Vinkmag ad

گملوں میں سبزیاں اگائیں

    سبزیاں یوں تو ہمیںہر موسم میںکھانی چاہئیں لیکن گرمیوں میں ان کا استعمال بڑھا دینا چاہئے۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ماہر غذائیات عبدالمومن اس کی وضاحت کچھ یوں کرتے ہیں:
” سبزیاں کم وقت میں ہضم ہوجاتی ہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ گرمیوں میں پسینے کی صورت میں جسم سے خارج شدہ پانی کی مقدار کو بڑی حد تک پورا کردیتی ہیں کیونکہ یہ پانی سے بھرپور ہوتی ہیں۔ مزیدبرآں یہ جسم میں اضافی چربی کو ختم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں جس کے نتیجے میں آپ کا وزن کم ہوجاتا ہے۔“

بازار میں تازہ سبزیاں مشکل سے ہی ملتی ہےں اور اگر مل بھی جائےں تو انہیں اگانے کے لئے کیمیکلز کے محفوظ حد سے زیادہ استعمال اور انہیں دئیے گئے آلودہ پانی کی وجہ سے ان کی طبی افادیت کم ہوجاتی ہے۔ اس کابہترین حل گھروں میں صاف ستھری اور کھانے کے لئے محفوظ سبزیاں اگانا ہے۔گزشتہ شمارے میں بڑے صحن کے حامل گھروں میں سبزیاں اگانے پر معلومات فراہم کی گئی تھیں۔ شہروں میں چونکہ اکثر گھر چھوٹے ہوتے ہیں لہٰذا اس ماہ ایسی سبزیوںکے بارے میں بتایا جارہا ہے جنہیں ہم کم جگہ پر بھی باآسانی اگا سکتے ہیں۔

 سبزیاں گملے میں کیسے اگائیں
کاشت کا وقت
کاشت کے وقت کے اعتبار سے سبزیوں کو دو اقسام یعنی موسم گرما ور موسم سرما کی سبزیوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ دونوں موسموں کی سبزیوں کی پہچان کے دو آسان طریقے ہیں۔پہلا یہ کہ سردیوں کی زیادہ تر سبزیاںزیر زمین کاشت کی جاتی ہیں۔ مولی، شلجم، گاجر،لہسن اورپیازوغیرہ ا س کی کچھ مثالیں ہیں۔ اس کے برعکس گرمیوںکی سبزیاں زمین کے اوپر کاشت ہوتی ہیں۔ ان میں گھیا، کدو، کھیرا،بینگن،بھنڈی،مرچ اوراروی وغیرہ شامل ہیں۔ ایک اور پہچان یہ ہے کہ گرمیوں کی سبزیاں زیادہ تر بیل دار ہوتی ہیں جبکہ سردی کی سبزیاں پودوں سے حاصل ہوتی ہیں۔

سبزیوں کا انتخاب
گملوں میں سبزیاں اگاتے وقت مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے:
٭ایسی سبزیاں کاشت کریں جن کی روزانہ ضرورت ہو مثلاً دھنیا، پودینہ، مرچ اورلیموںوغیرہ۔
٭وہ خاندان کے افراد کی تعداد اور پسند کے مطابق ہوں۔

گملے کا انتخاب
بہترین نتائج کے حصول کے لئے صحیح گملوں کا انتخاب انتہائی ضروری ہے ورنہ محنت،وقت اور پیسہ ضائع ہونے کا خطرہ رہے گا۔ گملوں کے چناو¿ میں مندرجہ ذیل باتوں کاخیال رکھیں:
٭یاد رہے کہ موسم گرما کی سبزیوں کو موسم سرما کی سبزیوں کی نسبت زیادہ گہرائی درکار ہوتی ہے۔اس لئے ان کی کاشت کے لئے لازمی طور پر ڈیڑھ سے دو فٹ گہرائی والے گملے استعمال کریں۔
٭ان گملوں میں پانی کی نکاسی کے لئے پیندے میں سوراخ کا ہونا ضروری ہے۔

