Vinkmag ad

اپنے جوڑ مضبوط بنائیں

٭جوڑوںکے درد کی ایک بڑی وجہ ہمارے اٹھنے اور بیٹھنے کے غلط انداز ہیں۔ اکثر گھریلوخواتین سارا دن نیچے بیٹھ کر کپڑے دھوتی، کھانا پکاتی اور صفائی کے کام کرتی ہیں جس کی وجہ سے ان میں جوڑوں کے مسائل زیادہ پائے جاتے ہیں ۔اسی لئے جدید کچن میں کھانا پکانے، واشنگ مشین میں کپڑے دھونے اورگھریلو صفائی کاکام کھڑے ہو کر کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔واش روم میں انڈین سیٹ پر بیٹھتے ہوئے سارا بوجھ جوڑوں پر پڑتا ہے لہٰذاان مسائل کے شکار لوگوں کے لئے انگلش کموڈ زیادہ بہتر ہے۔

٭ گردن، کولہوں ،گھٹنوں، کہنیوں، کندھوں اور کمر وغیرہ سمیت ہر جوڑکی ورزش ضروری ہے۔ اس سلسلے میں فزیو تھیراپسٹ کی مدد لی جا سکتی ہے اور انٹرنیٹ سے بھی اس کی ویڈیوز ڈائون لوڈ کی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ جوگنگ ایک مکمل ورز ش ہے جس میں اکثر جوڑوں کی ورزش ہوجاتی ہے۔
٭جوڑوں کے درد سے بچائو کے لئے اپنے معمول میں دودھ کا استعمال اور سورج کی روشنی کی شکل میں وٹامن ڈی سے استفادہ لازماً شامل رکھیں۔ روزانہ تقریباً آدھا گھنٹہ دھوپ میں اس طرح بیٹھیں کہ آپ کے ہاتھ، پائوں اور چہرہ کھلا رہے۔ اس کے لئے شیشے کے پیچھے نہ بیٹھیں، اس لئے کہ وہ بعض ایسی شعاعوں کو گزرنے نہیںدیتا جو وٹا من ڈی کو متحرک کرنے کے لئے ضروری ہوتی ہیں۔ خواتین میں ہڈیوں اور جوڑوں کے مسائل اس لئے بھی زیادہ ہیں کہ وہ مکمل طور پر بند رہتی ہیں۔ ان کے گھروں میں پردے لگے ہوتے ہیں اور باہر نکلتے ہوئے بھی وہ خود کو ڈھانپتی ہیں۔ اس طرح انہیں دھوپ کم لگتی ہے جس کی وجہ سے ان میں وٹا من ڈی کی کمی پائی جاتی ہے۔
٭ کیلشیم ہڈیوں کی اکائی ہے۔ اگرجسم میں اس کی کمی ہو گئی ہو توہڈیاں متاثر ہوں گی اور جوڑ چونکہ انہی سے بنے ہوتے ہیں لہٰذا وہ بھی متاثر ہوں گے۔ ہڈیاں کیلشیم کا سب سے بڑا ذخیرہ ہیں اور یہ ذخیرہ جوانی میں محفوظ کرنا چاہئے۔ اگر ایسا نہ کیا جائے تو ہڈیوں میں بھربھرا پن زیادہ ہو جاتاہے جس سے وہ جلدی ٹوٹ جاتی ہیں۔ عورتوں میں ہڈیوں کے مسائل زیادہ ہونے کا سبب یہ بھی ہے کہ وہ دودھ کم پیتی ہیں، وٹامن ڈی کم لیتی ہیں اور زیادہ بار حمل سے گزرتی ہیں۔ دوران حمل کیلشیم رحم مادر میں تشکیل پاتے بچے کی طرف چلاجاتا ہے جس کی کمی پوری نہیں ہو پاتی۔ اس لئے خواتین کو چاہئے کہ دودھ کو اپنی غذا میں لازماً شامل رکھیں۔
ڈاکٹر عالم زیب سواتی‘ اسسٹنٹ پروفیسر‘انچارج شعبہ امراض ہڈی و جوڑ،بی یونٹ ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد

Vinkmag ad

Read Previous

چینی طریقہ علاج ، تاریخی تناظر میں

Read Next

ذیابیطس کے مریض پاؤں کی دیکھ بھال کیسے کریں

Leave a Reply

Most Popular