Vinkmag ad

شوگر کیا آپ جانتے ہیں؟

میٹھاس تو ایک خوشگوار اور لذیذ احساس کا نام ہے ۔ایسے میں یہ بتائیے کہ شوگر ، ایک مرض کیسے ہو سکتاہے ؟
جس طرح گاڑی کو چلنے کے لئے پٹرول کی ضرورت ہوتی ہے‘ اسی طرح جسم کے مختلف اعضاءکو اپنے افعال انجام دینے مثلاً دل کو دھڑکنے‘ دماغ کو کام کرنے اور پٹھوں کو حرکت کے لئے مطلوبہ مقدار میں گلوکوزیعنی شوگر کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اگر خون میںاس کی مقدار ایک خاص حد سے بڑھ جائے تویہ نقصان کا باعث بھی بنتی ہے ۔ عام زبان میں اس مرض کو ذیابیطس جبکہ تکنیکی زبان میںذیابیطس شکری(Diabetes Mellitus) کہا جاتاہے۔
٭لوگوں کو یہ بیماری کس وجہ سے ہوجاتی ہے؟
٭٭ذیابیطس کو دو بڑی اقسام میں تقسیم کیا جا تا ہے جن میں سے پہلی ٹائپ 1اور دوسری ٹائپ2ذیابیطس ہے ۔ٹائپ1ذیابیطس زیادہ تر بچوں اور نوجوانوںمیں پائی جاتی ہے ۔اس صورت میں لبلبے (Pancreas) کے وہ خلئے ختم ہوجاتے ہیں جو جسم میں انسولین بنانے کے ذمہ دار ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ہمارے جسم کا دفاعی نظام کچھ ایسے کیمیکلز بناتا ہے جو انہیں تباہ کردیتے ہیں ۔جب جسم میں انسولین بننا بالکل بند ہوجاتی ہے تو اس کاصرف ایک ہی حل باقی رہ جاتا ہے اور وہ یہ کہ جسم کو باہر سے انسولین فراہم کی جائے ۔ ذیابیطس کی بڑی قسم ٹائپ2ہے جو بالعموم 40سال سے زائد عمرکے افراد کو ہوتی ہے ۔مرض کی اس قسم میں انسولین پیدا تو ہوتی ہے لیکن وہ یا تو جسمانی ضرورت کے لئے ناکافی ہوتی ہے یا پھر اثر نہیں کرتی۔اس کا علاج گولیوں اور انسولین، دونوںسے ہوسکتا ہے۔ذیابیطس کی اس قسم کا تعلق ہمارے طرز زندگی سے ہے ۔ اگرکسی شخص کی خوراک ٹھیک نہ ہو اوراس کا معمول ایسا ہو جس میں وہ جسمانی طور پرکم متحرک ہو تواس بات کا امکان ہوتاہے کہ وہ اس بیماری کا شکار ہوجائے۔
٭کیا زیادہ میٹھا کھانے سے شوگر ہو جاتی ہے؟
٭٭زیادہ میٹھا کھانے سے شوگر کا براہ راست تعلق تو نہیں لیکن اس سے موٹاپا ہو جاتا ہے جس کا نتیجہ ذیابیطس کی شکل میں نکلتا ہے ۔ مٹھائیوں اور کولڈڈرنکس کے علاوہ ہمارے ہاں پکوڑوں‘ ‘ سموسوں‘پراٹھوں اور بیکری کی اشیاءاستعمال کرنے کا رواج بہت زیادہ ہے۔ ان تمام چیزوں میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہےں جو ہمارے جسم میں چربی کی شکل میں جمع ہوکر موٹاپے کا سبب بنتی ہیں۔
٭یہ بتائیے کہ موٹاپے اورشوگر کا آپس میں کیا تعلق ہے؟
٭٭جب کوئی شخص موٹاپے کا شکار ہوجاتا ہے تو بڑھے ہوئے جسم کی اضافی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے انسولین بھی زیادہ مقدار میں درکار ہوتی ہے ۔ ایسے میں لبلبے کواپنی بساط سے بڑھ کر کام کرنا پڑتا ہے اورپھر ایک وقت ایسا آتا ہے جب وہ تھک جاتا ہے ۔اس کے ٹھیک طرح سے کام نہ کرنے کی وجہ سے خون میں گلوکوز کی مقدار بڑ ھ جاتی ہے اور فرد کو ذیابیطس ہوجاتا ہے ۔
٭انسولین کیا چیز ہے اوریہ شوگرکو کیسے کنٹرول کرتی ہے ؟
