Vinkmag ad

ہیٹر سے متعلق ضروری احتیاطیں

ہیٹرسے متعلق ضروری احتیاطیں

 ہمارے ہاں گیس اورالیکٹرک ہیڑ کے علاوہ مٹی کے تیل ‘ لکڑی اورکوئلے کے چولہوں کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔ حرارت پہنچانے والے آلات سے فائدہ اٹھانا چاہئے مگران کے استعمال میں خصوصی احتیاط بھی ضروری ہے۔

گیس ہیٹر

 بیان کردہ احتیاطیں گیس ہیٹرکے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتی ہیں

٭گیس ہیٹرنصب کروانے کے لئے کسی پیشہ ورشخص کی خدمات لیں۔ غیرمحفوظ طریقے سے نصب کردہ گیس ہیٹر اکثرآگ پکڑلیتے ہیں یا ان کے باعث کمرے میں گیس پھیل جاتی ہے جوسانس کی تنگی کا باعث بنتی ہے۔

٭ہیٹروں کوموسم سرما کے آغازمیں چیک کریں۔ اگر مرمت درکارہو تو کروائیں۔

٭گیس ہیٹرسے پیلے رنگ کے شعلے نکلیں یا دھواں خارج ہوتواسے فوراًبند کردیں اوراس کی مرمت کروائیں۔

٭ہیٹرکا پائلٹ اچانک بجھ جاتا ہوتوبھی اس کی مرمت کروائیں۔

٭ہوا بند کمرے میں گیس ہیٹرہرگزنہ چلائیں۔ کوئی کھڑکی یا روشن دان کھلا رکھیں، خواہ باہرکتنی ہی ٹھنڈ کیوں نہ ہو۔

٭سونے سے قبل اسے بند کردیں۔ بعض اوقات گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث ہیٹربند ہوجاتا ہے۔ پھرجب سپلائی بحال ہوتی ہے توگیس کمرے میں پھیل جاتی ہے۔ ایسے میں کاربن مونوآکسائیڈ سوئے ہوئے افراد کے جسم میں سانس کے ذریعے داخل ہو کرجان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔

٭کمرے میں گیس ہیٹر لگا ہواورآپ کو تھکاوٹ‘ سانس کی تنگی‘ سر‘ سینے اورمعد ے میں درد ‘ بدحواسی‘ کمزوری اور قے جیسی علامات محسوس ہوں تواسے فوراً بند کردیں۔ کمرے کی کھڑکیاں‘ دروازے اورروشن دان کھول دیں اورخود کمرے سے باہرنکل جائیں۔

٭کمرے کو مناسب حد تک گرم رکھیں۔ اسے بہت زیادہ گرمانے سے آکسیجن کی کمی  ہوسکتی ہے۔

٭جلتے ہوئے گیس ہیٹرکے بہت زیادہ قریب نہ بیٹھیں۔

٭جلد آگ پکڑنے والی اورپھٹنے والی اشیاء کو ہیڑسے ہمیشہ دوررکھیں۔

٭گیس ہیٹرکے قریب یا اس کے اوپر پانی اس طرح رکھیں کہ پانی سے بخارات نکل کرہوا میں تحلیل ہوتے رہیں۔ اس سے کمرے میں نمی کا تناسب برقراررہتا ہے۔ دوسری صورت میں سانس کی بیماریاں ہوسکتی ہیں۔

٭ایسے مواد سے بنے ہوئے برتن ہیٹرپرمت رکھیں جو آگ پکڑسکتے ہوں۔ علاوہ ازیں ہیٹرکوکبھی فرنیچرپرمت رکھیں اورنہ ہی اس پر گیلے کپڑے ڈالیں۔

٭کچھ دنوں کے لئے گھر سے باہرجانا ہوتو گیس کی مین سپلائی لائن بند کرکے جائیں۔ اگرکسی وجہ سے ایسا کرنا بھول جائیں توگیس ہیٹر یا چولہا جلانے سے قبل تسلی کرلیں کہ کہیں سے گیس خارج تونہیں ہورہی۔

بجلی کا ہیٹر

٭تسلی کر لیں کہ اس کی تارکہیں سے ننگی یا کٹی ہوئی نہ ہو۔

٭ایسی چیزیں جو آگ پکڑسکتی ہیں‘ انہیں اس سے کم ازکم تین فٹ کی دوری پررکھیں۔ ہیٹر کی اپنی تارکو بھی اس کی گرمی سے بچائیں۔

٭ہیٹروں کے آگے حفاظتی جالی ضرورلگوائیں۔

٭جب ہیٹر آن ہو تو چھوٹے بچوں کو کمرے میں اکیلا نہ چھوڑیں۔

٭روایتی الیکٹرک ہیٹروں کے بجائے الیکٹرک فین ہیٹراستعمال کریں۔

کوئلے اورلکڑی کے چولہے

٭کوئلے یا لکڑی کھلی فضا میں جلائیں۔ جب کوئلہ سرخ ہوجائے اورلکڑی سے دھواں نکلنا بند ہو جائے‘ تب انہیں کمرے میں لائیں۔

٭کمرے کا دروازہ‘ کھڑکی یا روشن دان کھلا رکھیں۔

٭کمرے میں موجود لکڑی یا کوئلے کے چولہے میں آگ بھڑکانے والی کوئی اورچیز نہ ڈالیں۔ اس کے علاوہ کپڑے اورکمبل وغیرہ ان سے دوررکھیں۔

٭سونے سے قبل اس کوکمرے سے باہررکھ دیں۔

ہیٹراوردیگرآلات سردیوں میں آپ کو حرارت ضرور فراہم کرتے ہیں لیکن ان کے اندر بہت سے خطرات بھی پوشیدہ ہیں۔ اس لئے اپنی اور اپنے کنبے کی حفاظت کے لیے ان کے استعمال میں خصوصی احتیاط برتیں۔

precautionary measure for  heaters in winters, tips to ensure safety of heating equipments

Vinkmag ad

Read Previous

نوزائیدہ بچوں کی ناف کی دیکھ بھال کیسے کریں

Read Next

جگر کی پیوندکاری کے بعد حمل

Leave a Reply

Most Popular