Vinkmag ad

آرگن ٹاک… ’’ گردے‘‘ سے ملئے!!!

السلام علیکم قارئین کرام!میں آپ سب کو’’ آرگن ٹاک‘‘ میں خوش آمدید کہتی ہوں۔ ہمارے جسم میں قدرت نے ایک خاص نظام قائم کر رکھاہے جومفید چیزوںکو جسم میں رہنے دیتا جبکہ غیرضروری اور مضرصحت چیزوں کوباہر نکال دیتا ہے۔اس نظام کے ایک اہم کردار گردے ہیں جو ہمارے جسم میں چھاننی کا کام انجام دیتے ہیں ۔
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آج گردے کا اتنا ذکرکیوں کیا جارہا ہے؟تو جناب! اس کی وجہ یہ ہے کہ اس ٹاک شو کے مہمان ہیں آپ کے اور ہمارے ’’جناب گردہ صاحب!‘‘آپ کی تالیوں کی گونج میں ہم دعوت دیتے ہیں ان کو۔آیئے ملتے ہیں ان سے اور کرتے ہیں ان سے کچھ مزے مزے کی باتیں۔

٭السلام علیکم گردہ صاحب!کیسے مزاج ہیںآپ کے؟
٭٭جی! میں بالکل خیریت سے ہوں‘ خوش ہوں اور مزاج بھی بہت اچھے ہیں۔ میرے مالک میرابہت خیال بھی رکھتے ہیںجس کی وجہ سے میں صحت مند ہوں اور ان کا شکرگزار بھی!
٭اس کا مطلب ہے کہ آج ہم بھی آپ سے کچھ ایسی باتیں جان سکیں گے جو آپ کو صحت مند اور خوش رکھتی ہیں۔ سب سے پہلے اپنا تعارف تو کروائیں؟
٭٭جی، میرا نام گردہ ہے۔میںآپ کے جسم میں پسلیوں کے نیچے اورپیٹ کے پیچھے لوبیا جیسی شکل کے ماننداعضاء کی ایک جوڑی پر مشتمل ہوں۔میری لمبائی تقریباًچار سے پانچ انچ ہے اور میری جسامت اندازاً آپ کی ایک مٹھی کے برابر ہے۔
٭ہم نے آپ کی بڑی تعریفیں سنی ہیں۔جب بھی کہیں کوئی بہادری اور دلیری کا کام ہوتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ ’’ یہ توبڑے دل گردے کاکام ہے۔‘‘ یہ بتائیے آپ کا ہمارے جسم میں کام کیا ہے ؟
٭٭میں آپ کے لئے بہت سے اہم کام انجام دیتا ہوں۔مثلاً میںآپ کے جسم میں چھلنی کا کردار ادا کرتا ہوں ۔ جسم کے لئے مفید چیزیں جسم میں رہنے دیتا ہوںجبکہ فالتو چیزوں کو باہر نکال دیتا ہوں۔ ٭اچھا!ہمیں توپتہ ہی نہ تھاکہ آپ ہمارے لئے اتنے اہم کام کرتے ہیں۔ بھئی ! بہت بہت شکریہ۔اب یہ بھی بتائیں کہ آپ کا خیال نہ رکھنے کی صورت میںہم کن مسائل یا بیماریوں کا شکارہوسکتے ہیں؟
٭٭یادرکھیںکہ میرا خیال نہ رکھنے کی صورت میں آپ مجھے تو پریشان کریں گے ہی‘ خود بھی سکون سے نہیں رہ پائیں گے۔ میرے خراب ہونے کی کئی وجوہات ہیںجن میں پین کلرز کے زیادہ استعمال اور غیرصحت بخش کھانوںکے علاوہ ایسی خوراک کھانا بھی اس کا سبب بن سکتا ہے جس میں کیلشیم،فاسفورس اور یورک ایسڈ کی مقدار زیادہ ہو ۔ اس لئے محتاط رہئے گا، پہلے سے بتائے دیتا ہوں۔

٭ارے گردہ جی! ہماری توبہ۔ آپ نے تو ہمیں ڈرا ہی دیاہے۔کیا کچھ بیماریاں بھی اس کا سبب بن سکتی ہیں؟
٭٭جی ہاں!ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشراور موروثی بیماریاں مجھے متاثر کر سکتی ہیں۔ میری بیماریوں میں پتھری،سوزش اور مجھ میں پانی کی تھیلیاں بننا نمایاں ہیں۔
٭ یہ بتائیے کہ ہمیں کیسے علم ہو گا کہ آپ بیمار ہو گئے ہیں؟
٭٭یہ سوال بہت اچھا کیا آپ نے۔جب ہم اپنا کام ٹھیک طرح سے انجام نہیں دے پاتے تو جسم میں پانی اکٹھا ہونا شروع ہوجاتاہے جس کی وجہ سے ہاتھوں، پیروں اور چہرے پر سوجن نمودار ہو جاتی ہے۔ پانی کی یہ زیادتی پھیپھڑوں تک پہنچ جائے تو سانس لینے میں دُشواری ہونے لگتی ہے۔ ہماری خرابی کے باعث آپ کے پیشاب کے معمول میں بھی تبدیلی آجاتی ہے۔ پیشاب میںخون آنا،اس میں جھاگ بننا، معمول سے زیادہ یا کم پیشاب آنا اور دورانِ پیشاب تکلیف محسوس ہونااس کی مثالیں ہیں۔ میں نے آپ کو پہلے بھی بتایاکہ ہم آپ کے جسم سے فاسد مادے نکالنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جب ہم خراب ہو جائیں تو یہ مادے خون میںشامل ہوناشروع ہو جاتے ہیں۔ اس سے جلد خشک ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے خارش کامسئلہ پیدا ہوتا ہے۔ اگر آپ خود میں ایسی کوئی تبدیلی دیکھیں تو فوراًڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

