ایمرجنسی کی صورت میں ایکشن پلان

(ڈاکٹر محمد تابش رضا)
ہنگامی صورت حال ہوتی ہی ایسی ہے کہ اچھے اچھوں کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں لیکن کسی نے صحیح کہا ہے کہ پریشانی میں گھبراہٹ پریشانی کو مزید بڑھا دیتی ہے ۔ اگر ہم میڈیسن کے تناظر میں بات کریں تو گھبرانے یا خوفزدہ ہوجانے سے اس سے نپٹنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔اس لئے ایسے میں ہمیشہ پرسکون رہنے کی کوشش کرنی چاہئے۔
طبی امداد دینے کے لیے تصویر میں دئیے گئے ایکشن پلان پر عمل کریں۔
نمبر1:    سب سے پہلے یہ دیکھیں کہ کیا آپ کی اپنی جان تو خطرے میں ہے یانہیں؟
کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں مریض کو ابتدائی طبی امداددینے کا پہلا اصول اس بات کو یقینی بناناہے کہ اس کی وجہ سے آپ کی اپنی جان کو خطرہ نہیں ہونا چاہئے ۔مثلاً ہائی وے پر کسی حادثے میں مسافروں کی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر دیکھے بغیر اچانک سڑک کے درمیان آجانا ایک کی بجائے دو جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا۔اس لئے اگرجواب” ہاں“ میں ہے توآپ اس سے دور رہیں۔
نمبر:2 اگر آپ خود محفوظ ہیں تو مریض کے لئے خطرے کا باعث بننے والی چیزکو دور کریں یامریض کو خطرے سے باہر نکالنے کی کوشش کریں۔طبی امداد فراہم کرنے سے پہلے ایمبولینس کے لئے کال کریں۔ اپنے علاقے میں ایمولنس سروس کا نمبرسب لوگوں کو زبانی یاد ہونا چاہئے ۔
نمبر3:اس کے بعد دیکھیں کہ مریض ہوش میں ہے یا وہ بے ہوش ہے۔یہ چیک کرنے کے لیے آپ اسے آواز دیں اور ہلائیں جلائیں۔
نمبر4: اندازہ لگائیں کہ کیا اس کی سانس آ رہی ہے یا نہیں؟
اگر مریض کی سانس نہیں آ رہی تو اسے ” rescue breath“یعنی جان بچانے کے لیے مصنوعی سانس فراہم کرنے کی کوشش کریں۔تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ آپ کو اس کا طریقہ اچھی طرح آتا ہو۔ اگر مریض کا سانس بحال ہو جائے تو اس کو ”ریکوری پوزیشن “پر لے آئیں۔ریکوری پوزیشن سے مراد اسے ایک پہلو پراس طرح لٹاناہے کہ اس کا سر پیچھے کو ڈھلکا ہوا ہو۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اس کی زبان پیچھے کو لڑھک کر کہیں گلے کو بند نہ کردے۔
نمبر:5اس کے زخم چیک کریںاور امدادی ٹیم کے آنے کا انتظا ر کریں۔
نمبر6:اگر سانس بحال نہیں ہو رہا تو بی ٹی ایل ایس یعنی حادثے سے بحالی کے لئے بنیادی امداد دیناشروع کریں۔(بی ٹی ایل ایس کا طریقہ سمجھنے کے لئے گزشتہ ماہ کا شمارہ دیکھئے )
مریض کو چیک کرنے کا درست طریقہ
٭سب سے پہلے مریض کو خطرناک ترین صورتِ حال مثلاً شدید خون نکلنے‘بے ہوشی یا سانس میں دشواری وغیرہ سے نکالنے کی کوشش کریں۔
٭مریض کے جسم پر چوٹوں یا زخموں کا معائنہ کریںتاکہ ان کا بروقت علاج کیا جا سکے۔
ایمبولینس بلانے کا درست طریقہ
٭ریسکیو1122 یا اپنے علاقے کے ایمرجنسی نمبر ڈائل کریں۔کال ملانے سے پہلے مریض کی سانس چیک کریں۔اگر ممکن ہو تواس دوران کسی ساتھی کو کال کرنے کی ہدایت دیں ۔
٭اگر آپ اکیلے ہیں اور کوئی بچہ بے ہوش ہو گیا ہے‘کوئی بڑاڈوب رہاتھا جو اب پانی سے باہر آگیا ہے یا اس کا دم گھٹ رہا ہے تواس کی جان بچانے کے لیے اسے مصنوعی سانس دیں۔
٭اگر مریض کو سانس آ رہا ہو تو اسے ریکوری پوزیشن پر لائیں۔
کال کرنے کا طریقہ
ایمرجنسی میں اکثر لوگ چونکہ گھبرا جاتے ہیں اس لئے بعض اوقات کال کرتے ہوئے درست معلومات فراہم نہیں کر پاتے۔کچھ لوگ یا تو بہت زیادہ اور غیرضروری معلومات دینے لگتے ہیں جبکہ کچھ اہم ترین چیزیں بھی بھول جاتے ہیں ۔ایمرجنسی ٹیم کے لیے یہ جاننا ضروری ہوتاہے کہ حادثے کی نوعیت کیا ہے‘کس عمر کے فرد یا افراد اس سے متاثر ہیں‘ان کی حالت کیسی ہے اور کیا کوئی خطرہ مثلاً سڑک پر گیس یا آگ کی موجودگی وغیرہ اب بھی جائے حادثہ پر موجود ہے یا وہ محفوظ ہیں۔ ادھوری یا غلط معلومات دینے سے ایمرجنسی مدد کے پہنچنے میں دشواری یا تاخیرہو سکتی ہے۔اس لیے فون پر درست جگہ‘مکمل ایڈریس‘فون نمبراور حادثے کی اہم تفصیلات سے آگاہ کریں۔
فرسٹ ایڈ کی فراہمی کے اہم اصول:
٭اگر آپ کو درست معلومات ہوں تو ابتدائی طبی امداد ضرور پیش کریں۔
٭ٹیم کے آنے تک مریض کے ساتھ رہئے۔
٭اس کا سانس اور نبض مسلسل چیک کرتے رہئے‘اگر مریض بے ہوش نہیں ہے تو اسے تسلی دینے کی کوشش کریں تاہم زیادہ بولنے سے اجتناب کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

کیا آپ ذیابیطس کے ساتھ بہتر زندگی گزارنا چاہتے ہیں

Read Next

ویکسین لگوائیں

Most Popular