تمباکونوشی مضر صحت ہے اور مختلف طبی مسائل اور سنگین بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ دانتوں پر داغ، مسوڑھوں کی بیماری، دانت کے ضائع ہونے اور بعض صورتوں میں منہ کے سرطان کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ تمباکونوشی اور منہ کی صحت سے متعلق اہم سوالات کے جوابات جانتے ہیں۔
تمباکونوشی کرنے والوں کے دانتوں پر داغ کیوں ہوتے ہیں؟
یہ داغ تمباکو میں موجود دو کیمیائی مادوں نکوٹین اور ٹار(tar) کے باعث بنتے ہیں۔ یہ مادے بہت ہی کم عرصے میں دانتوں کو پیلا کرتے ہیں۔ بہت زیادہ تمباکونوشی کرنے والوں میں کچھ سالوں بعد دانتوں کے تقریباً بھورے ہونے کی شکایت بھی سامنے آتی ہے۔
تمباکونوشی مسوڑھوں اور دانتوں کو کیسے متاثر کرتی ہے؟
سگریٹ پینے والوں کے دانتوں پر جراثیم کی تہہ جمنے یعنی بیکٹیریل پلاک (bacterial plaque) کے امکانات سگریٹ نہ پینے والوں کی نسبت زیادہ ہوتے ہیں۔ یہی تہہ مسوڑھوں کی بیماری کا باعث بنتی ہے۔ مزید برآں تمباکونوشی خون میں آکسیجن کی سطح کو کم کرتی ہے جس کے باعث متاثرہ مسوڑھے صحت یاب نہیں ہو پاتے۔ مسوڑھوں کی بیماری بڑوں میں دانت ضائع ہونے کی سب سے عام وجہ ہے۔
تمباکونوشی اور سرطان کا آپس میں کیا تعلق ہے؟
لوگوں کی قابل ذکر تعداد آگاہ ہے کہ تمباکونوشی پھیپھڑوں اور گلے کے کینسر کا باعث بنتی ہے۔ تاہم بہت سے افراد نہیں جانتے کہ یہ منہ کے کینسر کی بھی بڑی وجہ ہے۔ ہر سال ہزاروں افراد تمباکونوشی کی وجہ سے ہونے والے منہ کے کینسر کے باعث وفات پا جاتے ہیں۔
کیا منہ کی صفائی کے لئے خاص پراڈکٹس ہیں جنہیں تمباکونوشی کرنے والے استعمال کر سکتے ہیں؟
ان فراد کے لئے خاص ٹوتھ پیسٹ ہوتے ہیں۔ بعض اوقات یہ عام ٹوتھ پیسٹ کے مقابلے میں نقصان دہ بھی ہوسکتے ہیں لہٰذا انہیں احتیاط سے استعمال کرنا چاہئے۔ امراض دندان کے ماہر(ڈینٹسٹ) مریضوں کو انہیں اور عام ٹوتھ پیسٹ کو باری باری استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ دانتوں کو سفید کرنے کے لئے بھی کئی ٹوتھ پیسٹ دستیاب ہیں۔ یہ دانتوں کے قدرتی رنگ کو تو تبدیل نہیں کرتے تاہم ان کی پیلاہٹ دور کرنے اور نتیجتاً ان کی ظاہری صورت بہتر کرنے میں مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔
ماؤتھ واش کتنے مفید ہیں؟
تمباکونوشی کرنے والے افراد میں منہ سے بدبو آنے کے امکانات نسبتاً زیادہ ہوتے ہیں۔ ایسے میں سانسوں کو تازگی فراہم کرنے والی مصنوعات مثلاً ماؤتھ واش اس مسئلے کو عارضی طور پر چھپانے میں مدد دے سکتی ہیں۔ تاہم یہ بدبو ختم نہیں کرتیں لہٰذا مسئلہ برقرار رہتا ہے۔
تمباکونوشی کرنے والوں کو سال میں کتنی مرتبہ ماہر امراض دندان کو دکھانا چاہئے؟
نارمل چیک اَپ اور پورے منہ کے معائنے کے لئے باقاعدگی سے ڈاکٹر کو دکھانا ضروری ہے۔ ایسا کرنے سے مسائل کی بروقت تشخیص بھی ہو جاتی ہے۔ عمومی طور پر سال میں کم از کم ایک مرتبہ اس کے پاس ضرور جائیں۔ البتہ اگر ضرورت محسوس ہو تو ایک سے زائد مرتبہ بھی جایا جاسکتا ہے۔
ڈینٹسٹ تمباکونوشی کرنے والوں کی کیسے مدد کرسکتے ہیں؟
وہ معمول کے چیک اَپ سے دانتوں، مسوڑھوں اور پورے منہ کی صحت کے مسائل کی تشخیص کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ گالوں، زبان اور گلے کے معائنے سے ان علامات کی بھی نشاندہی کرتے ہیں جن پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ وہ تمباکونوشی کی عادت ترک کرنے میں مدد دینے والے اداروں اور گروپس سے مریضوں کا رابطہ بھی کروا سکتے ہیں۔
کیا تمباکونوشی کرنے والوں کو کچھ اضافی علاج کی بھی ضرورت ہوتی ہے؟
ممکن ہے کہ ان افراد کو دانتوں کی صفائی کے ماہر(dental hygienist) سے رجوع کرنے کی تجویز دی جائے۔ یہ ماہرین دانتوں کی صفائی کرنے کے ساتھ ساتھ مریض کے منہ کی صفائی (oral hygiene) پر بھی نظر رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ مریضوں کو ہر تین یا چھ ماہ بعد چیک اَپ کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