گردن توڑ بخار وہ مرض ہے جس میں دماغ اور حرام مغز کے گرد موجود حفاظتی جھلی میں سوزش ہو جاتی ہے۔ اگر حمل میں گردن توڑ بخار ہو جائے تو اسقاط حمل، مردہ بچے کی پیدائش، قبل ازوقت زچگی اور نوزائیدہ بچے میں جان لیوا انفیکشن کے امکانات ہوتے ہیں۔
بچاؤ کی تدابیر
حمل میں گردن توڑ بخار سے بچنے کے لیے ان ہدایات پر عمل کریں:
٭ حاملہ خواتین حمل کے 37 سے 39 ہفتوں میں گروپ بی سٹریپ انفیکشن کی سکریننگ ضرور کروائیں۔ یہ ٹیسٹ مثبت آئے تو زچگی کے دوران اینٹی بائیوٹک دی جاتی ہے۔ یہ نوزائیدہ بچے میں اس انفیکشن کی منتقلی کو روکتی ہیں۔
٭ حاملہ خواتین اس بیماری سے متاثرہ مریض سے دور رہیں۔
٭ مائیں حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کریں اور خوراک کا خاص خیال رکھیں۔
٭ اس کا مریض گھر میں ہو تو مشترکہ تولیے اور برتنوں کے استعمال سے گریز کریں۔
٭ آرام کریں، ورزش کریں اور صحت بخش غذا کھائیں تاکہ قوت مدافعت بہتر ہو سکے۔
٭ متاثرہ فرد سے قریبی رابطے سے گریز کریں۔
٭ متاثرہ شخص سے سامنا ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر کو دکھائیں۔
٭ اس مرض سے بچاؤ کے لیے دستیاب ویکسینز کو ڈاکٹر کے مشورے سے لگوائیں۔