بائی پاس سرجری کے بعد
کیا کریں‘ کیا نہ کریں
سرجری سے گزرنے والے مریض اگر درج ذیل ہدایات پرعمل کریں توان کی جلد بحالی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
فراغت کے بعد فالو اَپ
ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد جب آپ گھر جائیں تو اپنے معالج سے رابطے میں رہیں اوربتائے گئے وقت پرباقاعدگی سے فالو اَپ کرائیں تاکہ وہ آپ کی تازہ ترین حالت سے آگاہ رہیں۔ ان فالواَپس میں وہ آپ کی موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے دوا کی مقدار کم یا زیادہ کر سکتے ہیں۔ اس کےعلاوہ ادویات کا استعمال باقاعدگی سے کرتے رہیں۔
شوگراوربلڈپریشرپرکنٹرول
اگر آپ کو ذیابیطس کا مرض ہے توپھر آپ کو قدرے زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ اگرمریض اسے کنٹرول میں نہیں رکھتا توسرجری کے دوران اس کے جسم میں لگائے جانے والے گرافٹ بند ہونے کا اندیشہ رہتا ہے۔ اپنے بلڈ پریشر کوکنٹرول میں رکھیں اوراپنا وزن بڑھنے نہ دیں۔ اس کےعلاوہ سرجری کے بعد سگریٹ نوشی ہمیشہ کے لئے ترک کردیں۔
جسمانی سرگرمیاں‘ مگرتدریج سے
آپ اپنی ورزش کا آغاز چہل قدمی سے کریں اورآہستہ آہستہ جسمانی سرگرمیوں کوبڑھاتے جائیں۔ اگرآپ کا سانس پانچ منٹ چلنے کے بعد پھولے، سر چکرائے یا تھکاوٹ محسوس ہو تو تھوڑی دیربیٹھ کر دوبارہ چلنا شروع کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر کے مشورے سے سانس کی ورزشیں بھی کریں۔ ان سے مریض کی سانس کی نالی سے بلغم کا اخراج ہوتا ہے۔ آپریشن کے چھٹے یا ساتویں دن آپ سیڑھیاں چڑھ سکتے ہیں۔
وزن اٹھانے میں احتیاطیں
آپریشن کے دوران سینے کی ہڈی درمیان سے کاٹی جاتی ہے‘ اس لئے کوئی بھی وزنی چیز نہ اٹھائیں۔ مزید برآں ایسا کام نہ کریں جس سے آپ کے سینے پر دباؤپڑے۔ عام طور پر12ہفتوں کے بعد مریض کا زخم مندمل ہو جاتا ہے اورانہیں ہلکا وزن اٹھانے کی اجازت مل جاتی ہے ۔
صفائی کا اہتمام کریں
ہسپتا ل سے فارغ ہوکرگھر جانے کے بعدروزانہ نیم گرم پانی سے نہائیں تا کہ آپ کے سینے کا زخم صاف رہے اوراس میں پیپ وغیرہ نہ پیدا ہو۔اس کے علاوہ ایسے مریضوں سے دوررہیں جنہیں نزلہ زکام یا کوئی اورمتعدی بیماری ہو۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس آپریشن کے بعد مریض کی قوت مدافعت عام لوگوں کے مقابلے میں 30 فی صد کم ہو جاتی ہے۔اس سے وہ دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔اپنے جسم کی صفائی کے ساتھ ساتھ آپ جس ماحول میں رہتے ہیں ‘وہ بھی صاف ہونا ضروری ہے ۔
میڈیکیٹڈ جرابیں پہنیں
عام طورپر بائی پاس سرجری کے بعد مریض کو مخصوص قسم کی جرابیں استعمال کرنے کو کہا جاتا ہے ۔ ان کے پہننے سے ٹانگوں میں خون کی گردش معمول پررہتی ہے ۔آپ انہیں دن میں پہنیں اوررات کے وقت اتار دیں۔
سوتے میں کروٹیں بدلنا
آپریشن کے بعد مریض زخم کھلنے اوردرد کے خوف سے صرف سیدھاہی سوتا ہے جس میں اسے دقت ہوتی ہے۔ وہ ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد سوتے میں کروٹ بدل سکتا ہے‘ تاہم اسے چاہئے کہ اس سلسلے میں اپنے معالج سے مشورہ ضرور کر لے۔
Bypass surgery, after care, tips for patients, medicated socks, weight, hygiene, follow ups
