موسم سرما کی گرم سوغاتیں

موسم سرما کی گرم سوغاتیں

موسم جب بدلتا ہے تو اپنے ساتھ نئے تقاضے بھی لاتا ہے اورپھرانسانوں سے انہیں پورا کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ سردی کے عروج پرگرم اورمقوی غذاؤں کا استعمال معمول سے زیادہ ہو نے لگتا ہے۔ اس موسم کے مقبول کھانوں کی تفصیل یہ ہے۔

مزیدارسوپ

سردی کا نام لیتے ہی کھانے پینے کی جن چیزوں کا خیال سب سے پہلے آتا ہے‘ ان میں سےایک سوپ بھی ہے۔ یہ جسم کوگرم رکھتا ہے اور جلد ہضم ہو کربھوک بھی بڑھاتا ہے۔ سوپ کی بہت سی اقسام ہیں جن میں سے کارن سوپ اورتھائی سوپ زیادہ مقبول ہیں۔

سوپ سردیوں میں ہونے والی پانی کی کمی کو بھی کسی حد تک پورا کرتا ہے۔ اس کی غذائیت کا انحصاراس میں استعمال کیے جانے والے اجزاء پرہوتا ہے۔ یہ سبزی سے تیارکیا جائے یا چکن سے، ہمیشہ کوشش کریں کہ اسے زیادہ نہ پکائیں کیونکہ ایسے اس کی غذائیت کم ہونے کاخدشہ ہوتا ہے۔

سرد راتیں اورڈرائی فروٹس

بڑا ہو یا چھوٹا‘ مرد ہویاعورت‘شاید ہی کوئی فرد ایسا ہو گا جو سردیوں میں ڈرائی فروٹس کھاناپسند نہ کرتا ہو۔ مونگ پھلی، میوہ، پستہ، بادام، کاجو، اخروٹ اورچلغوزے وغیرہ سردیوں کی خاص سوغات مانے جاتے ہیں۔ بادام اوراخروٹ کو خاص طورپر پسند کیا جاتا ہے‘ اس لئے کہ یہ کولیسٹرول گھٹانے میں مدد دیتے ہیں۔ ان میں کیلوریز، فیٹس اورنمک کی مقدارزیادہ ہوتی ہے لہٰذا دن میں ایک مٹھی سے زیادہ نہ کھائیں۔ ذیابیطس اورہائی بلڈ پریشر کے مریض بھی محتاط رہیں۔

گرم گرم انڈے

سردیاں شروع ہوتے ہی دیسی اورابلے ہوئے انڈے بیچنے والوں کی آوازیں گلی گلی سے آنے لگتی ہیں‘ اس لیے کہ سردی سے بچنے کے لیے ان کا استعمال بہت مفید ہے۔ اس میں پروٹین،پوٹاشیم،منرلز،وٹامن اے،بی،سی ،ڈی اورمیگنیشم کی وافرمقدار پائی جاتی ہے لہٰذا یہ ایک مکمل غذا ہے۔ انڈوں کوابال کرکھانا زیادہ اچھا ہے کیونکہ فرائی کرنے سے ان میں چکنائی اورکیلوریز کی مقداربڑھ جاتی ہے۔

مقوی اورلذیذ پائے

یوں توپائے ہرموسم میں ہی کھائے جاتے ہیں تاہم سردی کے موسم میں ان کا استعمال کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ جسم کو گرمی پہنچاتے ہیں۔ انہیں بکری اورگائے‘ دونوں کی ہڈیوں سے تیارکیا جا تا ہے۔

ان میں وافرمقدارمیں کیلوریز،فیٹس، پوٹاشیم، کیلشیم اورپروٹین پائی جاتی ہے۔ چونکہ ان میں کیلوریزاورچکنائی زیادہ ہوتی ہے‘ اس لئے انہیں کھانے کے بعد واک یا دیگر جسمانی سرگرمیاں ضرورکریں۔ بڑھتی عمرکے بچوں ، ہڈیوں اورجوڑوں کے مریضوں کے لیے ان کا استعمال خاص طورپرمفید ہے‘ تاہم اس میں اعتدال بہت ضروری ہے۔

