Vinkmag ad

بچے کو کیسے نہلائیں

پہلی دفعہ ماں بننے والی خواتین جہاں بچے کی پیدائش کو لے کر خوش ہوتی ہیں وہاں انہیں کچھ خدشات بھی گھیر لیتے ہیں۔ کبھی وہ بہت چھوٹی چھوٹی باتوں پر بہت زیادہ پریشان ہو جاتی ہیں اور کبھی بڑی بڑی باتوں کو معمولی جان کر نظر انداز کر جاتی ہیں۔

کھلانے پلانے سے لے کر نہلانے اور سُلانے تک کے ہر لمحے ماں کو اس کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ بعض مائیں نومولود بچوں کو اس ڈر سے کم نہلاتی ہیں کہ کہیں بچہ ان سے گر نہ جائے۔ وہ ان کے ناخن کاٹنے سے ڈرتی ہیں۔ اس کے کپڑے کیسے اتاریں؟ صابن اور شیمپو کیسے استعمال کرنا چاہیے اور کون سا استعمال کرنا چاہئے؟ نہلانا کہاں سے شروع کرنا چاہیے؟ بچے کو ٹھنڈ لگ جائے تو کیا ہو گا؟ اسے گرم پانی سے نہلائیں یا ٹھنڈے پانی سے؟ یہ سب وہ سوال ہیں جو نئی ماں کے ذہن میں بار بار آتے ہیں۔

نہلانے سے پہلے ان باتوں کو مد نظر رکھیں:

بچہ اگر ہسپتال میں پیدا ہو تو عموماً اسے پیدائش کے فوراً بعد ایک خاص محلول سے صاف کیا جاتا ہے۔ پھر 24 گھنٹے کے اندر اندر اُسے نہلایا جاتا ہے۔ شروع کے چند دن تو بچے کو اسفنج باتھ دینا زیادہ آسان اور مناسب ہے۔ یعنی کسی اسفنج کی مدد سے بچے کو صاف کرنا۔ اس لئے کہ بچے کی جلد نازک ہوتی ہے اور وہ تبدیل ہونی ہوتی ہے۔

جب پانی سے نہلانا ہو تو اس کا طریقہ یہ ہے کہ اس کے کپڑے اتارکر فوراً اچھی طرح سے تولیے میں لپیٹ لیں تاکہ  اُسے ٹھنڈ نہ لگے۔
اس کا پانی نہ زیادہ ٹھنڈا ہو نہ ہی گرم۔ آپ پانی چیک کرنے کے لیے اپنی کہنی اس میں ڈال کر دیکھیں۔ اگر آپ کو پانی مناسب لگے تو وہ منے کے لئے بھی مناسب ہو گا۔ اس کے بعد ان ہدایات پر عمل کریں:

٭بچے کو اپنے بازو سے پکڑیں اور نہلانے والی جگہ پر کوئی تولیہ وغیرہ رکھ دیں کیونکہ بچہ سلپ کر سکتا ہے۔ تولیہ یا کوئی نرم چیز رکھنے سے منا گرکر چوٹ لگنے سے محفوظ ہو جائے گا۔

٭بچے کو شمپو یا صابن کم سے کم لگائیں۔ تھوڑا سا صابن یا شمپو پانی میں ملا کر لگانے سے بچہ برے کیمیکلز کے اثرات سے بچ سکتا ہے۔

چہرے کی صفائی

٭سب سے پہلے اس کی آنکھیں کاٹن بال یا روئی کی مدد سے صاف کریں۔ اس مقصد کےلئے کاٹن بال کو پانی میں بھگو کر اچھی طرح سے آنکھوں کے اوپر اور اطراف میں پھیریں۔ اس کے بعد کانوں کو صاف کریں۔ کاٹن بال کو کانوں کے اندر اور پیچھے اچھی طرح سے پھیریں۔ پھر نئی کاٹن بال لیں اور پانی میں بھگو کر پورے چہرے کو صاف کریں۔