٭ہم اکثر سنتے ہیں کہ گردوں میں پتھری پیداہوگئی ہے۔اس کی وجوہات کیا ہیں؟
٭٭مجھ میں پتھری کی دو اہم وجوہات ہیں۔ پہلی جسم میں نمکیات مثلاً کیلشیم،یورک ایسڈ اور فاسفورس کی زیادتی یاپیشاب میں ان کا زیادہ اخراج ہوجانا ہے۔ دوسری وجہ سٹریٹ(citrate) کا خون میں زیادہ یا کم ہوجاناہے۔ یہ ایک کمزور تیزاب ہے جو خوراک کو ہضم ہونے میںمدد دیتا ہے۔کئی دوسرے عوامل بھی پتھری بنا سکتے ہیں جن میں ایسی خوراک لینا جس میں نمکیات کا زیادہ ہو اور پانی جسم کی ضرورت سے کم پینا بھی شامل ہیں۔ یہ خرابی بتدریج پیداہوتی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوتا جاتاہے۔ بروقت علاج مریض کی زندگی کے معیار کو بہترکرتاہے اور مریض صحت مند زندگی گزار سکتا ہے لیکن ایسا نہ کیا جائے تو بعض اوقات ہم ہمیشہ کے لیے ناکارہ ہو جاتے ہیں۔ شروع میںاس کی کوئی خاص علامات ظاہر نہیں ہوتیںاور مریض کو تب پتا چلتا ہے جب بیماری آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہوتی ہے۔

٭چلئے آپ ہمیں اس مرحلے پر علاج بتا دیں؟
٭٭ اس وقت اس کا علاج صرف ڈائلیسز یا کسی دوسرے شخص کا عطیہ کیا گیا گردہ لگانا ہوتا ہے۔مجھ سے متعلق ایک ٹیسٹ جی ایف آر (Glomerular Filtration Rate) میرے کام کرنے کی استعداد کے بارے میں بتاتا ہے جس کی روشنی میں مریض کو ڈائیلسز تجویز کیا جاتا ہے جو تین اہم کام سر انجام دیتاہے۔ ان میں سے پہلا جسم سے فالتوپانی کا اخراج ، دوسراخون سے فاسد مادوں کو باہر نکالنااورتیسراخون میں موجود الیکٹرولائٹیس کے عدم توازن کو کنٹرول کرناہیں۔
٭اور دوسرا طریقہ یعنی پیوندکاری کیاہے ؟
٭٭اس عمل میںٹرانسپلانٹ سرجن مجھے کسی صحت مند آدمی سے نکال کر مر یض کے جسم میں لگاتاہے۔ عام طورپر مر یض کے خراب گردے نہیں نکالے جاتے تاہم انفیکشن یا بلڈ پریشر کی زیادتی کی صورت میں انہیں نکالناضروری ہو جاتاہے۔ پیوندکاری کے بعد مریض کو ڈائیلسز کی ضرورت نہیں پڑتی اور چند مخصوص ادویات کے باقاعد ہ استعمال سے وہ صحت مند زندگی گزارلیتاہے۔ تاہم ٹرانسپلانٹ سے پہلے اسے ڈ ائیلسز پر ہی انحصار کرنا پڑتاہے۔

٭آخر میں آپ ہمیں کیا پیغام دینا چاہیںگے؟
٭٭ ہم آپ کے جسم میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔ اگر ہم ٹھیک طور پر کام نہ کریں تو نہ صرف آپ کی صحت متاثر ہوگی بلکہ خدانخواستہ زندگی بھی خطرے میں پڑ جائے گی ۔ اس لئے آپ کو ایسا طرز زندگی اپنانا چاہئے جس میں ہم یعنی گردے صحت مند رہیں۔ زیادہ سے زیادہ پانی پینا ہمیں صحت مند رکھتا ہے اور چھوٹی موٹی پتھریاںہم بغیر علاج کے نکال دیتے ہیں۔ اگر میری خرابی کی علامات ظاہر ہوں تو پھر علاج میںتاخیر نہیں کرنی چاہئے۔اس کے علاوہ مریض کو چاہیے کہ وہ ہماری بیماری سے متعلق ماہرِغذائیات سے اپنی خوراک کی قسم ،مقدار اور پرہیز کے حوالے سے معلومات لے لیں ۔جب وہ اپنی خوراک کے چارٹ کو سمجھ جائیں گے توان کے لیے اس پر عمل کرنا آسان ہو جائے گا۔

٭بہت بہت شکریہ گردہ صاحب کہ آپ نے اتنی اچھی گفتگوکی۔آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔
قارئین کرام! امید ہے کہ آپ کوبھی اپنے گردے دوست کا انٹرویو پسند آیا ہوگا اور آپ کو اس سے کافی معلومات ملی ہوںگی۔ اگلے پروگرام میں ہم ’’ناک‘‘ کے ساتھ حاضر ہوںگے۔ اگر آپ کو بھی ’’اپنے ناک ‘‘سے کچھ پوچھنا ہو تو اپنے سوالات بذریعہ خط، فون، ای میل یا فیس بک لکھ بھیجئے۔
مجھے دیں اجازت‘ اللہ نگہبان!

Vinkmag ad

Read Previous

کیرئیر کے انتخاب میں تذبذب

Read Next

ماروی کا دیس :نگرپارکر…

Leave a Reply

Most Popular