جب بال بنیں وبال

    بال‘ اگر سر پر ہوںتو انسانوں کی خوبصورتی اور وجاہت کو چار چاند لگادیتے ہیں۔اگر وہ چہرے پر ہوں تو اکثر مردوں کو خوب سجتے ہیں لیکن وہ خواتین کے چہروں پر آنے لگیں تو ان کے لئے پریشانی ہی نہیں‘ بسا اوقات ڈراﺅنے خواب کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ ان سے نجات کے لئے وہ مختلف طریقے استعمال کرتی ہیں جن میں بعض اوقات غیرصحت مندانہ ٹوٹکے بھی شامل ہوتے ہیں۔ ایسی صورت میں بال تو ہٹ جاتے ہیں لیکن جلد کی رونق اور خوبصورتی ماند پڑجاتی ہے اور کبھی کبھی تو وہ زخمی بھی ہو جاتی ہے۔ مسئلے سے صحت مندانہ طور پر نجات حاصل کرنے کے لئے اسے اچھی طرح سمجھنا ضروری ہے۔

ہرسوٹیزم کیا ہے    
ہرسوٹیزم (Hirsutism) ایک ایسی حالت ہے کہ جس میںجسم کے ان حصّوں پر بال آجاتے ہیں جہاں قدرتی طور پر بہت کم بال ہوتے ہیںیا بالکل نہیں ہوتے۔خواتین میں چہرے،پیٹھ ، سینے اور کانوں وغیرہ پر بال اس کی مثالیں ہیں۔
غیر ضروری بالوں کو صاف کرنے کے لئے عام استعمال ہونے والے طریقوںمیں ویکسنگ، ہیئر ریموول کریمز، شیونگ ، پلکنگ اور تھریڈنگ وغیرہ شامل ہیں ۔یہ سب وہ طریقے ہیں جنہیں بار بار استعمال کیا جائے تو جلد کی نہ صرف رنگت متاثر ہوتی ہے بلکہ وہ ڈھیلی بھی ہو جاتی ہے ۔

وجوہات کیا ہیں
غیرضروری بالوں کی وجوہات میں خواتین کے ہارمونز کا غیر متوازن ہونا‘ان کے ایام میں بے قاعدگی اوربانچھ پن نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ سن یاس(menopause) کے مراحل سے گزرنے کے دوران یا اس کے بعد خواتین کے ہا ر مو نزمیں تبدیلیو ں سے بھی وہ اس حالت کا شکار ہوسکتی ہیں۔ اس کی کچھ اور وجوہات مندرجہ ذیل ہیں:
٭غذاﺅں میں ایسے کیمیکلز کا ایک خاص تناسب سے زیادہ استعمال جو اسے زیا دہ عر صے تک محفو ظ رکھتے ہیں۔ یہ کیمیکلز ہا ر مونز میں تبدیلیو ں کا باعث بنتے ہیں جن کے ضمنی اثر کے طور پر یہ مسئلہ بھی پیدا ہوجاتا ہے ۔
٭وزن کا زیادہ ہو نا۔
٭خاندان میں اس مسئلے کی موجودگی یعنی موروثی عامل ۔

مرض کا علاج
چہرے یا جسم کے دیگرحصوں پر غیر ضروری بالوں سے نجات کے لئے محفوظ اور دیر پا طریقہ ”لیزر ٹریٹمنٹ “ہے ۔ اس میں مخصوص لہروں کے ذریعے جلد کے اندر موجود بالوں کی جڑوں کو جلا دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے بال دوبارہ نہیں اگتے۔ یہی طریقہ علاج بعض اوقات نوزائیدہ بچے کے چہرے اور جسم پر پیدائشی نشانات کو ختم کرنے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ایسے بچوں کو تین سال کی عمر تک پہنچنے سے پہلے ٹریٹمنٹ کرانے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔
اکثرخواتین اس بات کی شکایت کرتی ہیں کہ ٹریٹمنٹ کے بعد ان کی جلد پر بال دوبارہ آجاتے ہیں ۔اس کا بڑا سبب ہارمونز میں تبدیلیوں کے باعث اس جگہ پر نئے بالوں کی جڑوں کا نکلنا ہے ۔ لیزر ٹریٹمنٹ ‘پہلے سے موجود بالوں کو جلا تو سکتا ہے مگر نئے آنے والے بالوں کو روک نہیں سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ اس ٹریٹمنٹ کو مستقل طور پر بالوں سے نجات کی بجائے لمبے عرصے کے لئے بالوں کے کم کرنے کے طور پر لیا جاتا ہے ۔اس بات کا انحصار کہ لیزر کے بعد بال کب آئیں گے‘ہارمونز میں تبدیلیوں پر ہوتا ہے۔اس کے علاوہ سٹیرائیڈز کریموں کا استعمال، ایام کی بندش اورمانع حمل ادویات کی بدولت نئے بال اپنی جڑوں سمیت جلدی اگ سکتے ہیں۔

