ماہرین کے مطابق خصیوں کے کینسر میں کیموتھیراپی کے بعد کچھ طویل مدتی اثرات بھی ظاہر ہو سکتے ہیں۔ تحقیق جرنل آف نیشنل کمپری ہینسو کینسر نیٹ ورک میں شائع ہوئی۔ اس میں علاج کے بعد صحت کے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق میں شمالی امریکہ کے آٹھ بڑے کینسر سنٹرز سے تقریباً 800 مریضوں کا ڈیٹا شامل کیا گیا۔ زیادہ تر مریضوں کا علاج سسپلاٹن پر مبنی کیموتھیراپی سے کیا گیا۔ علاج سے 95 فیصد مریض مکمل صحت یاب ہوگئے،تاہم طویل مدتی طبی اثرات بھی سامنے آئے۔
نتائج کے مطابق چار سائیکل EPx4 علاج لینے والوں میں گردوں کی خرابی زیادہ دیکھی گئی۔ ان میں سماعت متاثر ہونے اور اعصابی کمزوری کے مسائل بھی رپورٹ ہوئے۔ تحقیق کے دوران 41 فیصد مریضوں میں گردوں کی ہلکی یا درمیانی کمزوری پائی گئی۔
ماہرین کے مطابق گردوں کی کمزور کارکردگی ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کے خطرات بڑھا سکتی ہے۔ یہ عوامل مستقبل میں دل اور خون کی نالیوں کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔ اس لیے خصیوں کے کینسر سے صحت یاب افراد کے لیے طویل مدتی طبی نگرانی ضروری ہے۔