٭٭انسولین لبلبے کاپیداکردہ ایک ہارمون ہے ۔اگریہ مناسب مقدار میں پیدا ہوتا رہے اور اپنا کام بھی ٹھیک طرح سے انجام دے تو گلوکوز ہمارے جسم کا حصہ بن کرہمیں توانائی فراہم کرتی ہے ۔ اگرایسا نہ ہو تو فرد گلوکوز سے کما حقہ ‘فائدہ نہیں اٹھاسکتا اورنتیجتاً کھانا کھانے کے باوجود وہ نہ صرف کمزور ہوتا چلاجاتا ہے بلکہ اس کے گردوں‘ دل اور بینائی پربھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔
٭ڈاکٹر حضرات شوگر کے مریضوں کو واک اور ورزش کا مشورہ دیتے ہیں۔ یہ بتائیے کہ اس سے شوگر کیسے کنٹرول ہوتی ہے؟
٭٭جب ہم جسمانی سرگرمیاں کرتے ہیں تو کیلوریز زیادہ استعمال ہوتی ہیں اور چربی کی شکل میں جمع نہیں ہوپاتیں لہٰذاشوگر بھی کنٹرول میں رہتی ہے ۔ہمارے ہاں بہت سے لوگوں کا ذریعہ معاش ایسا ہے جس میں انہیں سارا دن ایک ہی جگہ بیٹھے رہنا ہوتا ہے۔ دوسری طرف ان کی غذا بھی بالعموم زیادہ کیلوریز والی ہوتی ہے۔لوگوں کو چاہئے کہ اپنی غذا کوکنٹرول کریں اور متحرک طرز زندگی اپنائیں۔ روزانہ کم از کم آدھا گھنٹہ کوئی نہ کوئی جسمانی سرگرمی ضرور کرنی چاہئے جس کے لئے واک‘ تیراکی یا اپنی پسند کا کوئی بھی ایساکھیل منتخب کیا جا سکتا ہے جس میں جسمانی طور پر متحرک ہونا پڑے۔
٭پہلے یہ مرض زیادہ تر بڑی عمر کے افراد کو ہوتا تھا لیکن اب یہ بچوں میں بھی دیکھا جاتا ہے ۔اس کا سبب کیا ہے؟
٭٭اگرچہ یہ بیماری پہلے بھی بچوں میں موجود تھی لیکن اس وقت اس کی تشخیصی سہولیات کم تھیں اور ٹیکنالوجی بھی زیادہ بہتر نہ تھی لہٰذا لوگ اس کا شکار ہونے کے باوجود اس سے لا علم رہتے تھے۔اب ٹیکنالوجی میں کافی ترقی ہو گئی ہے اور اس کے ٹیسٹ کی سہولیات بھی ہر جگہ باآسانی دستیاب ہیں لہٰذا اس کے زیادہ مریض سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمارے رہن سہن میں بھی بڑی تبدیلیاں آ گئی ہیں۔ آج ہماری خوراک‘ ماحول اور فصلوں میں کیمیکلز شامل ہیں اور اس بات کا امکان موجود ہے کہ وہ بھی کہیںنہ کہیں ٹائپ 1ذیابیطس کا سبب بنتی ہوں۔ اگرچہ ٹائپ1زیادہ تر بچوں میں اور ٹائپ2بڑوں میں پائی جاتی ہے لیکن بچوں میں چونکہ جنک فوڈکا رجحان زیادہ اور جسمانی سرگرمیوں کا کم ہوتا جارہاہے‘ اس لئے بچوں میں ٹائپ1کے ساتھ ساتھ ٹائپ 2 ذیابیطس بھی خارج از امکان نہیں۔
٭ کسی شخص کو کیسے علم ہوگا کہ اسے شوگر ہو گئی ہے؟
٭٭ اگر کسی شخص کے خون میں شوگربہت زیادہ ہو جائے یعنی وہ 200یا 300تک پہنچ جائے تواس میںخاص علامات ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ مثال کے طور پر ایسے فرد کو بار بار پیاس لگتی ہے‘ پیشاب زیادہ آتاہے‘ وزن کم ہوجاتا ہے اور آنکھوں میں دھندلاپن آ جاتا ہے ۔جن لوگوں میں ا س کی علامات ظاہر ہونا شروع ہو جائیں‘ انہیں چاہئے کہ فوراً اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔جن لوگوں میں اس کی علامات تو نہیں لیکن ان کی عمر 40سال سے زائدہو تو انہیں بھی سال میں ایک بار ضرور چیک اَپ کراناچاہئے ۔ جن افراد کے خاندان میں یہ مرض موجود ہو‘ ان کا وزن زیادہ ہو یاہائی بلڈپریشر ہو توانہیں اس عمر سے قبل بھی چیک اَپ کرانا چاہئے۔