گھر پر گملوں کی تیاری:
آپ اپنے گھر میں دستیاب جگہ کے مطابق گھر پر ہی گملے تیار کر سکتے ہیں۔ طریقہ کچھ اس طرح ہے:
٭لکڑی کے چار لمبے ٹکڑے لے کر انہیں چوکور شکل میں مناسب لمبائی میں کیلوں کی مدد سے اس طرح جوڑیں کہ ان کی گہرائی تقریباً ڈیڑھ سے دوفٹ تک ہوجائے۔ اب اس میں پانی کے نکاس کے لئے جگہ چھوڑتے ہوئے باقی حصے میں پولی تھین شیٹ(موٹےپلاسٹک کا ٹکڑا) بچھا لیں‘گملا تیار ہے۔
٭کچھ اینٹیں لیں اور انہیں سیمنٹ کی مدد سے اوپر نیچے ایسے جوڑیں کہ ایک ایسے گملے کی شکل بن جائے جس کی گہرائی ڈیڑھ سے دو فٹ کے درمیان ہو ۔پیندے میں پانی کے نکاس کی جگہ چھوڑتے ہوئے باقی حصے کو پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں۔
٭ پرانے ٹائر کا بندوبست کریں ۔اسے اوپر سے کاٹیں اور ٹائر کے اندر پلاسٹک شیٹ ڈال کر اس میں حسب ضرورت مٹی بھرلیں‘ سبزیوں کا گھر تیار ہے۔

جاندار مٹی تیار کرنے کا طریقہ
گملے کی تیاری کے بعد سبزی اگانے کے لئے مٹی کی تیاری کا مرحلہ ہے۔ سبزیوں کو اپنی نشوونما کے لئے قوی مٹی درکار ہوتی ہے۔ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لئے ایک حصہ مٹی اور ڈیڑھ حصہ گوبر کی کھاد لے کرانہیں اچھی طرح مکس کرلیں تاکہ دونوں چیزیں آپس میں یکجان ہوجائیں۔ یہ ضرور دیکھیں کہ اگر تیار کردہ مٹی زیادہ چکنی یا سخت ہو تو اس میں ایک حصہ ریت بھی شامل کر لیں ورنہ ایسا کرنے کی ضرورت نہیں۔
اب اس مٹی کو تیار کردہ گملوں میں بھریں اور پانی لگادیں۔ روزانہ گوڈی کرکے اضافی جڑی بوٹیوں کو 15دن تک تلف کرتے رہیں۔اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ گملوں کی مٹی سوکھنے نہ پائے۔ آپ کا گملا تیار ہے۔ اس میں اپنی سبزی کے بیچ یاپنیری لگائیں اور اپنی نگرانی میں پودے کو پھلنے پھولنے دیں۔جب وہ تیار ہوجائے تو تازہ صحت بخش سبزی سے لطف اٹھائیں۔

پانی دینے کا طریقہ
اگر سبزی کے بیچ ڈالے گئے تھے تو اس کی سطح پر اخبار یا جالی رکھ کر سبزی کے نکلنے تک فوارے کی مدد سے پانی چھڑکیں۔جب یہ یقین ہوجائے کہ مٹی سیراب ہوگئی ہے تو پانی دینا بند کر دیں۔
اگر سبزی کی پنیری لگائی تھی تو روز( یا جب مٹی خشک محسوس ہونے لگے) فوارے کی مدد سے پانی کا چھڑکاو¿ جاری رکھیں یہاں تک کہ سبزیاں پوری طرح اگ آئیں ۔بیماری یا کیڑا لگ جانے کی صورت میں پچھلے شمارے میں بتائے گئے طریقوں کے مطابق گھریلو سپرے تیار کریں اور مناسب چھڑکاو¿ سے ان کی حالت بحال کریں۔ اس طرح امید ہے کہ آپ محنت‘ وقت اور سرمائے کی بچت کے ساتھ ساتھ تازہ اور صحت بخش سبزیوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

Vinkmag ad

Read Previous

معصوم ذہنوں کا تناﺅ، نجات کیسے

Read Next

خوبصورت اور صحت مند پاوں

Most Popular