Vinkmag ad

وزن کیسے کم کریں

وزن کیسے کم کریں

اکثرافراد وزن گھٹانے کے لیے کھانا چھوڑ دیتے ہیں۔یہ نہ صرف خطرناک ہے بلکہ آگے چل کر وزن میں مزید اضافے کا باعث بھی بنتا ہے۔وزن گھٹانے کے لیے ماہرِ غذائیات سے مشورہ کیا جانا چاہئے تاکہ اسے صحت مندانہ انداز میں کم کیاجا سکے ۔ اس سلسلے میں درج ذیل تین مراحل کو مد نظر رکھنا ضروری ہے

٭وزن بڑھنے سے بچنا۔

٭وزن کم کرنا۔

٭وزن کم کرنے کے بعد اسے برقرار رکھنا۔

اس کے لئے درج ذیل ہدایات پر عمل کریں

خوراک کی منصوبہ بندی

فائبر سے بھرپور غذاکھائیں اور پانی بھی زیادہ پئیں ۔ پانی پینے سے پیٹ بھرا بھرا لگتا ہے اور بھوک کم محسوس ہوتی ہے ۔اسی طرح فائبر والی غذا میں کیلوریزکم ہوتی ہیں اور ان سے بھی پیٹ بھر ارہتا ہے۔ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ رات کو پیٹ بھر کرکھانے سے وزن بڑھتا ہے ۔ ایسا نہیں ہے، اس لئے کہ کسی بھی وقت لی جانے والی زائد کیلوریز جسم میں چربی بن جاتی ہیں ۔

کھانا پکانے کا انداز

کھانا بہت زیادہ پکانے یا تلنے سے اکثر غذائی اجزاء ختم ہوجاتے ہیں۔ مزید براں تلی ہوئی چیزیں موٹاپے کا باعث بھی بنتی ہیں۔اس لئے کھانے میں تیل کا استعمال کم سے کم(صرف دو کھانے کے چمچ) کریں اوراسے زیادہ نہ بھونیں۔

کھانے کا نظام الاوقات

کھانے کے اوقات مقرر کریں۔ زیادہ وقفے کے بعداچانک پیٹ بھرکر کھانے سے کہیں بہتر ہے کہ کم وقفے کے بعد تھوڑابہت کھائیں۔ آپ برابروقفوں سے پانچ سے چھ بار کھا سکتے ہیں۔

پھل، سبزیاں اور اناج

کاربو ہائیڈریٹس توانائی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔یہ فائبر سمیت بہت سے اہم غذائی اجزاء بھی فراہم کرتے ہیں ۔ان کا شمار اچھی غذاؤں میں ہوتا ہے جن میں فیٹس کم اور کولیسٹرول بالکل نہیں ہوتا، بشرطیکہ یہ قدرتی غذائوں مثلاً پھلوں ،سبزیاں اور اناج وغیرہ سے حاصل کئے جائیں ۔

چکنائی اور میٹھا کم کریں

چکنائی سے وزن بڑھتا ہے۔اس سے صحت کے دیگر مسائل بھی ہوسکتے ہیں۔کم سے کم اور صحت مندچکنائیاں استعمال کریں۔ میٹھے میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں جو موٹاپے کا باعث بن سکتی ہیں۔ اس لئے زیادہ مقدار میں میٹھا کھانا بھی اچھا نہیں۔

پروٹین ضرور لیں مگر

 پروٹین نشو ونما کے لیے بہت اہم ہے ۔ یہ کاربوہائیڈریٹس اور حیوانی ذرائع سے لی جا سکتی ہیں ۔اسے مکمل کھانے کے طور پر نہیں بلکہ کھانے کے ایک جزو کے طور پر استعمال کرناچاہیے۔ گوشت اس کا بہترین ذریعہ ہے، تاہم یہ چربی کے بغیر اور کم مقدا ر میں کھائیں ۔

جسمانی سرگرمیاں

وزن کم کرنے کے لیے جسمانی سرگرمیاں بہت اہم ہے۔روزانہ ورزش اور واک ضرور کریں، اس لئے کہ اس سے اضافی کیلوریز استعمال ہو جاتی ہیں۔ ماہر غذائیات آپ کی جسمانی ضرورت کے مطابق آپ کو بتائے گا کہ آپ کی خوراک اور ورزش کتنی ہونی چاہیے۔

حرف انکار کی عادت

جب بھی بلا ضررت کھانے کو دل چاہے، اپنی توجہ کسی اور طرف بٹا لیں۔اس طرح خود کوغیر صحت مند اور زیادہ کھانے کی خواہش سے انکار کی عادت ڈالیں۔

Weight loss tips, exercise, less oily food

Vinkmag ad

Read Previous

موٹاپے کی وجوہات

Read Next

تھکاوٹ کے کچھ عام اسباب

Leave a Reply

Most Popular