لیزر کا طریقہ کار
لیزر کی مختلف اقسام ہیں۔ آپ کے چہرے کیلئے لیزر کا انتخاب آپ کی جلد کی قسم کے مطابق کیا جا تا ہے ۔
ہمارے بال تین مختلف مراحل میں اگتے ہیں۔ اس لئے جب لیزر کیا جاتا ہے تو کچھ بالوںکا علاج کر لیا جاتا ہے جبکہ باقی دو مراحل کے لئے مریض کو ایک ایک مہینے کے وقفے سے بلایا جاتا ہے۔ یوں مختلف مراحل میں جسم پر موجود70سے80فی صد بالوں کا علاج کیاجاتا ہے۔
لیزر سے بالوں کی جڑوں کو جب ختم کیا جاتا ہے تو معمولی سا درد ہوتاہے‘ تقریباًاتنا ہی جتنا عام بال نکالنے سے ہوتا ہے۔ ٹریٹمنٹ شروع کرنے سے پہلے جلد کو ٹھنڈا کر لیا جاتا ہے جس سے مریض کو اپنی جلد سن محسوس ہوتی ہے۔ بالوں کو ٹریٹ کرتے وقت درد کی شدت میں کمی لانے کے لئے علاج سے35یا 40منٹ پہلے سن کرنے والی مشین استعمال کی جاتی ہے ۔

بعد کی احتیاطیں
لیزر کے بعد مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر پر عمل ضروری ہے:
٭علاج کے تین دن بعدتک فیشل اوردیگرکیمیکلز استعمال نہ کریں۔ جب جلد نارمل حالت میں واپس آجائے تو آپ پہلے کی طرح ہر چیز استعمال کر سکتے ہیں۔
٭اس علاج کے بعد اور عام روٹین میں بھی یہی تجویز کیا جاتا ہے کہ گرمیوں اور سردیوں‘ دونوں موسموںمیں دھوپ میں جانے سے پہلے ”سن بلاک“ ضروراستعمال کریں۔ دھوپ میں جاتے وقت چہرے کو سکارف یا دوپٹے سے ڈھانپنا بھی مفید ہے۔

روک تھام کے طریقے
غیر ضروری بالوں اورہارمونز کی بے اعتدالیوں سے محفوظ رکھنے میں مندرجہ ذیل تدابیراہم کردار ادا کر سکتی ہیں:
٭ورزش با قا عدگی سے کریں۔
٭ ڈبوں میں محفوظ کی گئی خو راک ‘ سبزیوں اورپھلوں کی بجائے یہ چیزیں تازہ استعمال کریں۔
٭ ایسا گو شت استعمال نہ کریں جو زیا دہ عر صے تک محفو ظ رکھا گیا ہو۔
طبی سائنس میں ترقی کی بدولت غیر ضروری بالوں سے نجات کے لئے مختلف طریقے کامیابی سے استعمال ہورہے ہیں جن میں سے ایک ”لیزر ٹریٹمنٹ “بھی ہے۔اس کے باوجود پرہیز آج بھی علاج سے بہتر ہے۔اس لئے ایسا طرز زندگی اختیار کریں جو آپ کو صحت مند رکھ سکے ۔ اس سے آپ کے بیشتر مسائل خود ہی حل ہوجائیں گے۔

Vinkmag ad

Read Previous

تشنج ‘ ہلکا مت لیجئے

Read Next

مچھلی کے کباب

Most Popular