٭ذیابیطس کو خاموش قاتل بھی کہتے ہیں۔ اس کا سبب کیا ہے؟
٭٭ اگرکسی شخص کو شوگر ہوجائے لیکن اس کی سطح بہت زیادہ بلند نہ ہوتو اس بات کا امکان ہے کہ کئی سال تک اس میں اس کی علامات ظاہر ہی نہ ہوں تاہم اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ نقصان نہیں پہنچارہی ۔ماہرین کا اندازہ ہے کہ بالعموم جب ٹائپ2ذیابیطس تشخیص ہوتی ہے تواس سے تقریباً پانچ سال پہلے یہ مرض ہو چکا ہوتا ہے ۔ اس لئے جن لوگوں میں اس کے خطرناک عوامل زیادہ ہوں‘ ان میں اگر علامات ظاہر نہ ہوں تو بھی انہیں سال میں ایک آدھ بار ضرور چیک اپ کر ا لینا چاہئے۔
٭کیا گلوکومیٹر سے شوگر کا ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے؟
٭٭ گلوکومیٹرزسے گلوکوز کی سطح کو مانیٹر کرنے میں تو بہت مدد ملتی ہے لیکن ان سے اس مرض کی تشخیص نہیں کی جا سکتی‘ اس لئے کہ ان کے نتائج اتنے اچھے نہیں ہوتے کہ ان پر تشخیص کے حوالے سے بھی اعتماد کیا جا سکے ۔ اس لئے تشخیص کرنا ہو تو کسی اچھی لیبارٹری سے رجوع کرنا چاہئے ۔ اس ٹیسٹ کے لئے تین طریقے رائج ہیں جن میں سے کسی کو بھی اختیار کیا جا سکتاہے ۔ پہلا طریقہ خالی پیٹ گلوکوز کا ٹیسٹ ہے جسے کرنے کے لئے ضروری ہے کہ متعلقہ فرد نے اس سے آٹھ گھنٹے پہلے پانی پینے کے علاوہ کچھ کھایا پیانہ ہو‘ حتیٰ کہ چائے یا کافی بھی نہیں۔اس ٹیسٹ میں نارمل آدمی کی ریڈنگ 100سے کم ہونی چاہئے۔اگر یہ 100 سے 125تک ہو تو اسے بارڈرلائن یا قبل از ذیابیطس (pre diabete) کہتے ہیں۔ اگر یہ125 سے اوپر ہو تو اسے مکمل ذیابیطس کہا جاتا ہے یعنی یہ فیصلہ ہو جاتا ہے کہ فرد اس مرض کا شکارہوچکا ہے ۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ اس بات سے قطع نظر کہ فرد نے کب کیا کھایا‘ دن یا رات میں کسی بھی وقت شوگر چیک کر لی جائے ۔ نارمل آدمی میں اس کی ریڈنگ 140سے نیچے ہونی چاہئے ۔اگر یہ140سے200 تک ہو تو اسے بارڈرلائن اور اگر وہ اس سے اوپر ہو تو اسے مکمل ذیابیطس کہا جائے گا ۔تیسرا ٹیسٹ ”HbA1C“ ہے جس میں پچھلے دو سے تین ماہ کے دوران شوگرکی فی صد اوسط معلوم کی جاتی ہے ۔ اگر یہ5.7 تک ہو تو نارمل ‘ 5.7سے6.5 تک بارڈرلائن اور اس سے اوپر ہو تو مکمل ذیابیطس ہے۔یہ ٹیسٹ ایک دفعہ کرنے کی بجائے کم از کم دو دفعہ ‘ دو مختلف دنوں میں کئے جانے چاہئیں ۔
٭شوگر سے ہمارے جسم کو کیا نقصان ہوتاہے؟
٭٭ گلوکوز سے ذیلی طور پر کئی چیزیں پیدا ہوتی ہےں جو یوں تو پورے جسم کو نقصان پہنچاتی ہیں لیکن ان کی وجہ سے تین بڑے نقصان ہو سکتے ہیں۔ ان میں سے پہلا گردوں ‘ دوسرا نظر اور تیسرا اعصاب کونقصان پہنچنا ہے۔ پاﺅں کے اعصاب اس سے خاص طور پر متاثر ہوتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو پاﺅں میں جلن اور سنسناہٹ سی محسوس ہوتی ہے ۔ ذیابیطس خون کی نالیوں کو تنگ کر سکتی ہے جس کی وجہ سے ہارٹ اٹیک اور فالج بھی ہو سکتا ہے ۔
