ماہرین کے مطابق اے ڈی ایچ ڈی ادویات براہ راست توجہ کی صلاحیت نہیں بڑھاتیں۔ اس کی محرک ادویات دماغی بیداری، دلچسپی اور چوکنے پن میں اضافہ کرتی ہیں جس سے کارکردگی میں بہتری محسوس ہوتی ہے۔ یہ بات واشنگٹن یونیورسٹی سکول آف میڈیسن کی ایک حالیہ تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ واضح رہے کہ محرک ادویات دماغی سرگرمی کو متحرک کرتی ہیں۔ یہ ڈوپامین اور نورایپی نیفرین کی سرگرمی بڑھاتی ہیں۔
سٹڈی میں آٹھ سے گیارہ سال کے 5,795 بچوں کا ڈیٹا شامل کیا گیا۔ یہ ڈیٹا اے بی سی ڈی سٹڈی کا حصہ تھا، جس میں امریکہ بھر کے 11,000 سے زائد بچوں کی نگرانی کی جاتی ہے۔
نتائج کے مطابق ادویات لینے والے بچوں میں بیداری اور انعامی احساس سے جڑے دماغی حصے زیادہ فعال تھے۔ تاہم ادویات کا استعمال توجہ سے متعلق روایتی حصوں میں نمایاں تبدیلی کا باعث نہیں بنا۔ امریکہ میں تین سے سترہ سال کے تقریباً 35 لاکھ بچے اے ڈی ایچ ڈی کی ادویات استعمال کر رہے ہیں۔