شیمپو کا طریقہ

بچے کو ایک ہاتھ میں پکڑیں اور اس کے سرکو تھوڑا سا نیچے کی جانب جھکا کر گیلا کریں۔ جس ہاتھ سے بچے کو پکڑا ہوا ہے‘ اسی ہاتھ کی شہادت کی انگلی سے بچے کا ایک کان بند کریں اور انگوٹھے سے دوسرے کان کو بند کریں۔ پانی کو کان میں جانے سے روکنے کے لئے کاٹن بال بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ اب بے بی شیمپو اپنے ہاتھ پر ڈالیں اور آہستہ آہستہ بچے کا سر شیمپو کریں۔ اس کے بعد شیمپو احتیاط سے اتاریں تاکہ شیمپو والا پانی بچے کی آنکھوں میں نہ جائے۔ سر دھونے کے بعد بچے کے جسم کے گرد لپٹا ہوا تولیہ اتار لیں۔

جسم کی صفائی

بچے کو اپنے ہاتھ پر الٹا لٹائیں۔ اس کے جسم کو گیلا کریں اور دوسرے ہاتھ سے صابن لگالیں۔ صابن اتارنے کے بعد اس کو سیدھا اپنے ہاتھ پہ لٹالیں اور اب آگے کی طرف صابن لگائیں۔ صابن اتارنے کے بعد بچے کو تھوڑی دیر کےلئے پانی میں رکھیں۔

پانی سے نکال کر اس کا جسم تولیے سے خشک کریں۔ بچے کی جلد بہت نازک ہوتی ہے اور خشک کرتے ہوئے اس کی جلد پر تولیہ رگڑیں نہیں۔

آخر میں بے بی لوشن یا زیتون کے تیل سے اس کے جسم پر ہلکا ہلکا مساج کریں۔ اس کے بعد اسے کپڑے پہنائیں تاکہ اس کا جسم گرم ہو جائے۔

ضروری ہدایات

٭جن بچوں کے ختنے ہوچکے ہوں‘ انہیں بھی نہلایا جاسکتا ہے۔ انہیں صبح شام پانچ سے سات منٹ تک نیم گرم پانی میں بٹھانے سے زخم جلدی مندمل ہوتا ہے۔

٭نہلانے سے ناف خراب نہیں ہوتی‘ مگر اس کو زیادہ چھیڑنا مناسب نہیں کیونکہ وہ کچھ دن بعد خود ہی سوکھ کر ختم ہو جاتی ہے۔

٭آنکھیں‘کان اور منہ صاف کرنے کےلئے ہر بار نئی کاٹن بال استعمال کریں۔

٭نومولود بچوں کو سردی اور گرمی‘ دونوں موسموں میں نیم گرم پانی سے نہلائیں۔

٭نہلانے سے پہلے کپڑے اور نیپی تیار کر لیں۔ نہلانے کے فوراً بعد کپڑے پہنائیں تاکہ اس کا جسم گرم رہے۔

٭پیدائش کے دوران اوزار لگنے سے بچے کو معمولی زخم آجائے تو اسے مرہم لگا کر نہلائیں۔

٭جن بچوں کو ٹانکے لگے ہوئے ہوں‘ ان کی متاثرہ جگہ کو ڈھک کر انہیں نہلائیں۔

٭جن بچوں کو پیدائشی بخار ہو‘ انہیں ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق نہلائیں۔

٭نومولود کو پاﺅڈر مت لگائیں کیونکہ اس سے انفکیشن ہوسکتا ہے۔

٭بچوں کے بغل کے نیچے پےدائشی طور پر سفید رنگ کی پاﺅڈر نما سفید تہہ ہوتی ہے۔ یہ جسم کو وٹامن فراہم کرتا ہے۔ اسے خود رگڑ کر نہ اتاریں۔

 

Vinkmag ad

Read Previous

اب کے برس کچھ ایسا کرنا

Read Next

”سموک“ اور” فوگ “کا مجموعہ سموگ کیسے بنتاہے‘اس سے کیسے بچیں

Most Popular