٭ اگر کوئی شخص پرہیز کرے‘دوائیں لے اور واک وغیرہ کرے تو کیا یہ مرض ختم بھی ہو جاتا ہے ؟
٭٭استثنائی صورتوں کو چھوڑ کر جب ایک دفعہ شوگر ہو جائے تو پھر یہ واپس نہیں ہوتی ۔اس لئے جب یہ ہو جائے تو مریض کو چاہئے کہ فوراً اس شعبے کے ڈاکٹر یعنی اینڈوکرائنالوجسٹ سے ملے اور اگر وہ دستیاب نہ ہو تو کسی میڈیکل سپیشلسٹ سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔وہی مریض کو بہتر گائیڈکر سکتا ہے‘ البتہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جو مریض کو خود ہی اورفوراً شروع کر دینی چاہئےں ۔ مثال کے طور پر اسے چاہئے کہ روزانہ ورزش یا واک شروع کردے۔ اسے میٹھے مثلاً گڑ‘ شکر اور چینی کے علاوہ میدے سے بنی ہوئی چیزیں اور بیکری کی اشیاءسے پرہیز کرنی چاہئے۔اس کے علاوہ زیادہ میٹھے پھلوں مثلا کھجور‘ انگور اورآم وغیرہ سے اجتناب کرنا چاہئے۔ بالعموم چاولوں سے منع کیا جاتا ہے لیکن اگر انہیں ابال کر پانی نکال لیا جائے توپھر انہیں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
٭ کیا ذیابیطس میں پھلوں سمیت ہر میٹھامنع ہے؟
٭٭ا س کا تعلق اس بات سے ہے کہ مریض کی شوگر کتنی ہے ۔ اگر وہ بہت زیادہ بڑھی ہوئی ہو تو پھر ان سے مکمل پرہیز کرنا چاہئے اور اگر وہ کنٹرول میں ہو تو پھر انہیں تھوڑی مقدار میں کھایا جاسکتا ہے۔ یہ تاثر درست نہیں کہ ذیابیطس ہونے کے بعد مریض کوسب کچھ منع ہوجاتاہے۔اگر پھلوں کی بات کی جائے توانہیں آڑو‘ امرود‘ چیری‘ جامن اور سٹرابری وغیرہ کھانے چاہئیں۔ یہ لوگ چکن اور مچھلی کھا سکتے ہیں۔وہ مصنوعی میٹھے(artificial sweetners) بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
٭کچھ لوگ کہتے ہیںکہ مصنوعی سویٹنرز نقصان دہ ہیں۔ کیا ایسا ہے؟
٭٭ اگرچہ اس طرح کی کہانیاں بنی ہوئی ہیں اور ہم نے بھی سنی ہیں لیکن ابھی تک کوئی ایسی قابل ذکر تحقیق سامنے نہیں آئی جو ماہرین کو اس بات پر قائل کر سکے کہ وہ نقصان دہ ہیں۔یہ بالکل محفوظ ہیں اور پوری دنیا میں استعمال ہو رہی ہیں۔ خواتین انہیںدوران حمل ذیابیطس میں بھی استعمال کر سکتی ہیں ۔حمل میں شوگر کنٹرول کرناضروری ہے ورنہ بچے اور ماں‘ دونوں کو پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں۔
٭شوگر کے بعض مریضوں کے مطابق انہیں ڈکٹر نے کہاہے کہ آپ واک کریں‘ اس کے ساتھ جو مرضی کھائیں اور ذیابیطس کو بھول جائیں۔ کیا یہ درست ہے؟
٭٭ نہیں، ایسا نہیں ہے اور جس کسی نے یہ کہا ہے وہ بالکل غلط ہے ۔اگر آپ آدھا گھنٹہ واک کرتے ہیں توفرض کریں کہ اس سرگرمی کی وجہ سے 200کلوریز استعمال کرلیتے ہیں ۔ اس کے ساتھ اگر آپ نے 1000کیلوریز والا پراٹھا کھا لیا ہے تو یہ واک کیا کرے گی۔اس لئے احتیاط کا پہلو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
