Vinkmag ad

زچگی کے بعد موٹاپا کیسے گھٹائیں

زچگی کے بعد موٹاپے کی شکار خواتین وزن کم کرنےکے لئے مختلف ٹوٹکوں اورتدبیروں کا سہارا لیتی ہیں جوعارضی طورپرمن پسند نتائج تودیتے ہیں تاہم ان کے مضراثرات بھی ہوتے ہیں۔ انہیں چاہئے کہ پہلے وزن بڑھنے کی وجوہات سے آگاہی حاصل کریں اوراس کے مطابق حکمت عملی تیارکریں۔

وزن میں اضافہ کیوں

شفا نیشنل ہسپتال فیصل آباد کی ماہرامراض نسواں ڈاکٹر کنیز فاطمہ کے مطابق زچگی کے بعد موٹاپے کی بڑی وجہ ہمارے غلط تصورات، کھانے پینے کی غیر صحت بخش عادات اورجسمانی سرگرمیوں کی کمی ہے۔ مثلاً ہمارے ہاں سمجھا جاتا ہے کہ حاملہ خاتون کو دو لوگوں کا کھانا کھانا ہے۔ یوں اکثرخواتین صحت مند بچے کی خواہش میں زیادہ کھاتی ہیں۔

اسی طرح انہیں دوران حمل معمول کے کاموں مثلاً صفائی، کپڑے دھونا، سیڑھیاں اترنا چڑھنا وغیرہ بھی محال لگتا ہے لہٰذا وہ انہیں بالکل چھوڑدیتی ہیں۔ پھرزچگی کے بعد انہیں مزید آرام کروایا جاتا ہے۔ اس دوران بھی ایسے کھانے دیئے جاتے ہیں جواضافی توانائی توفراہم کرتے ہیں تاہم ان کیلوریزکا استعمال نہ ہونے کے باعث وہ چربی میں تبدیل ہو کرموٹاپے کا باعث بن جاتی ہیں۔

کرنے کے کام

ڈاکٹر کنیز فاطمہ کے مطابق جسم کو حمل سے پہلی حالت پرواپس لانے کے لئےان ہدایات پرعمل کیا جاسکتا ہے

٭دوران حمل اورزچگی کے بعد پیٹ اورکولہوں کے پٹھے پھیل جاتے ہیں۔ انہیں واپس اپنی شکل میں لانے کے لئے حمل کے دوران اور زچگی کے دوسرے دن سے ہی ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمی شروع کردیں۔

٭ورزش مشکل لگتی ہوتوتیزقدمی کریں۔ شروع میں اس کا دورانیہ کم رکھیں پھرآہستہ آہستہ بڑھاتےجائیں۔

شفا نیشنل ہسپتال فیصل آباد کی ماہرغذائیات عروج رؤف کے مطابق کچھ خواتین موٹاپے کے خوف سے کھانا چھوڑدیتی ہیں جو درست نہیں۔ انہیں چاہئے کہ متوازن غذا اعتدال سے کھائیں۔ اس کے علاوہ ان ہدایات پرعمل کریں

٭چکنائی کی حامل خوراک سے مکمل پرہیزکریں۔

٭سرخ گوشت کا استعمال کم سے کم کریں۔ اس کے بجائے مچھلی اورمرغی کا گوشت استعمال کریں۔

٭میٹھی اشیاء جیسےمٹھائیاں، کیک اور پڈنگ سے پرہیزکریں۔

٭پھل اورسبزیاں مناسب مقدارمیں کھائیں۔

٭بالائی کے بغیر دودھ /دہی، بادام اورگاجرکا استعمال کریں۔

٭جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں۔

٭بچے کو ڈبے کا دودھ نہ دیں بلکہ اپنا دودھ ہی پلائیں۔ اس سے بچہ صحت مند ہوگا اورماں کا وزن بھی نہیں بڑھے گا۔

٭مناسب آرام کا اہتمام ضرورکریں۔

دوران حمل مذکورہ بالا ہدایات پرعمل وزن کو غیر معمولی حد تک بڑھنے سے روکتا ہے۔ اگر یہ بڑھ بھی جائے توزچگی کے بعد ان تدابیر پر عمل سے اسےمحفوظ طریقے سے کم کیا جاسکتا ہے۔

Post-delivery weight loss, pregnancy, weight gain

Vinkmag ad

Read Previous

منہ میں چھالے

Read Next

میٹھے پکوانوں کی کیلوریز

Leave a Reply

Most Popular