Vinkmag ad

اب کے برس کچھ ایسا کرنا

پھر نیا سال‘ نئی صبح‘ نئی امیدیں
اے خدا خیر کی خبروں کے اجالے رکھنا
یہ رسالہ جب آپ کے ہاتھ میں آئے گا تو آپ سال نو یعنی 2018ءمیںقدم رکھ چکے ہوں گے۔ہم امید کرتے ہیں کہ نیا سال آپ کے لئے تندرستی‘صحت اور خوشیوں کا پیامبر ثابت ہو۔ سالگرہ‘ نئے سال یا اس طرح کے دیگر مواقع پر بعض لوگ کچھ وقت نکال کر اپنی زندگی کا جائزہ لیتے ہیں اور اگلے سال کے لئے کچھ عزائم اور اہداف متعین کرتے ہیں۔ دیکھا گیا ہے کہ ان میں سے چند افراد ہی اپنے ساتھ صحت سے متعلق عہد و پیمان کرتے ہیں۔کیوں نہ اس نئے سال میں صحت سے متعلق بھی چند عزم شامل کیے جائیں تاکہ ہم بیماریوں محفوظ رہ کر اپنے اگلے سال کا زیادہ پرلطف بنا سکیں۔ اس سلسلے میں چند تجاویز درج ذیل ہیں:
صحت بخش غذا
٭ اچھی صحت کا بہت حد تک دارومدار غذا پرہے۔اس لئے عہد کیجئے کہ نئے سال میں آپ اپنی غذا کا خاص خیال رکھیں گے۔آج کل زیادہ تر افراد اپنی پسند کی (خواہ وہ مضرصحت ہی کیوں نہ ہوں)چیز کے علاوہ کچھ کھانا پسند نہیں کرتے اور پھر مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگتے ہیں۔نئے سال میں ارادہ کیجئے کہ زبان کے چٹخارے کی بجائے صحت کے لحاظ سے مفید غذاﺅں کا استعمال کرنا شروع کریں گے۔
٭ مرغن‘زیادہ مصالحے دار اور میٹھی چیزوں کااستعمال کم سے کم کریں گے‘ اس لئے کہ متوازن غذا کو بھی اگر تل کر‘مصالحوں یا چینی کے زیادہ استعمال سے تیار کیا جائے تو وہ بھی غیر صحت بخش بن سکتی ہے۔
٭زیادہ کیفین اورکولا مشروبات کا استعمال کم کر کے سادہ اور صاف پانی پینے کو اپنے معمول کا حصہ بنائیںگے۔اکثر لوگ شکایت کرتے ہیں کہ زیادہ پانی پینے کا مطلب زیادہ واش روم جانا ہے۔ اگر پانی پینے کے فوائد پر نظر ڈالی جائے تو پھر اس چھوٹی سی مشکل کو برداشت کرنا گھاٹے کا سودا نہیں۔صاف اور سادہ پانی ہمارے گردوں کو صاف کرتا‘نظام انہضام میں مدد دیتااور دورانِ خون بڑھاتا ہے جس سے عمومی صحت بھی بہت بہتر رہتی ہے۔
جسمانی سرگرمی
٭دل کی بیماریوں‘کولیسٹرول بڑھنے اور شوگر اور موٹاپے کی ایک بڑی وجہ جسمانی سرگرمیوں کی کمی اور کھانا کھاکر بیٹھ یا لیٹ رہنابھی ہے۔کمپیوٹر‘انٹرنیٹ اورگاڑی کی سہولت نے ہمیں آرام طلب بنا رکھا ہے جس کے اپنے نقصانات ہیں۔ اس لئے اس سال ارادہ کریں کہ زائد کیلوریز کو جلانے کے لیے جسمانی سرگرمیوں مثلاً چہل قدمی‘دوڑ بھاگ اورورزش کو اپنامعمول بنائیں گے۔اس لئے ہفتے میں کم از کم پانچ دن 30منٹ کی ورزش یا سرگرمی ضرور کریں۔ اگر یہ بھی ناممکن ہو تو موبائل فون میں پانچ اور سات منٹ کی ورزش پر مشتمل بہت سی ایپس دستیاب ہیں۔ان میںدی گئی ورزشوں کی ویڈیوز دیکھ کر کوئی بھی شخص بغیر کسی مشین کے آسانی سے چند منٹ ورزش کرسکتا ہے۔
خود علاجی سے پرہیز
٭ہمارے ملک میں صحت سے متعلق آگاہی کی شرح بہت کم ہے لہٰذا غلط تصورات پر لوگوں کا اعتماد اتنا زیادہ ہے کہ وہ مستند معالج سے زیادہ انہیںپر یقین کرتے ہیں۔ مثلاًچائے پینے سے رنگ کالا ہوتا اورشوگر صرف چینی کھانے سے ہوتی ہے وغیرہ۔ معالج کے علاوہ کسی اورکی ہدایت پر عمل کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔نئے سال میں عزم کریں کہ مسائل سے بچنے کے لیے ماہر ڈاکٹر کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں گے۔
خوش رہنا
٭خوش رہنا اگر مکمل طور پر نہیں تو کسی حد تک ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے‘ اس لئے کہ اس کا تعلق خارجی معاملات سے زیادہ ہماری اپنی سوچ سے ہوتا ہے۔ذہنی تناﺅ‘ڈپریشن اوراضطراب سے بچنا چاہیں تو اپنی سوچ کو مثبت ڈگر پر چلانے کی کوشش کریں۔اگر مسئلہ بگڑا ہوا ہو تو ماہرِنفسیات کی مدد لی جا سکتی ہے۔ ایک مرتبہ پھر آپ کو سالِ نو مبارک!

Vinkmag ad

Read Previous

رویوں میں بناﺅ اور بگاڑ

Read Next

بچے کو کیسے نہلائیں

Most Popular