما میں ڈاکٹر کے مشورے سے بلیچ باتھ کیا جا سکتا ہے

٭ گھر میں نمی برقرار رکھنے کے لیے ہیومیڈیفائر استعمال کریں

٭ نرم، ڈھیلے اور ہوا گزرنے والے کپڑے پہنیں اور سخت ڈٹرجنٹس سے پرہیز کریں

٭ ذہنی دباؤ اور بے چینی پر قابو پانے کی کوشش کریں، کیونکہ یہ بیماری کو بڑھا سکتے ہیں۔

جلد کو باقاعدگی سے نمی فراہم کرنا اور مناسب دیکھ بھال کرنا علامات کم کرنے اور بیماری کو دوبارہ شدید ہونے سے روکنے میں مدد دیتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون صرف قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں ہمیشہ اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ڈاکٹر سے رابطے کے لیے لنک پر کلک کریں ⬇️

https://www.shifa.com.pk/find-a-doctor?speciality=dermatologist

Vinkmag ad

Read Previous

رکٹس

Read Next

کمر درد

Leave a Reply

Most Popular