Vinkmag ad

کھجور’ صحت سے بھرپور

کھجور’ صحت سے بھرپور

کھجورکو ذائقے اورغذائی و طبی خصوصیات کی وجہ سے دنیا بھر میں پسند کیا جاتاہے۔ عجوہ اور برنی معیار میں دیگر کھجوروں سے زیادہ اچھی اورفائدہ مند ہیں لہٰذا نسبتاً زیادہ مہنگی بھی ہیں۔ کھجور عرب ممالک کےعلاوہ امریکہ‘ شمالی افریقہ اورایشیائی ممالک میں بھی کثرت سے پائی جاتی ہے۔ پاکستان میں خیرپور‘ ملتان اور ڈیرہ غازی خان کی کھجور بہت مشہورہے۔

خواتین کے لئے اکسیر

کھجور میں قدرتی طور پرایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو زچگی کے دوران خون بہنے سے روکتے ہیں۔ زچگی کے بعد خون کی کمی اورکمزوری جیسے مسائل روزانہ کھجور کھانے سے حل ہوجاتے ہیں۔ دیہات میں حاملہ خواتین کو زچگی سے پہلے چند چھوارے دودھ میں پکا کردئیے جاتے ہیں تاکہ اس دوران انہیں تکلیف کم ہو اوران کی توانائی بڑھ جائے۔

کھجور کی گٹھلی اورامراض قلب

کھجور اوراس کی پسی ہوئی گٹھلیاں دل بڑا ہونے کے عارضے میں فائدہ مند ہیں اورکالے موتیے میں بھی مفید مانی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ دل کاسائز بڑھ جانا اورموتیا بڑی بیماریاں ہیں لہٰذا ان کا باقاعدہ علاج کرانا چاہئے اورکھجور کو اس کے معاون علاج کے طور پراستعمال کرنا چاہئے۔

مضبوط اورچمکدار دانت

خشک کھجورکو گٹھلی سمیت رگڑ کرمنجن بنایا جاتا ہے جو دانتوں کے لئے بہت مفید ہے۔ اس کے لئے کھجور کی پانچ یا چھے شاخوں کے پتے دھو کر کاٹ لیں اورانہیں پانی میں ابالیں۔ جب پانی کی رنگت بھوری ہوجائے تو اسے اتار لیں۔ اس کے ایک گلاس پانی کے ساتھ کلی کریں۔ واضح رہے کہ اس کے ساتھ غرارہ نہیں کرنا‘ اس لئے کہ اس سے گلا خراب ہو سکتا ہے۔ یہ نسخہ صرف ایک بار استعمال کرنا ہے جس کا اثر چھے مہینے تک رہتا ہے۔ اس سے دانت مضبوط ہوتے ہیں اور ان میں درد نہیں ہوتا اور اگر ان میں پہلے سے درد ہوتو وہ ختم ہوجاتا ہے۔

قوت اور توانائی

تین سے چارکھجوروں کی گٹھلیاں نکال کران میں اتنے ہی بادام بھردیں۔ صبح کے وقت انہیں کھا کر دودھ پی لیں‘ اس سے جسمانی کمزوری دور ہوگی۔ اگر قبض کی شکایت ہو تو آپ دودھ میں اپنی پسند کا دلیہ بنائیں اوراس میں سات یا آٹھ کھجوریں کاٹ کر ڈال دیں۔ اب اس میں ایک چمچ گھی ڈال کر کھالیں۔ یہ ایک قوت بخش ناشتہ ہے۔ جوبچے جسمانی طور پر کمزور ہوں‘ وہ اگر روزانہ تین سے پانچ کھجوریں کھا کر دودھ کا گلاس پی لیں توچند ہفتوں میں ان کی صحت بحال ہوجائے گی۔ جن خواتین کو ماہانہ ایام کے دوران کثرت سے خون آتا ہو‘ وہ صبح کے وقت کھجوریں کھائیں‘ ان کی یہ تکلیف دورہو جائے گی۔ صبح نہار منہ کھجور کھانے سے پیٹ کے کیڑے ختم ہوتے ہیں۔

قبض کشا

کھجورقبض کشا اثررکھتی ہے اورپیٹ کی بیماریوں سے بچاتی ہے۔ قبض کی تکلیف دورکرنے کے لئے چند کھجوریں رات بھر پانی میں بھگو دیں اورصبح نہار منہ یہ پانی پی لیں۔ کھجور کی گٹھلی آنتوں کوبھی تقویت دیتی ہے۔ چارگٹھلیاں پیس کر پانی کے ساتھ روزانہ کھانے سے معدہ بھی ٹھیک رہتا ہے۔ اگر اسہال آرہے ہوں توان میں بھی فرق پڑجاتاہے۔ مزیدبرآں بدہضمی‘ سینے کی جلن‘ تیزابیت‘ معدے کے درد‘ بھوک نہ لگنے‘ پیچش‘ اسہال اور قولنج کے درد میں بھی کھجور فائدہ مند ہے۔

مضبوط ہڈیاں‘ درد میں آرام

کھجور میں پائے جانے والے غذائی اجزاء مثلاً کیلشیم، میگنیشیم اورآئرن ہڈیوں کا بھربھراپن اوران میں درد دور کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ پھل ہڈیوں کے امراض میں کام آتا اورانہیں طاقتور بناتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کھجوروں کے دیس کے باسیوں کی ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اوروہ جسمانی طور پر بھی طاقت ور ہوتے ہیں۔ اس میں موجود وٹامنز اورآئرن خون کے سرخ خلیوں میں اضافہ کرتے ہیں۔ کھجورکولیسٹرول کی مقدارکو بھی متوازن رکھتی ہے۔

وزن بڑھائیں

کھجور میں پائی جانے والی شکر، پروٹین اورمعدنیات کا امتزاج بچوں اور بڑوں کی کمزوری اورتھکاوٹ دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اگرچہ آج کل زیادہ بڑا مسئلہ وزن کی زیادتی ہے لیکن کچھ لوگوں کو یہ شکایت ہوتی ہے کہ ان کا وزن بڑھتا ہی نہیں۔ ایسے افراد اپنی غذا میں کھجور کو شامل رکھ کر اپنا وزن بڑھا سکتے ہیں۔

صحت مند دماغ

کھجورمیں وافرمقدار میں پایا جانے والا وٹامن بی 6 دماغی نظام کوفعال رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

احتیاطیں

٭ ذیابیطس کے وہ مریض جن کا شوگر لیول دوا اور ورزش سے قابو میں رہتا ہو‘ وہ دن میں دو سے تین کھجوریں کھاسکتے ہیں۔ البتہ جن کی شوگر کنٹرول میں نہ ہو وہ اپنے معالج کے مشورے کے بغیرکھجوریں مت کھائیں۔

٭ کھجورکھا کرپانی پینے سے گریز کریں ورنہ ہاضمہ بگڑ سکتا ہے۔

٭ زیادہ احتلام کی شکایت رکھنے والے افراد رات کو کھجور کھانے سے گریز کریں ورنہ اس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

dates, health benefits, bone strength, energy, constipation, strong teeth

Vinkmag ad

Read Previous

جگـر’ پرہیز سےٹرانسپلانٹ تک

Read Next

مرگی کا دورہ‘ کیا کریں ؟

Leave a Reply

Most Popular