٭ایک خیال یہ بھی ہے کہ اگرآپ احتیاط اور واک کر رہے ہیں تو پھر دوا کی کوئی ضرورت نہیں۔ آپ کیا کہتے ہیں؟
٭٭اگرشوگر محض بارڈرلائن پر ہے تو شاید مصنوعی میٹھوں اور واک وغیرہ سے کام چل جائے اور دواﺅں کی ضرورت نہ پڑے لیکن میرا تجربہ یہ ہے کہ تقریباً90فی صد لوگوں کو دواﺅں کی ضرورت ہوتی ہے ۔
٭یہ بھی سنا ہے کہ ذیابیطس ہونے کے بعد پہلے10سال واک اور احتیاطوں، اگلے 10سال دواو¿ں اور اس سے اگلے 10سال انسولین کے ساتھ گزارے جا سکتے ہیں۔ کیا یہ سحیح ہے؟
٭٭یہ تصور بھی غلط ہے‘ اس لئے کہ ہمارے پاس ایسے مریض بھی آتے ہیں جن کی شوگر تشخیص کے وقت ہی 500تک پہنچی ہوتی ہے۔ انہیں دواﺅں کے بغیر کیسے چھوڑا جا سکتا ہے ۔
٭کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ذیابیطس میٹھا مرض ہے اور کڑوی چیزیں مثلاً کریلے وغیرہ کھانے سے ٹھیک ہو جاتا ہے؟
٭٭کڑواہٹ سے تو اس کاکوئی تعلق نہیں لیکن یہ ممکن ہے کہ اس میں کچھ ایسے اجزاءپائے جاتے ہوں جو گلوکوز کو کنٹرول کرسکتے ہوں۔ اس کے ساتھ ہی یہ سوال بھی اہم ہے کہ کریلوں یا ان کے پانی کو کتنی مقدار میں اور کب استعمال کیا جائے ۔ اس پر کوئی حتمی راہنمائی موجو دنہیں جبکہ ادویات کی متعین گائیڈلائنز موجو دہیں۔
٭ایک تصور یہ بھی ہے کہ ایلوپیتھی میں شوگر کا علاج موجود نہیں جبکہ حکمت اور ہومیوپیتھی میں اسے جڑ سے ختم کیا جا سکتا ہے ۔اگر یہ درست ہے تو پھر متبادل طریقہ علاج سے استفادے میں کیا حرج ہے؟
٭٭ایلو پیتھی کی دوا کے بارے میں ہمیں 100فی صد علم ہوتا ہے کہ اس کا فارمولاکیا ہے‘ اس میں استعمال ہونے والے اجزاءکون کون سے ہیں‘ وہ کیسے عمل کرتے ہیں اوران کے مضرضمنی اثرات کیا ہیں۔ جب دوا تیار ہوجاتی ہے تو پہلے جانوروں پر اس کاتجربہ کیاجاتا ہے‘ اس کے بعد انسانوں پر آزمایا جاتا ہے اور پھر ہزاروں نہیں‘ لاکھوں لوگوں پر اس کے اثرات کاتجزیہ کیا جاتا ہے ۔ادویہ ساز کمپنیاں اس پر اربوں ڈالر خرچ کرتی ہیں ۔ اس کے برعکس حکمت کی دواﺅں کے بارے میں کچھ علم نہیں ہوتاکہ ان میں کیا ہے اور وہ کیسے عمل کرتی ہیں۔ ایسے شواہد بھی سامنے آئے ہیں جن کے مطابق ان کی بعض پڑیوں یا کیپسولوں میں ایلوپیتھی کی ادویات شامل ہوتی ہیں۔ اس لئے میرا مشورہ ہے کہ ادھر ادھر وقت ضائع کرنے کی بجائے جدید سائنس پر اعتماد کیاجائے اور باقاعدہ علاج کروایا جائے اور اس کے لئے پیچیدگیوں کا انتظار نہ کیا جائے ۔
٭کوئی اور بات یاپیغام جو آپ قارئین کو دینا چاہیں؟
٭٭ اگر کسی کو ذیابیطس ہو گیا ہو تو اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ اس کی زندگی ختم ہو گئی ہے یا اب اسے ذائقوں کو بھول جانا ہوگا۔اس کے شکار افراد کو معلوم ہونا چاہئے کہ بہت سے لوگ
طرز زندگی میں تھوڑی سی تبدیلیوں کے ساتھ بھرپورزندگی گزار رہے ہیں ۔

Vinkmag ad

Read Previous

مچھروں سے نجات کیسے

Read Next

کالے علم سے علاج…جہالت ہرگز نعمت نہیں

Most Popular