مچھلی‘ تلیں نہیں بیک کریں

اومیگا3فیٹی ایسڈ،زنک،وٹامنز،پروٹین،میگنیشم اورآئرن سے بھرپورمچھلی کا استعمال بھی اس موسم میں بڑھ جاتا ہے۔ اومیگا3 فیٹی ایسڈ برے کولیسٹرول کوکم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ آئرن خون کی کمی والے افراد کے لیے فائدہ مند ہے۔
مچھلی سردی کے اثرات کوکم کرکے جسم کوگرم رکھتی اورانفیکشن سے بچاتی ہے۔ اسے تلنے کی بجائے بیک کرکے یا بھاپ میں کم نمک اورکم مصالحہ لگا کر تیارکریں تاکہ اس کی افادیت سے بھرپورفائدہ اٹھایا جاسکے۔

موسمی سبزیاں اورپھل

سردیوں کی سبزیوں اورپھلوں میں مٹر،گاجر،گوبھی،مولی،شکرقندی،پالک،اروی،ساگ،اناراورمالٹے قابلِ ذکرہیں۔ ان کا استعمال سرد موسم کے اثرات سے بچنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کےعلاوہ پانی کی کمی کوکافی حد تک پورا کرتا ہے۔ یہ غذائیں اس موسم میں کھانسی‘ زکام،نزلے، موسمی ڈپریشن اورموڈ کے اتارچڑھاؤکو کنٹرول کرنے میں بھی مدد دیتی ہیں۔

پھل مثلاً مالٹے اورکینو قوتِ مدافعت بڑھاتے ہیں۔ ان میں وٹامن سی کی وافرمقدارہوتی ہے جوجسم میں آئرن کو جذب کرنے اورسردی میں کھائے جانے والے دیگرمرغن کھانوں کے درمیان توازن برقراررکھنے میں مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ان میں وٹامنز،پوٹاشیم،زنک،فاسفورس اورفائبرکی وافرمقدار کے ساتھ ساتھ غذائیت کا بہترین توازن پایا جاتا ہے۔

بہت سے لوگ گرمیوں میں معدے کے مسائل کا سبب سردیوں میں کھائی جانے والی غذا کوسمجھتے ہیں۔ یہ درست نہیں‘ اس لئے کہ سردیوں میں کھائی جانے والی غذائوں کا اثراتنی دیر سے ظاہر نہیں ہوسکتا۔

غذاؤں میں احتیاطیں

٭سردیوں میں کھایا پیا زیادہ جاتا ہے جوموٹاپے کا باعث بنتا ہے۔ اس لیے کوشش کریں کہ جو بھی کھائیں ‘اعتدال میں کھائیں۔

٭مرغن کھانوں اورفیٹس کا زیادہ استعمال دیگرموسموں کی طرح اس موسم میں بھی صحت کے لیے مفید نہیں۔

٭اگرکھانوں کو تلنا ضروری ہو تو کوشش کرنی چاہئے کہ تیل کی مقدار کم سے کم ہو۔ اس کے لئے سویابین اورکینولا آئل کو ترجیح دیں۔

٭اس موسم میں دودھ، دہی اوردیگر ڈیری مصنوعات کا استعمال ضرورکریں ۔

٭سردیوں میں کچھ دیرکے لئے دھوپ میں ضروربیٹھیں۔ اس سے حاصل شدہ وٹامن ڈی جسم کی ہڈیوں کے لیے بہت اہم ہے۔

winter foods, soup, dried foods, fish, health benefits of soup and dried fruits

Vinkmag ad

Read Previous

اسپرین کی ایجاد

Read Next

 گردوں کی خرابی: علامات اور بچاؤ کے طریقے

Leave a Reply

Most Popular