ٹیکنالوجی کا جن

آپ سڑک پر چل رہے ہوں یاگاڑی میں ہوں،کسی تقریب میں ہوں یا کلاس روم میں، ہر جگہ ہر کسی کے ہاتھ میںموبائل فون نظر آتا ہے۔ بیشتر لوگ تو گاڑی اور موٹرسائیکل چلاتے وقت بھی ایس ایم ایس ٹائپ کرتے نظر آتے ہیں۔ ٹی وی، انٹرنیٹ، اور سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال کی وجہ سے بہت سے مسائل سامنے آرہے ہیں۔صبا عمران کی ایک معلوماتی تحریر


پچھلے ہفتے میری دوست مائرہ کا بھائی سیڑھیوں سے گرا اور اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ وہ سیڑھیاں اُترتے ہوئے موبائل پر میسجنگ میں مصروف تھا اور وہ راستے میں پڑا چھوٹے بھائی کا کھلونا نہ دیکھ سکا تھا۔ ڈرائیونگ کے دوران مو بائل فون پر مصروف گفتگو ہونے کی وجہ سے حادثات کے واقعات میں بھی بہت اضافہ ہو گیا ہے ۔ کچھ عرصہ پہلے تک موبائل فون کم لوگوں کے پاس ہوا کر تاتھا لیکن اب یہ بلا امتیاز امیر غریب ہر گھر میں داخل ہوگیا ہے۔ صرف موبائل نہیں پی سی، ٹیبلٹس‘لیپ ٹاپ‘آئی پیڈ‘کمپیوٹر‘ویڈیوگیمز وغیرہ اس قدر عام ہوگئی ہیں کہ ہم ان کے بغیر رہ ہی نہیں سکتے۔
میڈیاٹیکنالوجی نے ہمار ی زندگی آسان کر دی ہے۔ اس کی مدد سے نہ صرف دور بیٹھے رابطے آسان ہوگئے ہیں بلکہ یہ معلومات میں اضافے،تفریح اور دیگر کاموں کی انجام دہی میں بھی معاون ہےں۔ کہتے ہیں کہ’ کسی بھی چیز کی زیادتی اچھی نہیں ‘۔ ٹیکنالوجی کے بے جا استعمال کی وجہ سے لوگ بے سکونی کا شکار ہو رہے ہیں ۔ ڈسرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال فیصل آباد کی ماہر نفسیات ڈاکٹر عاصمہ باجوہ کہتی ہیں:
”سائنس کی نعمتوں سے انکار ممکن نہیں مگر انسان نے خود کو ان کا عادی بنا کر اور اعتدال سے زیادہ استعمال کرکے انہیں اپنے لئے وبال جان بنا لیا ہے۔ٹیکنالوجی کے بے مہابا استعمال سے بہت سے نفسیاتی اور جسمانی عوارض جنم لے رہے ہیں۔©©“
ٹیکنالوجی کی وجہ سے پیداشدہ چند مسائل درج ذیل ہیں:
نیند کی کمی
اس کے زیادہ استعمال سے بہت سے افراد نیند کی کمی کا شکار ہورہے ہیں ۔نیند کے دوران پٹھوں اور اعصاب کو سکون ملتا ہے جس سے ہم تازہ دم ہوجاتے ہیں۔کم سونے سے نظر‘پٹھے اور اعصاب سب تھک کر کمزور ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔ مزید براں اس سے جسمانی دفاعی نظام بھی کمزور ہوتا ہے اور ذہنی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔
نظر پراثرات
موبائل‘ٹی وی‘کمپیوٹر‘ آئی پیڈوغیرہ سے ریڈیائی لہریں خارج ہوتی ہیں اور مسلسل سکرین پر نظر جمائے رہنے سے بصارت کے مختلف مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ محمد آباد(فیصل آباد) کے ماہر امراض چشم ڈاکٹر ثاقب شاہ کے مطابق:
”مسلسل ایک ہی پوزیشن میںلیٹ یا بیٹھ کر سکرین پر نظریں جمانے سے آنکھوں کے پٹھے اکڑ اور اعصاب تھک جاتے ہیں۔ سکرین کی طرف دیکھتے ہوئے عموماً لوگ آنکھ بھی کم جھپکتے ہیںجس کے باعث آنکھوں کی خشکی کے مسائل پیداہوسکتے ہیں۔“
سماعت پر اثرات
بعض لوگ موبائل فون پر بہت سے سوفٹ ویئرز کو’ ایکٹو‘ رکھتے ہیں۔ ایسے میں موبائل کان سے لگائے رکھنے سے سننے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔ اس کی وضاحت کرتے ہوئے فیصل آباد کے ماہرامراض ناک، کان اورگلا ڈاکٹر عباس خواجہ کہتے ہیں:
”موبائل فون سے بہت تیز برقی لہریں خارج ہوتی ہیں جو سننے سے متعلق خلیوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔موبائل فون‘آئی پیڈ اور لیپ ٹاپ وغیرہ میں موسیقی کی سہولت بھی میسرہوتی ہے۔کانوں پر ہیڈ فون لگا کر اُونچی آواز میں مو سیقی سننے والے خود اپنی قوت سماعت کی تباہی کا باعث بن رہے ہیں۔“
وزن کی زیادتی
ٹی وی اور کمپیوٹر وغیرہ کے آگے مسلسل بیٹھے رہنے سے جسمانی حرکت محدود ہوجاتی ہے جس سے وزن بڑھ سکتاہے۔ سکرین ٹیکنالوجی نے بچوں کو دوسری کھیلوں سے دور اورموٹاپے سے قریب کردیا ہے جوبہت سی بیماریوں کی جڑ ہے۔
ہڈیوں کی کمزوری
