Vinkmag ad

کولیسٹرول پر کنٹرول

کولیسٹرول پر کنٹرول

عروج رؤف‘ ماہرِ غذائیات‘ شفا انٹرنیشنل ہسپتال‘فیصل آباد

کولیسٹرول کے لیول کو متوازن رکھنے کے لیے درج ذیل ہدایات پرعمل کریں

اومیگا 3فیٹی ایسڈ

یہ برے کولیسٹرول (ایل ڈی ایل) کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کی فراہمی کا سب سے بڑا ذریعہ مچھلی ہے۔اس لئے ہفتے میں کم از کم دو مرتبہ مچھلی ضرور کھائیں۔ دن میں ایک گرام اومیگا 3فیٹی ایسڈ سپلیمنٹ یا خوراک کی صورت میں لیا جائے تو دل کی بیماریوں کے امکانات کم ہوتے ہیں ۔ فوڈ سپلیمنٹس کا زیادہ استعمال نقصان کا باعث بن سکتا ہے لہٰذا کوئی بھی سپلیمنٹ اپنے ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر استعمال مت کریں۔

سیرشدہ چکنائیوں اورٹرانس فیٹس سے بچاؤ

ایسی چکنائی جوعام درجہ حرارت پر جم جاتی ہو‘ سیرشدہ چکنائی کہلاتی ہے۔ مکھن، گھی اوربیکری کی اشیاء اس کی چند مثالیں ہیں۔ اکثر لوگ بریڈ اوررس وغیرہ کو اپنے لئے ٹھیک سمجھتے ہیں‘ اس لئے کہ وہ دیکھنے میں خشک لگ رہی ہوتی ہیں جبکہ یہ دونوں اشیاء مکھن کے بغیر بیک ہی نہیں ہو سکتیں۔ اگر ہم اپنے کھانوں میں سیرشدہ چکنائیاں اورٹرانس فیٹس کم کردیں تو برا کولیسٹرول خود بخود کم ہوجائے گا۔ ہماری توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ اپنی خوراک میں کل چکنائی 25سے30 فی صد رکھیں جس میں سے صرف سات فی صد سیرشدہ اورٹرانس فیٹ ہو۔

حیوانی چکنائی سے دوری

جانوروں سے حاصل ہونے والی چکنائی میں کولیسٹرول زیادہ ہوتاہے۔ اس لئے دیسی گھی، مکھن،بالائی، مایونیز اورایسی اشیاء کم کھائیں جن یں چکنائی کا ذریعہ جانور ہوں۔ بہتر یہ ہے کہ ایسی چکنائی کو غذا میں شامل کیا جائے جوپودوں کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔ اس میں پی نٹ آئل، سویا بین، سن فلاور، کینولا، مسٹرڈ اوراولیو آئل وغیرہ شامل ہیں۔

گوشت میں انتخاب

سفید گوشت کو سرخ گوشت پر ترجیح دیں۔ آپ مچھلی یا ایسا چکن کھا سکتے ہیں جس کی جلد اچھی طرح سے اتاری گئی ہو۔ اس کے علاوہ سرخ گوشت میں بغیر چربی کے چھوٹے گوشت کا استعمال کریں۔ خیال رہے کہ چربی کے ساتھ بنے گوشت کا محض شوربا ہی کھایا جائے تو بھی آپ کے جسم میں چکنائی جا رہی ہوتی ہے۔ چربی کے بغیر گوشت ہفتے میں ایک مرتبہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تازہ دودھ کا استعمال

آج کل دودھ کے ڈبوں کا استعمال بہت عام ہے۔ بہتریہ ہے کہ آپ تازہ دودھ لیں ‘اسے ابالیں اورٹھنڈا کریں۔ پھر اس پرسے بالائی اتار لیں‘ دوبارہ ابالیں اورٹھنڈا کر کے بالائی اتاردیں۔ اس کے بعد اسے استعمال کریں۔

کھانے کی دیگر اشیاء

صبح ناشتے میں بریڈکی بجائے دلیے کا استعمال زیادہ فائدہ مند ہے جو توانائی اورصحت سے بھرپور ناشتہ ہے۔ اس کے علاوہ کھانوں میں دالیں بھی شامل کریں۔ سبزیاں اورپھل فائبر کی فراہمی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ فائبر سے پیٹ بھرجاتا ہے لہٰذا بھوک کم محسوس ہوتی ہے۔ نیزیہ برے کولیسٹرول کو کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔ فائبر دل اور آنتوں کی بیماریوں سے بچاؤ میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ نیز سلا د کو اپنے کھانے کالازمی جزو بنائیں۔

Tips to control cholesterol, fresh milk, white meat over red, saturated and trans fats

Vinkmag ad

Read Previous

مرگی کا دورہ‘ کیا کریں ؟

Read Next

لپوما، چربیلی رسولی

Leave a Reply

Most Popular