ماہرین کے مطابق بعض نفسیاتی مسائل کا تعلق اہم غذائی اجزاء سے بھی ہو سکتا ہے۔ اس کی ایک مثال کولین (choline) ہے جو اینگزائٹی، یادداشت اور خلیوں کی صحت کو مینج کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ بات یونیورسٹی آف کیلی فورنیا، ڈیوس کی ایک تحقیق مٰیں سامنے آئی جس میں 25 دماغی امیجنگ سٹڈیز کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق میں شریک افراد میں سے 370 اینگزائٹی کے شکار جبکہ 342 صحت مند تھے۔ غیر مداخلتی ایم آر آئی کے ذریعے دماغی کیمیائی اجزا کا جائزہ لیا گیا۔ کولین کی کمی والے افراد میں جذباتی کنٹرول والے حصوں میں تقریباً 8 فیصد کمی دیکھی گئی۔
سینئر محقق ڈاکٹر رچرڈ میڈوک کے مطابق دماغ خود کولین زیادہ مقدار میں پیدا نہیں کرتا، اس لیے اسے خوراک سے حاصل کرنا پڑتا ہے۔ محققین نے واضح کیا کہ یہ تحقیق اضافی سپلیمنٹس کی ضرورت بیان نہیں کرتی۔ یہ صرف کولین کی کمی اور اینگزائٹی میں ممکنہ تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔ سپلیمنٹس ہمیشہ ماہرین کے مشورے سے لینے چاہئیں۔