پانی ، کچھ دلچسپ حقائق

یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ ہر زندہ شے پانی سے پیدا کی گئی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ اسے زندگی کی بنیاد تسلیم کیا جاتا ہے اور جہاں یہ پایا جائے‘ وہاں زندگی کے امکانات تلاش کئے جاتے ہیں۔ پانی سے منسلک کچھ دلچسپ حقائق بھی ہیں۔آئیں آپ کو بتاتے ہیں:

٭اگر کوئی شخص پانی سے محروم ہو جائے تو عام حالات میں وہ ایک ہفتے سے زیادہ عرصے تک زندہ نہیں رہ سکتا۔ اگر وہ گرم ماحول مثلاً ریگستان وغیرہ میں ہو تواس کی موت اس سے بھی پہلے واقع ہو سکتی ہے ۔
٭ ہمیں جب پیاس لگنا شروع ہوتی ہے‘ تب تک ہمارے جسم میں پانی کی دو سے تین فی صد کمی آچکی ہوتی ہے۔
٭ انسانی جسم کا 60 سے 70 فی صد حصہ پانی پر مشتمل ہے۔

٭ خون میں اس کی شرح 82 فی صدہوتی ہے۔
٭ پھلوں میں سے خربوزے کا تقریباً 90 فی صد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔ تربوز میں یہ 92 فی صد‘ انناس میں 87 فی صداور سٹرابیری میں 92 فی صدپانی ہوتا ہے۔

٭ اگرسبزیوں کی بات کی جائے تو کھیرے میں یہ 92 فی صد ‘ بند گوبھی میں 93 فی صد‘ گاجر میں87 فی صد‘ شملہ مرچ میں 92 فی صد‘مولی میں 95فی صداور ٹماٹر میں 95فی صد ہوتا ہے۔
٭ ایک انسان اپنی پوری زندگی میں اوسطاً 75000 لیٹر پانی پیتا ہے۔ ہم اوسطاً ڈیڑھ سے دو لیٹرپانی روزانہ پیتے ہیں جو سادہ پانی کے علاوہ چائے اور دیگر مشروبات میںبھی شامل ہوتا ہے۔
٭ دماغ اور پٹھوںمیں یہ 75 فی صد ہوتا ہے۔ ہڈیوں کو بظاہر خشک سمجھا جاتا ہے لیکن ان میں بھی31 فی صدپانی ہوتا ہے۔
٭ تقریباً 80 فی صد بیماریاںآلودہ پانی پینے سے پھیلتی ہیں۔

٭ پانی ایک ایسامحلول ہے جس میں بہت سی چیزیں حل ہو جاتی ہیں۔ اس لئے اسے کائناتی محلل (universal solvent) بھی کہا جاتا ہے۔

٭ کھانے پینے کی چیزوں کے خراب ہونے کا بڑا سبب بھی ان میں پانی کی موجودگی ہوتی ہے، اس لئے کہ اس کی موجودگی میں جراثیم کو پھلنے پھولنے کا موقع ملتا ہے ۔ اس لئے چیزوں کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کے لئے انہیں خشک کیا جاتا ہے۔
٭ پانی دو ایسی گیسوں ( آکسیجن اور ہائیڈروجن) کے ملنے سے بنتا ہے جن میں سے ایک جلتی اور دوسری جلنے میں مدد دیتی ہے لیکن ان کے ملنے سے جب پانی بنتا ہے تو وہ آگ کو بجھانے کے کام آتا ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

پروٹین :حیوانی اورنباتاتی ذرائع میں توازن ضروری ہے

Read Next

روزہ ہمارے جسم پر کیسے اثرانداز ہوتاہے

Leave a Reply

Most Popular