آسٹریلیا میں سٹیج فور سکن کینسر میں مبتلا ایک شخص کا کینسر غیر متوقع طور پر مکمل ختم ہونے کا نایاب واقعہ سامنے آیا ہے۔
بی ایم جے کیس رپورٹس کے مطابق 60 سال سے زائد عمر کا یہ شخص میلانوما میں مبتلا تھا۔ کینسر جگر، ہڈیوں اور لمف نوڈز سمیت جسم کے مختلف حصوں تک پھیل چکا تھا۔
مریض کو کینسر کی ادویات دی گئیں، تاہم شدید مضر اثرات کے باعث تقریباً دو ماہ بعد علاج روکنا پڑا۔ علاج بند ہونے کے بعد سکن کینسر مزید بڑھ گیا۔
اسی دوران مریض کے دل کا والو تبدیل کیا گیا اور بائی پاس سرجری بھی کی گئی۔ سرجری کے بعد اسے انفیکشن ہوگیا، تاہم بعد کے سکینز میں حیران کن طور پر کینسر مکمل ختم ہوچکا تھا۔
اس کے بعد مریض نے کینسر کا مزید کوئی علاج نہیں کرایا۔ چھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بیماری دوبارہ سامنے نہیں آئی۔
محققین کے مطابق ابھی یہ معلوم نہیں کہ کینسر کیوں ختم ہوا۔ ممکن ہے کہ بڑی سرجری اور انفیکشن کے بعد مدافعتی نظام میں ہونے والی تبدیلی نے کوئی کردار ادا کیا ہو، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