Vinkmag ad

انگور گر کھٹے نہ ہوں

منفرد ساخت ،کھٹے میٹھے ذائقے اور خوشنما رنگوں کا حامل انگوربہت سے لوگوں کا پسندیدہ ترین پھل ہے۔ یہ مختلف ممالک میں سبز،سرخ اور جامنی رنگوں میں پایاجاتا ہے تاہم ہمارے ہاں سبز اور جامنی انگور زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ یہ نہ صرف غذائیت سے بھرپور ہے بلکہ کئی امراض میں بھی مفید ہے۔انگوروٹامن سی کا خزانہ ہے اور اس کے اندرمختلف اینٹی آکسی ڈنٹس موجود ہیں جو انسانی صحت کو بحال کرتے ہیں۔اس کے علاوہ پوٹاشیم اور فائبربھی اس کے اہم غذائی اجزاء ہیں۔
اس پھل کو لوگ اپنی پسند کے مطابق مختلف انداز سے استعمال کرتے ہیں۔کچھ اسے دہی کے ساتھ کھاتے ہیں توکچھ فروٹ سلادکے طور پر کھانا پسند کرتے ہیں۔ اسے کھانے سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل ہوتے ہیں:

قبض سے نجات
جولوگ پرانے قبض کا شکار ہو ں،انہیں چاہئے کہ انگور کا استعمال زیادہ کریں۔ اس میںفائبرکی بھرپور مقدارکی وجہ سے ان کاقبض ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گا۔
ہائی بلڈ پریشر
انگورمیں پوٹاشیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف بلڈپریشر کنٹرول میں رہتا ہے بلکہ دل کی کارکردگی بھی بہتر ہوتی ہے۔ یہ جسم سے زائد برے کولیسٹرول کو خارج کرتا ہے۔
بہترین ناشتہ
انگور کو ناشتے میں کھانا بہت مفید ہے‘ اس لئے کہ اس میں موجود فائبر اور کاربوہائیڈریٹس جسم کو توانائی مہیا کرتے ہیںاور آپ تھکن کا شکار نہیں ہوتے۔ ایک چھوٹاپیالہ انگور کھانے سے جسم کو 24گرام کاربوہائیڈریٹس ملتے ہیںجو قوت پیدا کرتے ہیں۔
وٹامن سی سے مالا مال
انگور میں وٹامن سی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے لہٰذا جسم میںوٹامن سی کی کمی کے شکار افراد کے لئے انگور کسی نعمت سے کم نہیں۔ ایسے افراد کو چاہئے کہ انگور کو اپنی غذا میں لازماً شامل رکھیں۔

ذیابیطس میں شفا
ذیابیطس کے مریضوں کا دل جب بھی میٹھا کھانے کو چاہے‘ انہیں چاہئے کہ انگور کھائیں۔ اگرچہ یہ میٹھا ہے لیکن اس میں موجود فائبرشوگر کو قابو کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتاہے۔
مضبوط نظامِ انہضام
انگور کھانے سے نہ صرف ہاضمہ ٹھیک ہوتا ہے بلکہ یہ معدے کے بہت سے مسائل حل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔فروٹ سلاد میں شامل کرنے سے اس کی غذائیت میں اضافہ ہوتا ہے ۔کھانسی کی صورت میں تھوڑی مقدار میں انگور کھایا جاسکتا ہے لیکن کھٹا ہو تواس سے اجتناب کریں ورنہ گلا خراب ہوسکتا ہے۔
کینسر سے بچاؤ
اس میں اینٹی آکسیڈینٹس کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ جسم میں جمع شدہ فالتومادوں کو جسم سے خارج کرنے میںمددگار ثابت ہوتا ہے۔اس میں ایک خاص اینٹی آکسیڈینٹ پایا جاتا ہے جسے پولی فینولPolyphenols)) کہا جاتا ہے۔ اس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کینسرسے بچاؤ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

بینائی کے لئے فائدہ مند
انگور میں ایسے اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیںجو آنکھوں کی صحت کے لیے مفیدہیں اور انہیں مختلف مسائل سے بچاتے ہیں۔
انگور ایک مکمل غذا بھی ہے اور بہت سی بیماریوں سے بچائو کا ذریعہ بھی ۔ لہٰذا اگر آپ
چاہتے ہیں کہ صحت مندرہیں تو پھلوں‘ خصوصاً انگور کواپنی غذائی معمول میں لازماًشامل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

جب زہرسرایت کر جائے

Read Next

وزن کم کرنے کی 10ٹپس

Leave a Reply

Most Popular