Vinkmag ad

گرمیوں کے لیے بہترین مشروبات

گرمیوں کے لیے بہترین مشروبات-شفانیوز

ساون کا موسم شروع ہو چکا ہے۔ اس میں گرمی کی شدت کے ساتھ ساتھ حبس میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس کے باعث جسم سے پانی کا بذریعہ پسینہ اخراج بڑھ جاتا ہے اور شدید پیاس لگتی ہے۔ اس کی شدت کو کم کرنے اور جسم میں نمکیات کی مقدار کو برقرار رکھنے کے لیے گھر میں صحت بخش مشروبات تیار کیے جا سکتے ہیں۔ گرمیوں کے لیے بہترین مشروبات اور ان کی تراکیب جانتے ہیں۔

گرمے کا جوس

گرمے میں پانی زیادہ اور کیلوریز کم ہوتی ہیں۔ ایک کپ کٹے ہوئے گرمے میں صرف 54 کیلوریز ہوتی ہیں۔ اسی لیے یہ وزن کم کرنے کے لیے بہترین آپشن ہے۔

اجزاء

گرما (چوکور ٹکڑوں میں کٹا ہوا)  2 کپ
پانی 1 کپ
دارچینی (پسی ہوئی)  1 چٹکی

ترکیب

تمام اجزاء کو اچھی طرح بلینڈ کرلیں اور ٹھنڈا پیئیں۔

کھٹی میٹھی لسی

لسی پاک و ہند کا مشہور اور مقبول مشروب ہے جس کے بہت سے فوائد ہیں۔ اس میں موجود صحت مند بیکٹیریا نظام انہضام کو ٹھیک کرتے ہیں۔ یہ اپھارے اور پیٹ کی سوزش کو بھی کم کرتے ہیں۔

دھنیے کا شربت

دھنیے کے بہت سے فوائد میں سے ایک اس کا پیشاب آور ہونا ہے۔ یہ جسم سے زائد پانی اور زہریلے مادے خارج کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ دھنیے کا یہ جوس رات کو روزانہ پیتے رہنے سے پیٹ کی چربی کافی حد تک کم ہو جاتی ہے۔

اجزاء

دھنیے کے پتے مٹھی بھر
کھیرے (چھیلے، کٹے ہوئے) 2 عدد
لیموں 1 عدد

ترکیب

ان تمام چیزوں کو اچھی طرح بلینڈ کریں۔ لیجیے مزیدار جوس تیار ہے۔

چکوترے کا رس

چکوترا جسے انگریزی میں گریپ فروٹ کہتے ہیں، وٹامن اے اور سی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس مزیدار پھل میں فائبر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو شکم سیری کا احساس پیدا کرتا ہے۔ صحت بخش غذا اور معتدل طرز زندگی کے ساتھ چکوترے کا رس استعمال کریں تو وزن کم ہو سکتا ہے۔ کولیسٹرول کم کرنے والی دوا کھانے والے مریض چکوترا استعمال کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔

اجزاء

چکوترا (درمیانہ) 1 عدد
مالٹا 1 عدد
پودینے کے پتے  مٹھی بھر

ترکیب

ان تمام چیزوں کو اچھی طرح بلینڈ کریں۔ لیجئے مزیدار جوس تیار ہے۔

تربوز کا شربت

تربوز میں 90 فی صد پانی ہوتا ہے جو جسم میں پانی کی کمی دور کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس میں امائنو ایسڈ اور وٹامن اے، بی اور سی کی موجودگی جسم کی سوزش کو بھی کم کرتی ہے۔ مزید برآں اس میں موجود فائبرز پیٹ بھرے رہنے کا احساس پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اجزاء

تربوز (چوکور ٹکڑوں میں کٹا ہوا) 1 کپ
لیموں 1 عدد
پودینے کی پتیاں مٹھی بھر

ترکیب

تمام اجزاء کو اچھی طرح بلینڈ کرلیں اور ٹھنڈا ٹھنڈا شربت پیئیں۔

تربوز کے بیج کا شربت

تربوز کے بیجوں کو نیچے بتائے گئے طریقے سے استعمال کریں تو پیٹ کے کیڑوں سے نجات مل سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ذہنی دباؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

اجزاء

تربوز کے بیج 30 عدد
پانی حسب ضرورت

ترکیب

ایک برتن میں پانی ڈال کر اس میں 30 بیج ڈالیں۔ پھر اسے چولہے پر رکھ کر 10منٹ تک ابالیں۔ اس کے بعد اسے ٹھنڈا کریں اور پانی کو چھان کر فریج میں رکھ دیں۔ ذائقہ پسند نہ آئے تو کسی جوس میں شامل کر کے پی لیں۔

سپُر جوس

یہ سپر جوس مختلف اجزاء سے بنتا ہے جن میں بند گوبھی، ادرک اور لیموں شامل ہیں۔ بند گوبھی وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ ادرک اور لیموں میٹابولزم کو تیز کرتے ہیں۔

اجزاء

بند گوبھی 1/2 کپ
گاجر 1 عدد
ادرک 1 انچ کا ٹکڑا
لیموں 1 عدد
کینو (آپشنل) 1 عدد

ترکیب

تمام اجزاء کو اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ مزیدار سپر جوس تیار ہے۔

تحریر: آمنہ عارف، ماہر غذائیات، لاہور

Vinkmag ad

Read Previous

غزہ کے میڈیکل سٹوڈنٹس کو پاکستان میں تعلیم کی پیشکش

Read Next

ورجینیٹی ٹیسٹ کرنے پرخاتون ڈاکٹر ملازمت سے برطرف

Leave a Reply

Most Popular