کمروں میں لیپ ٹاپ‘ٹی وی اور موبائل پر زیادہ مصروف رہنے کی وجہ سے ہمارے جسم دھوپ سے حاصل ہونے والے ’وٹامن ڈی‘ سی محروم ہوتے جارہا ہےں۔ اس کی کمی ہڈیوں کی کمزوری کا باعث بنتی ہے۔(جھنگ روڈ)فیصل آبادکے آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر نصیر مطابق:
”وٹامن ڈی کی کمی اورزیادہ دیر بیٹھے رہنے سے ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں۔ ریڑھ کی ہڈی پر مسلسل دباﺅ رہنے سے کمردرد اور گھٹنوں میں درد کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔“
دماغ پر اثرات
ماہرین کے مطابق الیکٹرونک آلات سے نکلنے والی ریڈیائی لہریں ذہنی تناو¿ سے متعلق ہارمونمیں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔ اس سے ذہنی دباﺅ اورڈپریشن کی کیفیات بھی جنم لے سکتی ہیں۔ ماہر نفسیات ڈاکٹر عاصمہ باجوہ کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کا حد سے زیادہ استعمال انسانی دماغ میں ’ڈوپا مین ہارمون‘ کی مقدار پر بھی اثرانداز ہوتاہے۔ اس کی مقدار کا اتار چڑھاو¿ مختلف ذہنی بیماریوں اورخصوصاً نشے کی جانچ کے لئے استعمال ہوتاہے۔
ٹیکنالوجی کا نشہ
میری لینڈ یونیورسٹی (امریکہ )میں کی گئی ایک تحقیق میں جب طلبہ کو ایک دن کے لےے موبائل فونز‘ٹی وی اور کمپیوٹر سے دور رکھا گیا تو وہ شدید بے چینی کا شکار ہو گئے۔ اپنی بے چینی کو بیان کرتے ہوئے طلبہ نے وہی کیفیات بیان کیں جو نشے کے عادی افراد نشہ نہ ملنے پر ظاہرکرتے ہیں۔ان میں اضطراب‘دل کی دھڑکن تیز ہونااور بدن ٹوٹنا شامل ہیں۔ہم اسے’ ٹیکنالوجی کا نشہ‘ کہہ سکتے ہیں۔ دنیا بھر کے ماہرین نفسیات اور تھیراپسٹ اس بات پرغور کر رہے ہیں کہ ٹیکنالوجی کے نشے کو ذہنی بیماریوںمیں شامل کیا جائے۔ برطانیہ‘جنوبی کوریا اور امریکہ میں ایسے ادارے بھی ہیں جو ٹیکنالوجی کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کا علاج کررہے ہیں۔ انہیںٹیکنالوجی ری ہیبلی ٹیشن سنٹرز (technology rehabilitation centers)کانام دیا گیا ہے۔
ٹی وی اور ویڈیو گیمز کے اثرات
ٹی وی کے شوقین خواتین وحضرات یا بچوں سے ان کا کوئی پسندیدہ پروگرام دیکھنا رہ جائے تو وہ عجیب بے چینی اور چڑ چڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ بچے ویڈیوگیمز کے عادی بھی ہوجاتے ہیں۔ سنگاپور میں ہونے والے ایک سروے میں( جو 3,000 بچوں پر کیاگیا )یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ زیادہ ویڈیو گیمز کھیلنے والے بچوں میں جسمانی وذہنی دباﺅ ،منفی رویوں‘تھکن اور پٹھوں اور جوڑوں کے درد وغیرہ کی علامات نسبتاً بہت زیادہ پائی جاتی ہےں۔
رشتوںمیں دوریاں
جدید ٹیکنالوجی آپ کی ہروقت کی ساتھی سہی مگر یہ انسان نہیں جو آپ کے جذبوں کی حرارت کو محسوس کرسکے ۔اس کے باعث ہم اپنے پیاروں سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ گھر کے ایک کمرے میں بیٹھے انسان ایک دوسرے سے نہیں بلکہ سوشل نیٹ ورک کے ذریعے اوروں سے رابطے میں مشغول ہیں۔ ڈاکٹر عاصمہ کہتی ہیں
”بلاشبہ یہ ڈیجیٹل دور ہے لیکن رشتے مشینوں کی زبان نہیں سمجھتے۔ انہیں اظہار‘تمہید‘ شدت‘ محبت اور الفاظ کی ضرورت ہوتی ہے۔ رشتوں میں دوریاں اور دراڑیں نہ صرف زندگی کو تلخ کردیتی ہیں۔بلکہ بہت سے نفسیاتی عوارض کو بھی جنم دیتی ہیں۔“
روحانیت سے دوری
ٹیکنالوجی میں مگن نئی نسل مذہب، اخلاقیات اور روحانیات سے دورہوتی جارہی ہے کیونکہ انہوں نے اپنی ترجیحات بدل لی ہیں۔ مذہب اور روحانیات سے دوری انسان کو جسمانی طور پر متاثر کرتی ہے۔
گفتگو کو سمیٹتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ خود کو ٹیکنالوجی کا بہت زیادہ عادی ہونے سے بچائیںاور اسے ضرورت کے مطابق استعمال کریں۔ اپنی صحت اور رشتوں کو مقدم جانےں۔ موبائل‘ لیپ ٹاپ‘ٹی وی‘ویڈیو گیمزوغیرہ کے لئے کچھ وقت مخصوص کرلیں۔ اس طرح آپ صحت مند اور بھرپور زندگی گزارسکتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے جن کو بوتل میں بند کرکے ہی رکھیں تو اچھا ہے، ورنہ یہ آپ کو کھاسکتا ہے۔

Vinkmag ad

Read Previous

قدرت کی قدرت جانے …

Read Next

سبزیاں, 10 فائدے

Leave a Reply

Most Popular